کوپا ڈیل رے کے مقابلے میں بارسا کےلئے لامین یمال نے گول کیا اور ۲؍گول کرنے میں مدد کی،ٹیم نے ایک کے مقابلے۵؍گول سے کامیابی حاصل کی۔
EPAPER
Updated: January 17, 2025, 1:41 PM IST | Agency | Barcelona
کوپا ڈیل رے کے مقابلے میں بارسا کےلئے لامین یمال نے گول کیا اور ۲؍گول کرنے میں مدد کی،ٹیم نے ایک کے مقابلے۵؍گول سے کامیابی حاصل کی۔
بارسلونا نے اپنے شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے کوپا ڈیل رے کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ نوجوان کھلاڑی لامین یمال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارسلونا کو بدھ کی دیر رات ریئل بیٹس پر ایک کے مقابلے ۵؍گول سے شاندار فتح دلانے میں اہم رول ادا کیا۔ بارسلونا نے اس ماہ اپنا شاندار فارم جاری رکھا ہے۔ ہسپانوی سپر کپ کے فائنل میں اپنے دیرینہ حریف ریئل میڈرڈ کے خلاف جیتنے کے بعد، ٹیم نے ریئل بیٹس کیخلاف بھی زبردست فتح کے ساتھ کوپا ڈیل رے کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ محفوظ کر لی۔نوجوان سنسنی لامین یمال نے ٹیم کی فتح میں ایک گول کیا اور ۲؍گول کرنے میں معاون رہے۔ بارسلونا نے لالیگا میںحریفوں کیخلاف زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اعتماد میں زبردست اضافہ کیا ہے جو ۲۰۲۴ء میں نظر نہیں آرہا تھا اور ٹیم خراب دور سے گزر رہی تھی۔
بارسلونا کے ہیڈ کوچ ہینسی فِلک نے ریئل بیٹس کے خلاف مقابلے میں اپنی لائن اپ میں کئی تبدیلیاں کیں، جس میں رابرٹ لیوانڈو وسکی، مارک کاساڈو اور الیخاندرو بالڈے جیسے اہم کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا تھا۔ تاہم ایک تبدیل شدہ ٹیم کے ساتھ بھی بارسلونا نے افتتاحی سیٹی سے ہی میچ پر اپنا کنٹرول قائم کر لیا۔ میزبانوں نے میچ کے صرف چوتھے منٹ بعد دانی اولمو کے اسسٹ سے گاوی کے ذریعے کئے گول سے برتری حاصل کر لی۔ بارسلونا نے پہلے ہاف میں مسلسل حملہ جاری رکھا۔ کھیل کے ۲۰؍ویں منٹ اولمو کا شاٹ پوسٹ سے لگ کر باہر چلا گیا۔
بارسا کےلئے دوسرا گول ۲۷؍ویں منٹ میں ہوا، جب جولس کونڈے نے یمال کے شاندار پاس پر قبضہ کیا اور اسے گول پوسٹ میں پہنچا کر ٹیم کی برتری کو د صفر کردیا۔وی اے آر کے ذریعے ۲؍ گول آف سائیڈ قرار دئیے جانے کے باوجود، بارسلونا نے میچ پر کنٹرول برقرار رکھا اور ان کا تیسرا گول ۵۸؍ویں منٹ میں آیا۔ یمال کی قیادت میں ایک تیز جوابی حملے نے رافینہا کو قریب سے گول کرنے کا موقع دیا اور اسکور تین صفرکر دیا۔ فارین ٹوریس نے اولمو کے ذریعے ملنے والے پاس پر ۶۷؍ ویں منٹ میں ٹیم کیلئے چوتھا گول کیا۔ایک گول سے آف سائڈ ہونے کے سبب گول سے محروم رہنے والے۱۷؍سالہ یمال نے میچ میں مسلسل شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا اور ۷۵؍ ویں منٹ میں ٹیم کاپانچواں گول کردیا۔حالانکہ اس گول کو بھی پہلے آف سائڈ قرار دے دیا گیا تھا لیکن فیصلے کو فوری طور پر وی اے آر نے پلٹ دیا۔بیٹس ۸۴؍ ویں منٹ میں ایک تسلی بخش گول کرنے میں کامیاب رہا۔ ٹیم کے برازیلین فارورڈ وٹور روک نے پنالٹی پر گول کرتے ہوئے شکست کے فرق کو کچھ کم کردیا۔
گاوی نے لامین یمال کومیسی کے بعد بہترین کھلاڑی قرار دیا
بارسلونا کے مڈ فیلڈر گاوی نے ریئل بیٹس کے خلاف ملنے والی فتح کے بعد ٹیم کے نوجوان کھلاڑی لامین یمال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لیونل میسی کے بعد وہ دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں۔ واضح رہے کہ ریئل بیٹس کے خلاف یمال نے ایک گول کیا، ۲؍مواقع فراہم کئے اور ایک گول آفس سائڈ ہونے کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔ میچ کے بعدرپورٹروں کے سوال پر کہ کیا یمال دنیا کے بہترین کھلاڑی ہیں ،گاوی نے جواب دیا’’جی ہاں، وہ ہیں۔ لیونل میسی کے بعد، وہ بہترین ہیں۔‘‘
بارسلونا کے کوچ ہینسی فِلک سے جب یمال کے تعلق سے سوال کیا اور پوچھا گیا کہ کیا وہ گاوی کے بیان سے متفق ہیں تو کوچ نے کہا کہ ’’جیسا کہ آپ جانتے ہیں، گاوی بہت جذباتی ہیں، لہٰذا میں بھی ہاں کہتا ہوں۔ اور آپ یمال کا کھیل دیکھ سکتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ بڑے میچوں میں آپ بڑی صلاحیت دیکھتے ہیں اور اس نے یہ بہت بار کر دکھایا ہے۔‘‘