ایل کلاسیکو مقابلے میں بارسا نے۲؍کے مقابلے ۵؍گول سے کامیابی حاصل کی۔آخری آدھے گھنٹے میں ۱۰؍کھلاڑیوں سے کھیلتے ہوئے فاتح ٹیم نے اپنا دبدبہ برقراررکھا۔
EPAPER
Updated: January 14, 2025, 1:15 PM IST | Agency | Riyadh
ایل کلاسیکو مقابلے میں بارسا نے۲؍کے مقابلے ۵؍گول سے کامیابی حاصل کی۔آخری آدھے گھنٹے میں ۱۰؍کھلاڑیوں سے کھیلتے ہوئے فاتح ٹیم نے اپنا دبدبہ برقراررکھا۔
بارسلونا نے اتوار کو دیر رات کھیلے گئے ہسپانوی سپر کپ کے فائنل میں دیرینہ حریف ریئل میڈرڈ کو ۲؍ کے مقابلے۵؍گول سے شکست دی اور کوچ ہینسی فلک کی تربیت میں پہلی ٹرافی جیت لی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اکتوبر میں ہسپانوی لیگ میں بارسلونا کے ہاتھوں ریئل میڈرڈ کو اپنے گھریلو میدان پر چار صفرسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ایل کلاسیکو کا یہ میچ بہت سنسنی خیز ہونے کی امید تھی لیکن بارسلونا نے اسے یک طرفہ کر دیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دنیا کے تیز ترین اور خطرناک کھلاڑی ریئل میڈرڈ کے کیلین ایمباپے نے ۵؍ویںمنٹ میں ہی گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ لیکن یہ سبقت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی کیونکہ بارسلونا کے نوجوان کھلاڑی لامین یمال نے ۲۲؍ویں منٹ میں گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔بارسلونا کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہی ہاف میں ریئل میڈرڈ کے خلاف ۴؍ گول کر دئیے۔یمال کے بعد رابرٹ لیوانڈووسکی نے ۳۶؍ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے بارسلونا کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد با۳۹؍ویں منٹ میں رافینہا نےہیڈر کے ذریعے اپنا پہلا اور ٹیم کا تیسرا گول کر دیا۔ایک گول پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں بالڈے نے کرتے ہوئے پہلے ہاف کا اختتام چار ایک پر کیا۔
دوسرے ہاف میں بھی بارسلونا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا اور رافینہا نے دوسرے ہاف کی شروعات میں ہی اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے بارسلونا کو پانچ ایک سے آگے کر دیا۔ ریئل میڈرڈ کیلئے ۶۰؍ویں منٹ میں روڈریگو نے فری کک پر شاندار گول کیا اور اسکور۵۔۲؍کر دیا۔بارسلونا کے گول کیپر کو ایمباپے کو غلط طریقے سے روکنے کی وجہ سے ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا اور کھیل کا تقریباً آدھا گھنٹہ بارسا کی ٹیم ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلی۔ایک کھلاڑی کی عدم موجود کا فائدہ بھی ریئل میڈرڈ اٹھانے میںناکام رہی اور بارسلونا ن ے سپر کپ خطاب ۲۔۵؍ سے اپنے نام کر لیا۔
لیوانڈووسکی بارسلونا کیلئے۲۷؍مقابلوں میں۲۶؍گول کئے ہیں جبکہ رافینہا نے ۱۹؍ اور یمال نے۸؍ بار گول کئے ہیں۔ گزشتہ سال کے آخر میں لگاتار ۲؍ گیم ہارنے کے بعد ۲۰۲۵ء میں بارسلونا کی یہ مسلسل تیسری جیت تھی جبکہ میڈرڈ کو مسلسل ۵؍ جیت کے بعد پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میچ کے بعد بارسلونافٹبال ٹیم کے کوچ ہینسی فلک نے ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ میرے خیال میں آج کا دن اچھا ہے کیونکہ ہم نے اس سیزن میں دوسری بار دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ریئل میڈرڈ کو شکست دی اور یہ ناقابل یقین ہے۔ ہم نے یہاں خطاب جیتا اور ہم واقعی خوش ہیں۔ آج کا دن اس ٹیم کو مثبت انداز میں دیکھنے کا ہے۔‘‘
وہیں ریئل میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے کہا کہ ’’ ہم نے خراب دفاع کیا اور اس کی وجہ سے ہمیں نقصان اٹھانا پڑا ۔ بارسلونا نے آسانی سے اپنے مقاصد حاصل کر لئے۔‘‘