سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو ایک صفر سےہرادیا۔ فائنل میں ریئل میڈرڈ سے ٹکر۔
EPAPER
Updated: April 04, 2025, 12:13 PM IST | Madrid
سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو ایک صفر سےہرادیا۔ فائنل میں ریئل میڈرڈ سے ٹکر۔
بارسلونا نے بدھ کی دیر رات کھیلے گئے مقابلے میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو ایک صفر سے شکست دے کر کوپا ڈیل رے کے فائنل میں رسائی حاصل کی، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف ریئل میڈرڈ سے ہوگا۔ میٹرو پولیٹانو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے کے بعد بارسلونا نے ۴۔ ۵؍کے مجموعی اسکور کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی۔ واضح رہے کہ پہلے مرحلے کا میچ ۴۔ ۴؍ کے اسکور سے برابر رہا تھا۔
پہلے مرحلے میں ۸؍ گول کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیران ٹوریس کے ۲۷؍ویں منٹ کے گول نے بارسلونا کو فیصلہ کن برتری دلا دی۔ لامین یمال کے ایک شاندار پاس پر ٹوریس نے باکس کے اندر سے شاندار شاٹ لے کر گیند کو گول کیپر جوان موسو کو چکمہ دیتے ہوئے گول پوسٹ میں بھیج دیا۔ ایٹلیٹیکو نے دوسرے ہاف میں برابری کے لئے سخت کوششیں کیں لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔ حالانکہ متبادل کھلاڑی الیگزینڈر سورلوتھ نے ایک آسان موقع گنوا دیا، جس سے بارسلونا نے اپنی برتری برقرار رکھی اور جیت حاصل کر لی۔
اس سے قبل منگل کو ریئل میڈرڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ریئل سوسیڈاد کے ساتھ ۴۔ ۴؍ سے ڈرا کھیل کر مجموعی طور پر ۴۔ ۵؍سے کامیابی حاصل کی۔ اب کوپا ڈیل رے فائنل میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں پہلی بار ’ایل کلاسیکو‘ کا مقابلہ ہوگا۔ رئیل میڈرڈ اور بارسلونا اب تک کوپا ڈیل رے کے فائنل میں ۱۸؍ بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں جن میں سے ریئل نے ۱۱؍بار کامیابی حاصل کی ہے۔ آخری بار ریئل میڈرڈ نے فائنل ۲۰۱۴ءمیں دو ایک سے جیتا تھا۔ حالانکہ بارسلونا نے اس سیزن میں ریئل میڈرڈ کے خلاف دونوں مقابلے جیتے ہیں ۔
اکتوبر میں لا لیگا میں چار صفرسے فتح اور جنوری میں ہسپانوی سپر کپ کے فائنل میں ۲۔ ۵؍ سے دھماکہ دار کامیابی۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں اس سیزن میں ۳؍ بڑے خطاب جیتنے کے لئے میدان میں ہیں۔ وہ چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں اور لا لیگا ٹائٹل کی دوڑ میں آمنے سامنے ہیں۔ اس وقت بارسلونا ۶۶؍ پوائنٹس کے ساتھ لا لیگا ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ ریئل میڈرڈ ۳؍پوائنٹس پیچھے ہے۔ ایٹلیٹیکو میڈرڈ تیسرے نمبر پر ہے اور ٹاپ ۲؍ ٹیموں سے ۶؍ پوائنٹ پیچھے ہے۔ چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں اگلے ہفتے لندن میں ریئل میڈرڈ کا مقابلہ آرسنل سے ہوگاجبکہ بارسلونا اپنے گھر پر بوروسیا ڈورٹمنڈ سے مقابلہ کرے گی۔ دونوں ٹیمیں کوپا ڈیل رے کےفائنل میں ۲۶؍اپریل کو لا کارٹوجا اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
لیورپول نے ایورٹن کو ہرایا
پریمیر لیگ میں لیور پول نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں لیور پول نے ایورٹن کو ایک صفرسے شکست دے دی۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی لیکن مکمل وقت سے قبل لیورپول کے ڈیوگو زوٹا نے ۵۷؍ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلادی جو آخر تک برقرار رہی۔ تمام تر کوشش کے باوجود ایورٹن ایک بھی گول نہ کر سکی۔ اس جیت کیساتھ لیور پول ۷۳؍ پوائنٹس کیساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے اور موجودہ لیگ میں ٹیم کی ۳۰؍میچوں میں یہ ۲۲؍ ویں جیت ہے جبکہ اسے ایک میچ میں شکست ہوئی ہے۔