• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنوبی افریقہ کو چمپئن ٹرافی سے قبل بڑا جھٹکا، اینرک نورتجے ٹیم سے باہر

Updated: January 17, 2025, 2:31 PM IST | Agency | Johnsburg

ٹیم کے تیز گیندباز پوری طرح فٹ نہیں ہیں،ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء کے بعد سے اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔

South African bowler Enrique Northje. Photo: INN
جنوبی افریقہ کے گیندباز اینرک نورتجے۔ تصویر: آئی این این

جنوبی افریقہ کو چمپئن ٹرافی سے قبل بڑا  جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے اسٹار  تیز گیندباز  اینرک نورٹجے کمر کی انجری کے باعث چمپئن ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔ نورٹجے نے گزشتہ سال جون میں ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد ایک بھی بین الاقوامی کرکٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔ اس کے باوجود انہیں اس ہفتے کے شروع میں چمپئن ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ 
 گزشتہ روز کئے گئے اسکین کے بعدیہ واضح ہوگیا ہےکہ وہ ۱۹؍فروری سے پاکستان میں شروع ہونے والی آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے لئے وقت پر فٹ نہیں ہو سکیں گے۔کرکٹ جنوبی افریقہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ `پریٹوریا کیپٹلز کے فاسٹ بولر اینریچ نورٹجے کمر کی انجری کے باعث بقیہ ایس اے ۔۲۰؍میچ اور آئی سی سی چمپئن ٹرافی ۲۰۲۵ءسے باہر ہو گئے ہیں۔ ۳۱؍سالہ نوجوان کا پیر کی سہ پہر کو اسکین ہوا جس سے ان کی چوٹ کی شدت کا پتہ چلا۔ انہیں صحت یاب ہونے میں کچھ اور وقت لگے گا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے، `ان کے ۵۰؍ اوور کے ٹورنامنٹ میں وقت پر فٹہونے کی امید نہیں ہے، جہاں جنوبی افریقہ ۲۱؍فروری کو  پاکستان میں افغانستان کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ ان کے متبادل کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے چھ ٹورنامنٹس میں یہ تیسرا موقع ہے جب نورٹجے انجری کی وجہ سے باہر ہوئے ہیں۔ وہ گزشتہ سال  ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے سب سے کامیاب گیندباز تھے۔
کیا جیرالڈ کوٹزی ان کی جگہ لیں گے؟
 جیرالڈ کوٹزی کو جنوبی افریقہ کے سکواڈ میں جگہ نہیں ملی تھی۔ اب خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کھلاڑی ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔  تیز گیندبازی کے علاوہ کوٹزی  اچھی بلے بازی بھی کرتے ہیں۔ تاہم جنوبی افریقہ کو اینرک نورٹجے کی کمی محسوس ہوگی۔وہ جنوبی افریقہ کے تیز ترین گیند باز ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں ۱۵۷؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندبازی کی تھی۔ اس کے علاوہ ان کی اوسط رفتار بھی ۱۴۵؍ کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہے۔
 اینرک نورٹجے نے  ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء کے بعد سے جنوبی افریقہ کے لئے ایک بھی میچ نہیں کھیلا ہے۔ وہ ایس اے۔۲۰؍لیگ کے موجودہ سیزن سے بھی باہر ہیں۔ نورٹجےکب فٹ ہوں گے اس بارے میں کوئی اپ ڈیٹ نہیں ہے۔ اس لئے ان کا آئی پی ایل میں کھیلنا بھی مشکوک ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK