• Mon, 18 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سچن تنڈولکرکے ریکارڈز توڑنا وراٹ کوہلی کیلئے کئی پہلوؤں سے مشکل

Updated: September 03, 2024, 12:21 PM IST | Agency | Hyderabad

بہت سے شائقین کا خیال ہےکہ کوہلی تنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دینگے لیکن اب ایسا ہوتا ہوا نظرنہیں آرہاہے،کوہلی نے ابھی تک ریڈ بال سے محض۱۱۳؍میچ کھیلے ہیں۔

2. Contractual players Sachin Tendulkar and Virat Kohli. Photo: INN
۲؍عہد ساز کھلاڑی سچن تنڈولکراور وراٹ کوہلی۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے سابق کپتان اور عظیم کرکٹر سچن تنڈولکر کا کرکٹ کریئر شاندار رہا ہے اورانہیں ’آئیکون ‘کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کی دنیا میں کئی ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں۔ کرکٹ ماہرین یا کھیل تجزیہ کاروں کا خیال تھا کہ یہ ریکارڈ کوئی نہیں توڑ سکتا لیکن یہ تمام ریکارڈ بنانے والے کرکٹر نے خود ایک موقع پر کہا تھا کہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما دو ایسے کھلاڑی ہیں جو ان کے ریکارڈز کو توڑ سکتے ہیں۔ کوہلی اور روہت پہلے ہی سچن کے کئی ریکارڈز توڑ چکے ہیں اور کچھ ریکارڈز کے قریب بھی ہیں تاہم بہت سے ریکارڈ ایسے ہیں جنہیں کوہلی اور روہت بھی نہیں توڑ سکتے۔ آخر سچن تنڈولکر کے وہ کون سے ریکارڈ ہیں جنہیں کوہلی توڑ نہیں سکتے؟
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن
  سچن تنڈولکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں ۱۵؍ ہزار ۹۲۱؍ رن بنائے ہیں جو کسی بھی بلے باز کے لیے سب سے زیادہ رن ہیں اور اس ریکارڈ کے قریب تک پہنچنے کیلئے وراٹ کوہلی کو ناقابل یقین کارکردگی کی ضرورت ہوگی اور یہ بھی شرط ہے کہ وقت اور حالات ان کا ساتھ دیں ۔ ابھی تک سچن کے اس بڑے ریکارڈ کے قریب ترین انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ ہیں جنہوں نے کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں ۱۲؍ ہزار ۳۷۷؍رن بنائے ہیں لیکن وہ اب بھی اس سے تقریباً ۳؍ہزار۵۴۴؍رن پیچھے ہیں اور اسے مکمل کرنے کیلئے انہیں کم از کم ۴۰؍ ٹیسٹ میچ کی ضرورت ہےجبکہ ہندوستان کی رن مشین وراٹ کوہلی کو اس ریکارڈ کے قریب پہنچنے کیلئے نہ صرف مزید کچھ سال کرکٹ کی دنیا میں رہنا ہوگا بلکہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ بھی کرنا ہوگا۔ کوہلی نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں اب تک صرف ۸۸۴۸؍ رن بنائے ہیں اور وہ اب ۳۵؍ سال کے ہوچکے ہیں۔ اگر ان کا جسم انھیں اجازت دیتا ہے اور وہ فٹ رہتے ہیں تو وہ تقریباً تین سال تک کرکٹ کھیل سکتے ہیں، لیکن ان برسوں میں ٹیسٹ میچ بہت کم ہیں۔ اس کے بعد بھی اگر وراٹ کو ٹیسٹ میں سچن کے رن کو پیچھے چھوڑنا ہے تو انہیں جادوئی مرحلے سے گزرنا پڑیگا۔ 
سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ
 سچن تنڈولکر نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں کل۶۶۴؍ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ جبکہ وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی سطح پر۵۳۳؍ میچ کھیلے ہیں جو سچن سے۱۳۳؍ میچ کم ہے۔ وراٹ کوہلی ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچوں سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں اور ایک سال میں زیادہ ون ڈے میچ اب ہوتے نہیں ہیں جس کی وجہ سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے کے سچن کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ یہ شاید ہی ممکن ہے کہ وہ اس ریکارڈ کو توڑنے میں کامیاب ہو پائیں۔ 
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ
 سچن دنیا کے واحد کرکٹر ہیں جنہوں نے۲۰۰؍ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اورسب سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔ وراٹ کوہلی نے ریڈ بال فارمیٹ میں ابھی تک صرف۱۱۳؍ میچ کھیلے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کو جولائی ۲۰۲۷ء تک زیادہ سے زیادہ۲۹؍ ٹیسٹ کھیلنے ہیں۔ اس لیے ۳۶؍ سالہ کوہلی کے سچن کے متعددریکارڈز کو پیچھے چھوڑنے کے امکانات کم ہیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK