• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اگر محمد سمیع دستیاب نہ ہوں تو مینک کو آسٹریلیا لے جائیں ‘‘

Updated: October 25, 2024, 12:47 PM IST | Sydney

کنگارو ٹیم کے سابق تیز گیندباز بریٹ لی نے ٹیم انڈیا کے گیندبازی اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی گیندباز میزبانوں کو پریشان کر سکتے ہیں۔

Mohammad Shami Photo: INN.
محمد سمیع۔ تصویر: آئی این این۔

آسٹریلیا کے خطرناک تیز گیندبازوں میں سے ایک بریٹ لی نے کہا ہے کہ اگر محمد سمیع سلیکشن کے لئے دستیاب نہیں ہیں تو مینک یادو کو آسٹریلیا کے دورے پر جانا چاہئے۔ بریٹ لی کو آسٹریلیا کی باؤنٹس لیتے ہوئی پچوں پر اس ہندوستانی تیز گیند باز سے بہت امیدیں ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان کی نظریں مسلسل تیسری بار ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے پر لگی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کی کوشش کرےگی۔ ٹیم انڈیا اگلے ماہ آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔ 
دریں اثنا تجربہ کار تیز گیند باز محمد سمیع کی فٹنس پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں آسٹریلیا کے سابق تیز گیندباز بریٹ لی نے `’فاکس کرکٹ‘ کو بتایا’’ `میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ بلے بازوں کو ۱۳۵؍سے ۱۴۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندوں کا سامنا کرنے میں کوئی دقت نہیں ہوتی لیکن جب آپ ۱۵۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں تو کوئی بھی اس کا سامنا نہیں کرنا چاہتا۔ ‘‘ انہوں نےمزید کہا’’ `مینک ایک مکمل گیندباز کی طرح لگتےہیں۔ اگر محمد سمیع فٹ نہیں ہیں تو انہیں کم از کم ٹیم میں جگہ ملنی چاہیے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ آسٹریلیا کی وکٹوں پر بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ ‘‘
محمد سمیع نے گزشتہ سال نومبر میں ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے اور بھلے ہی انہوں نےحال ہی میں نیٹ میں پوری قوت کے ساتھ گیند بازی کی ہے لیکن ہندوستانی کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے لئے مکمل تیاری اور فٹنس کے بغیر انہیں آسٹریلیا لے جانا نہیں چاہتے۔ بریٹ لی نے تسلیم کیا کہ ہندوستان کے پاس عالمی معیار کا بولنگ اٹیک ہے جو میزبان آسٹریلوی بلے بازی کو پریشان کر سکتا ہے۔ اس سابق تیز گیند باز نے کہا کہ آر `اشون ۶۰۰؍وکٹیں لینے کے قریب ہیں، وہ شانداراسپن بولنگ کرتے ہیں۔ وہ نئی گیند سے بھی گیند کر سکتے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگر ہندوستان کو وہاں جیتنا ہے تو محمد سمیع (بشرطیکہ وہ فٹ ہوں ) یقینی طور پر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ 
آسٹریلیا کے دورہ کیلئے ٹیم کااعلان جلد
دورۂ آسٹریلیا کے لئےہندوستانی ٹیم کا اعلان ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جا سکتا ہے۔ سلیکٹرز پونے ٹیسٹ کے بعد میٹنگ کر کے ٹیم کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان گھر پر ۳؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیل رہا ہے، لیکن سب کی نظریں بارڈر۔ گاو سکر ٹرافی پر ہیں، جو ۲۲؍نومبر سے پرتھ میں شروع ہو رہی ہے۔ اگرچہ ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لئے منتخب کی گئی ٹیم جیسی ہی رہنے کا امکان ہے، اجیت آگرکر کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی اسکواڈ میں ایک اضافی تیز گیندباز آل راؤنڈر کو شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 
ہاردک پانڈیا کمر کی شدید چوٹ میں مبتلا ہونے کے بعد ریڈ بال کرکٹ سے دور ہیں اور وہ فی الحال سفید گیند کی کرکٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ تاہم، وہ بڑودہ کے نیٹ میں سرخ گیند سے گیندبازی کرتے ہوئے نظر آئے۔ جس کے باعث ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی۔ ۲۰؍ سیریز میں ڈیبیو کرنے والے نتیش کمار ریڈی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ کے مضبوط دعویدار ہیں۔ سلیکٹرز ریڈی کی شمولیت کا فیصلہ پونے میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کے دوسرے میچ کے بعد ہونے والی میٹنگ میں کریں گے۔ 
ہندوستان نیٹ گیندبازوں کو بھی آسٹریلیا لے جائے گا۔ شاردول ٹھاکر، جنہوں نے آخری بار دسمبر میں جنوبی افریقہ میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور ۲۱۔ ۲۰۲۰ءآسٹریلیا کے دورے میں گابا میں ہندوستان کی تاریخی جیت کا حصہ تھے، ان کے پاس ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے ٹیم کے ساتھ سفر کرنے کا موقع ہے۔ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے ریڈی اور شاردل میں ٹکر ہوگی۔ واضح رہے کہ ریڈی آسٹریلیائی دورے کے لئے انڈیا ’اے‘ ٹیم کا بھی حصہ ہیں۔ ٹیم انڈیا کے ۱۰؍ نومبر کو آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہونے کا امکان ہے۔ اس بارکا آسٹریلیائی دورہ اس لئےخاص ہوگا کیونکہ ۱۹۹۲ءکے بعد پہلی بار دونوں ٹیموں کے درمیان ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جا رہی ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز ۲۲؍نومبر سے شروع ہوگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK