• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

برائن لارا نے سابق کرکٹر کارل ہوپر کو شاندار کھلاڑی قرار دیا

Updated: July 17, 2024, 11:19 AM IST | Bridgetown

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان لارا نے کہا کہ جو صلاحیت ہوپر کے پاس تھی اس کے قریب میں اور سچن تینڈولکر بھی نہیں تھے۔

Brian Lara (left) can be seen with Carl Hopper. Photo: INN.
برائن لارا(بائیں ) کو کارل ہوپر کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار بلے باز برائن لارا نے اپنے سابق ساتھی کرکٹ کھلاڑی کارل ہوپر کے بارے میں بڑا بیان دیا ہے۔ برائن لارا کا کہنا ہے کہ وہ اور نہ ہی ہندوستان کے عظیم بلے باز سچن تینڈولکر ہوپر کی صلاحیت کے قریب پہنچ سکے۔ واضح رہے کہ سچن اور لارا کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے بہترین بلے بازوں میں کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ یکروزہ اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ ماسٹر بلاسٹر سچن تینڈولکر کے پاس ہے جبکہ برائن لارا نے ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنایا ہے۔ ان کامیابیوں کے باوجود لارا کا خیال ہے کہ کارل ہوپر کا ٹیلنٹ ان دونوں سے بہتر ہے۔ سچن تینڈولکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں ۱۵؍ ہزار۹۲۱؍ رن بنائے ہیں جبکہ ون ڈے میں ان کے۱۸؍ہزار۴۲۶؍ رن ہیں۔ برائن لارا کی بات کریں تو انہوں نے ٹیسٹ میچ میں ۴۰۰؍رنوں کی انفرادی اننگز کھیلی ہے جو ایسا ریکارڈ ہے جسے آج تک کوئی بلے باز نہیں توڑ سکا۔ اس کے علاوہ انہوں نے فرسٹ کلاس میچ میں ۵۰۱؍ رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔  
لارا نے کارل ہوپر کی تعریف کی
برائن لارا نے اپنی نئی کتاب میں لکھا ہے ’’ہوپر ان بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں جنہیں میں نے کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں ان کی صلاحیتوں کے قریب بھی نہیں ہوں۔ اگر ہم ہوپر کے کرئیر کو بطور کپتان اور ایک کھلاڑی الگ الگ دیکھیں تو اس میں کافی تنوع ہے۔ بطور کپتان، ان کا اوسط ۵۰؍کے قریب تھا اور انہوں نے کپتانی کی ذمہ داری کا لطف اٹھایا۔ یہ افسوسناک ہے کہ صرف کپتان کے طور پر ہی وہ اپنی حقیقی صلاحیت کا مظاہرہ کر سکے۔ 
برائن لارا نے یہ بھی کہا کہ ویوین رچرڈس کو بھی کارل ہوپر سے خاص لگاؤ ​​تھا۔ انہوں نے کہا کہ رچرڈس چاہتے تھے کہ کھلاڑی بہتر کریں۔ رچرڈس کو بھی ہوپر کافی پسند تھے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ میں بھی ہوپر کو پسند کرتا تھا۔ 
برائن لارا نے حالیہ انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ انگلینڈ اور ہندوستان کے ۲؍ کھلاڑی ۴۰۰؍رنوں کی انفرادی اننگز کا ان کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ لارا نے کہا تھا کہ میرے دور میں کچھ کھلاڑی ایسے تھے جنہوں نے میرے ریکارڈ کو چیلنج کیا اور ۳۰۰؍رن بھی عبور کئے جن میں وریندر سہواگ، کرس گیل، انضمام الحق اور سنت جے سوریہ شامل تھے۔ یہ سب بہت جارح بلے باز تھے۔ آج آپ بہت سارے جارح کھلاڑی دیکھ سکتے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم میں جیک کراؤلی اور ہیری بروک، ہندوستانی ٹیم میں یشسوی جیسوال اور شبمن گل۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ بلے باز میرا ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK