• Thu, 13 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یکروزہ سیریز میں ہندوستانیوں کے ہاتھوں انگریزوں کا مکمل صفایا

Updated: February 13, 2025, 1:18 PM IST | Agency | Ahmedabad

ٹیم انڈیا نے تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ کو ۱۴۲؍رن سے شکست دے دی۔ سیریز پر ۰۔۳؍ سے قبضہ کرلیا۔ شبھمن گل نے احمد آبادمیں سنچری بنائی۔

Shubman Gill. Picture: INN
شبھمن گل۔ تصویر: آئی این این

 شبھمن گل (۱۱۲؍رن)  اور شریاس  ایّر(۷۸؍رن)کی شاندار اننگز کے بعد گیند بازوں کی تباہ کن کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کویہاں سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں انگلینڈ کو۱۴۲؍رن  سے شکست دے کر۱۹؍ فروری سے شروع ہونے والی چمپئن  ٹرافی کے لئے  اپنے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۳۵۶؍ رن  کا بڑا اسکور کھڑا کیا، جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم۳۴ء۲؍ اوور میں۲۱۴؍رن پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۳؍ میچوں کی سیریز۰۔۳؍ سے اپنے نام کر لی۔
  چمپئن  ٹرافی سے قبل اپنے آخری میچ میں وراٹ کوہلی (۵۲؍رن) نے اپنا فارم حاصل کر لیا، جس سے کوچ گوتم گمبھیر سمیت پورےہندوستانی  کیمپ میں اطمینان دیکھا گیا۔ کوہلی کو بدھ کو قسمت کا بھی سہارا ملا  اور وہ کئی مواقع پر آؤٹ ہونے سے بچ گئے، تاہم انہیں آخرکار عادل رشید (۶۴؍ رن کے عوض ۴؍ وکٹ) نے ایک بار پھر اپنا شکار بنایا۔ کپتان روہت شرما صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
  ادھر، شبھمن گل نے انگلینڈ کے بولنگ اٹیک کی دھجیاں بکھیر دیں۔ انہوں نے محض۹۵؍ گیندوں پر اپنے ون ڈے کریئر کی ۷؍ویں سنچری مکمل کی اور نریندر مودی اسٹیڈیم میں تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے۔ عادل کے ہاتھوں آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے اپنی شاندار اننگز میں۱۴؍ چوکے اور۳؍ چھکے لگائے۔ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد شریاس ایّر نے دوسرے کنارے پر ڈٹ کر گل کا بھرپور ساتھ دیا اور محض ۶۴؍ گیندوں پر۸؍ چوکے اور۲؍ چھکوں کی مدد سے  ۷۸؍رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ وہ بھی عادل کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ ہو گئے۔
کے ایل راہل (۴۰؍ رن ) نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بولرس کی خوب دھلائی کی، تاہم ان کی۲۹؍ گیندوں کی مختصر اننگز کا خاتمہ ثاقب محمود نے کیا۔ بعد میں رن اوسط بڑھانے کی کوشش میں ہندوستانی کھلاڑی ایک کے بعد ایک اپنے  وکٹ گنواتے رہے اور پوری اننگز۵۰؍ویں اوور کی آخری گیند پر سمٹ گئی۔   انگلینڈ کی طرف سے عادل سب سے کامیاب گیندبازرہے جبکہ مارک ووڈ نے ۲؍ ہندوستانی کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ 
 ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بین ڈکٹ (۳۴) اور فل سالٹ (۲۳) نے پہلے وکٹ کیلئے  تقریباً۱۰؍ رن فی اوور کی رفتار سے۶۰؍ رن جوڑ  دیئے، جس سے لگ رہا تھا کہ میچ دلچسپ ہوگا  تاہم، عرشدیپ سنگھ (۳۳؍رن دے کر۲؍ وکٹ) نے لگاتار ۲؍ اوورس میں دونوں اوپنرس کو پویلین بھیج کر انگلینڈ کو زوردار جھٹکا دیا۔ بعد میں، ٹام بینٹن (۳۸) اور جو روٹ (۲۲) نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، مگر ہرشیت رانا (۲ وکٹ)، اکشر پٹیل ۲( وکٹ)، ہاردک پانڈیا(۲؍ وکٹ) اور کلدیپ یادو(ایک وکٹ) کی عمدہ بولنگ  سے میچ جیت لیا۔ 

شبھمن گل کا احمد آباد میں کارنامہ 
شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری اور تیسرے ون ڈے میں سنچری بنا کر منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ گل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک ہی گراؤنڈ پر کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی بن گئے۔ اس فہرست میں اب تک کوئی ہندوستانی شامل نہیں ہے۔
 گل نے۳۱ء۲؍ اوور میں مارک ووڈ کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی اور یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے اسی سرزمین پر ایک ٹیسٹ سنچری، ایک ٹی ۲۰؍ سنچری اور اب ایک ون ڈے سنچری بنائی ہے۔ اس فہرست میں آئی پی ایل کی سنچریاں بھی شامل ہیں۔ یہ ایک زبردست اننگز ہے۔ شروع میں گیند سیمنگ اور سوئنگ ہوتی تھی۔ انہوں نے اپنا وقت لیا لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ اس مرحلے سے نمٹنے کیلئے بہترین حالت میں تھے اور ایک بار جب وہ اس سے گزر گئے تو انہوں  نے دکھایا کہ وہ اس میدان پر کیوں حکومت کرتے ہیں۔ ٹیم کے ساتھی اور شائقین ان کی۷؍ویں ون ڈے سنچری کا استقبال کرنے کیلئے کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے اپنا ہیلمٹ اتارا، اپنا بلہ اٹھایا ۔
 تینوں فارمیٹس میں ایک ہی مقام پر سنچریاں: فاف ڈو پلیسس : وانڈررس، جوہانسبرگ، ڈیوڈ وارنر: ایڈیلیڈ اوول،  بابر اعظم : نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ،کوئنٹن ڈی کاک : سپر اسپورٹ پارک، سینچورین، شبھمن گل : نریندر مودی اسٹیڈیم ،  احمد آباد۔
 گل کی اننگز کا خاتمہ اس وقت ہوا جب وہ ۳۴ء۳؍اوور میں عادل رشید کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ گل  نے اپنی اننگز کے دوران۱۰۲؍ گیندوں کا سامنا کیا اور۱۴؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۰۹؍ سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ پر۱۱۲؍ رن  بنائے۔ اپنی اننگز کے اختتام کے ساتھ ہی، گل ون ڈے کی پہلی۵۰؍ اننگز میں سب سے زیادہ رن (۲۵۸۷)  بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ اس معاملے میں انہوں نے ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK