Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

بمراہ کی صحتیابی میں زیادہ وقت لگے گا

Updated: March 08, 2025, 6:11 PM IST | New Delhi

روہت شرما کو نئی مشکل کا سامنا۔ ہندوستانی تیز گیند باز آئی پی ایل میں ۲؍ ہفتوں تک ٹورنامنٹ سے باہر رہیں گے

Jasprit Bumrah.Photo:PTI
جسپریت بمراہ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ہندوستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر جسپریت بمراہ جنوری۲۰۲۵ء میں آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گاوسکر ٹرافی کے دوران کمر کے نچلے حصے میں لگنے والی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ تازہ ترین خبر یہ ہے کہ انہیں اپنی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ اس کی وجہ سے وہ آئی پی ایل کے پہلے دو ہفتوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔ یہ خبر روہت شرما کیلئے  براہ راست پریشان کن ہو سکتی ہے۔ اگرچہ ممبئی انڈینس کی قیادت ہاردک پانڈیا کر رہے ہیں، پھر بھی روہت کا ٹیم پر اثر ہے۔ ایسے میں اہم فاسٹ بولر کی عدم موجودگی کا براہ راست اثر ٹیم کی کارکردگی پر پڑ سکتا ہے۔ ممبئی گزشتہ سیزن میں۱۰؍ویں نمبر پر رہا تھا۔ اگر اس بار بھی ان کے اہم گیند باز نہیں آئے تو مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔
بمراہ کو سڈنی میں ۵؍ویں ٹیسٹ میچ کے دوران کمر کے نچلے حصے میں چوٹ لگی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ ان کی کمر میں درد تھا۔ اس انجری کی وجہ سے انہیں پہلی اننگز میں۱۰؍ اوورس کروانے کے بعد باہر ہونا پڑا۔ وہ دوسری اننگز میں بولنگ نہیں کر سکے۔ اس کے نتیجے میں وہ انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز سے محروم ہو گئے اور آئی سی سی چمپئن  ٹرافی۲۰۲۵ء  سے باہر ہو گئے، جو کہ ہندوستانی ٹیم کیلئے  ایک بڑا دھچکا تھا۔
تازہ ترین اپ ڈیٹس بتاتے ہیں کہ بمراہ نے دوبارہ گیند بازی شروع کر دی ہے، لیکن وہ اب بھی پوری شدت سے گیند نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کیا تھا جس میں وہ نیٹ میں بولنگ کرتے ہوئے نظر آ رہے تھے  تاہم، رپورٹس بتاتی ہیں کہ ان کے میڈیکل اسکین صاف ہیں لیکن میڈیکل ٹیم اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ وہ مسابقتی کرکٹ کیلئے  کلیئر ہونے سے پہلے بغیر کسی تکلیف کے اپنی پوری صلاحیت کے مطابق بولنگ کر سکیں۔ بمراہ کو۲۰۲۲ء میں بھی کمر میں فریکچر ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ ایک سال کیلئے کھیل سے باہر تھے۔ یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ بمراہ ۲۲؍ مارچ سے شروع ہونے والے آئی پی ایل ۲۰۲۵ء سیزن کے پہلے دو ہفتوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔ یہی نہیں آئی پی ایل کے بعد انگلینڈ کا ایک اہم دورہ ہے جہاں ہندوستان کو۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK