• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بمراہ نے ۹۰۷؍ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے ایک نیا ہندوستانی ریکارڈ بنایا

Updated: January 02, 2025, 11:36 AM IST | Dubai

آل ٹائم ٹاپ ٹیسٹ گیندبازوں میں ۱۷؍ ویں پوزیشن پر، ٹیسٹ گیندبازوں کی درجہ بندی میں بمراہ پہلی پوزیشن پر برقرار، رویندرجڈیجہ آل راؤنڈروں میں سر فہرست۔

Jasprit Bumrah. Photo: INN.
جسپریت بمراہ۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے نئے سال کے آغاز پر گیند بازی درجہ بندی میں ۹۰۷؍ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے ایک نیا ہندوستانی ریکارڈ بنایا ہے۔ وہ آل ٹائم ٹاپ ٹیسٹ گیندبازوں کی فہرست میں ۱۷؍ویں نمبر پر ہیں جبکہ بین الاقوامی ٹیسٹ گیندبازوں کی فہرست میں سر فہرست ہیں۔ بمراہ کوباکسنگ ڈے ٹیسٹ میں ۶؍ وکٹیں حاصل کرنے کی وجہ سے گیند بازی درجہ بندی میں یہ کامیابی ملی ہے۔ بدھ کو جاری کردہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی درجہ بندی کے مطابق بمراہ نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے اسپن گیند باز روی چندرن اشون کی ۲۰۱۶ء میں سب سے زیادہ ۹۰۴؍ پوائنٹس کی درجہ بندی کو پیچھے چھوڑ کر یہ ریکارڈ بنایا ہے۔ بمراہ نے حال ہی میں اشون کے ریکارڈ کی برابری کی تھی اور آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک نیا ہندوستانی ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہے۔ بمراہ۹۰۷؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آل ٹائم فہرست میں انگلینڈ کے ڈیرک انڈر ووڈ کے ساتھ مشترکہ۱۷؍ویں نمبر پر ہیں۔ 
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ٹیسٹ میں بہترین گیندبازوں کی فہرست میں ۸۳۷؍ ریٹنگ پوائنٹس کے تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ آل راؤنڈروں کی فہرست میں ۲۸۳؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ آل راؤنڈروں میں رویندر جڈیجہ ۴۰۵؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔ ٹیسٹ گیند بازوں کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے مارکو جینسن نے پہلی بار۸۰۰؍ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان کے تیز گیند باز محمد عباس میچ میں ۷؍ وکٹیں لے کر رینکنگ میں دوبارہ۲۳؍ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ نسیم شاہ ۶؍درجے ترقی کے ساتھ ۳۳؍ ویں ، ڈین پیٹرسن ۸؍ درجے بہتری کے ساتھ۴۶؍ ویں، آسٹریلیا کے اسکاٹ بولینڈ ۷؍ درجے ترقی کے ساتھ۳۸؍ ویں اور زمبابوے کے برائن بینٹ۴۸؍ درجے ترقی کے ساتھ۹۴؍ ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیسٹ بلے بازی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ ۸۹۵؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسری اور یشسوی جیسوال چوتھی پوزیشن پر ہیں۔ انگلینڈ کے ہیری بروک دوسرےنمبر پر ہیں۔ پاکستان کے بلے باز سعود شکیل اپنے کریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ اسٹیو اسمتھ تین درجے ترقی کر کے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ایڈن مارکرم۸؍ درجے بہتری کے ساتھ۱۶؍ ویں جبکہ ہندوستان کے نتیش کمار ریڈی شاندار سنچری کے بعد۲۰؍ درجے کی چھلانگ لگا کر۵۳؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK