• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بمراہ نےعظیم کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا

Updated: December 07, 2024, 1:34 PM IST | Agency | Adelaide

ٹیم انڈیا کے تیز گیندباز بمراہ ایک کیلنڈر سال میں۵۰؍ یا اس سے زیادہ بین الاقوامی وکٹ لینے والے چوتھے ہندوستانی تیز گیند باز بن گئے ہیں۔

Jasprit Bumrah. Picture: INN
جسپریت بمراہ۔ تصویر: آئی این این

جسپریت بمراہ نے ہندوستانی کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کروا لیا۔ وہ ایک کیلنڈر سال میں۵۰؍ یا اس سے زیادہ بین الاقوامی وکٹ لینے والے چوتھے ہندوستانی تیز گیند باز بن گئے۔ انہوں نے جمعہ کو یہاں گلابی گیند کے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن عثمان خواجہ کو۱۳؍ رن پر آؤٹ کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔
 کپل دیو ایک کیلنڈر سال میں۵۰+ وکٹ لینے والے ہندوستانی تیز گیند بازوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جنہوں نے یہ کارنامہ دو مرتبہ حاصل کیا۔۱۹۷۹ء  میں۷۴؍ وکٹ اور۱۹۸۳ء میں۷۵؍وکٹ لئے تھے۔ ان کے بعد ظہیر خان کا نمبر آتا ہے جنہوں نے ۲۰۰۲ء میں ۵۱؍ وکٹ حاصل کئے اور بمراہ نے۲۰۲۴ء میں ۵۰؍وکٹ حاصل کئے۔ بمراہ کی کامیابی ایک اضافی امتیاز کے ساتھ آتی ہے کیونکہ ان کا  غیر معمولی اوسط ہے جوکہ ۱۵ء۱۴؍ ہے۔جو ان ۱۶؍ مثالوں میں بہترین ہے جہاں ہندوستانی گیند بازوں نے ایک کیلنڈر سال میں۵۰+ وکٹ حاصل کئے ہیں۔۳۰؍ سالہ گیند باز تمام فارمیٹس میں ہندوستان کے بولنگ اٹیک کا سنگ بنیاد رہا ہے،ا ن میں  تیز رفتاری، درستگی اور دباؤ میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت ہے۔ ان کے ناقابل یقین اعداد و شمار ۲۰۲۴ء میں عالمی سطح پر ہندوستان کے غلبہ میں ان کے اہم کردار کی نشاندہی کرتے ہیں۔ جیسا کہ بمراہ مسلسل ریکارڈ توڑ رہے ہیں اور تیز گیند بازوں کی اگلی نسل کو متاثر کررہے ہیں، اس کی شراکت عالمی معیار کے گیند بازوں کو تیار کرنے کی ہندوستان کی میراث کی تصدیق کرتی ہے۔

اسٹیڈیم میں ۲؍بار بتی گل ہوگئی 
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایڈیلیڈ گراؤنڈ میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ جاری ہے۔ میچ کے پہلے ہی دن سوشل میڈیا پر کرکٹ آسٹریلیا کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ جب ہندوستانی ٹیم بولنگ کر رہی تھی تو اسٹیڈیم کی روشنی دو بار گُل ہو گئی ۔ اس سے نہ صرف ہندوستانی کھلاڑی مایوس ہوئے بلکہ امپائرس بھی بے چین نظر آئے۔ ناقص انتظامات کے باعث میچ دو بار روکا گیا۔ پہلی بار یہ واقعہ۱۸؍ویں اوور میں پیش آیا۔ ہرشیت رانا بولنگ کر رہے تھے اور میک سوینی اسٹرائیک پر تھے۔ پھر فلڈ لائٹس چلی گئیں۔ میدان میں اندھیرا چھا گیا اور شائقین چیخنے لگے۔ کچھ دیر بعد روشنی واپس آگئی لیکن میچ اتنی دیر تک رک گیا۔ اس کے بعد ہرشیت نے دو گیندیں کیں۔ جیسے ہی وہ پانچویں گیند کرنے گئے تو لائٹ ایک بار پھر چلی گئی۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما اور رشبھ پنت ہنسنے لگے۔ تاہم ہرشیت رانا بہت ناراض ہو گئے۔ اس دوران مداحوں نے فون کی لائٹیں جلانا شروع کر دیں۔ لائٹس جلنے پر میچ دوبارہ شروع ہوا۔ اس دوران سوشل میڈیا پر کرکٹ آسٹریلیا کا خوب مذاق اڑایا گیا۔

ٹیم انڈیا ۱۸۰؍رن پر ڈھیر 
آسٹریلیائی گیند بازوں نے مشیل اسٹارک (۶؍ وکٹوں) کی قیادت میں ہندوستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعہ کو پہلی اننگز میں۱۸۰؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد ایک وکٹ پر۸۶؍ رن بنائے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر ناتھن میک سوینی (ناٹ آؤٹ ۳۸؍ رن ) اور مارنس لبوشین (  ناٹ آؤٹ ۲۰؍رن) کریز پر موجود تھے۔
 ہندوستان کے۱۸۰؍ رن کے جواب میں عثمان خواجہ اور ناتھن میک سوینی پر مشتمل آسٹریلیا کی اوپننگ جوڑی نے سست آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے۲۴؍ رن کا اضافہ کیا۔ جسپریت بمراہ نے عثمان خواجہ کو روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرواکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ عثمان خواجہ نے۳۵؍ گیندوں پر۱۳؍ رن بنائے۔ ہندوستان نے جمعہ کو۵؍ گیند بازوں کو میدان پر اتارا لیکن صرف بمراہ کو ہی کامیابی ملی۔ آج کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے۳۳؍ اوورس میں ایک وکٹ پر۸۶؍ رن بنا لئے ہیں۔جمعہ کو چائے کے وقفے کے بعدٹیم انڈیا کے ۸۲؍رن کے اسکور میں صرف ۵؍ رن کا اضافہ ہوا اور ٹیم انڈیانے کپتان روہت شرما (۳) کا وکٹ گنوا دیا۔ انہیں بولینڈ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ پیٹ کمنس نے رشبھ پنت (۲۱؍رن) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد نتیش کمار ریڈی اور آر اشون نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن مشیل  اسٹارک نے اشون (۲۲؍رن ) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK