• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بمراہ کو پرتھ ٹیسٹ کی کارکردگی کاصلہ ملا، نمبروَن گیند باز بنے

Updated: November 28, 2024, 11:29 AM IST | New Delhi

نوجوان اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال کو پرتھ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ۱۶۱؍رن کی یادگار اننگز کھیلنے کا انعام بھی ملا۔

Jasprit Bumrah. Photo: INN.
جسپریت بمراہ۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستانی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے اور پرتھ ٹیسٹ میچ میں کل ۸؍وکٹ لینے کے بعد وہ ایک بار پھر نمبر وَن ٹیسٹ بولر بن گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کے نوجوان اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال کو بھی پرتھ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ۱۶۱؍ رن کی یادگار اننگز کھیلنے کا انعام ملا ہے۔ جیسوال آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازوں کی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ یشسوی کو دو مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ اب صرف جو روٹ سے پیچھے ہیں۔ 
دوسری طرف وراٹ کوہلی نے پرتھ کی دوسری اننگز میں سنچری اسکور کی تھی اور اس کی وجہ سے انہیں رینکنگ میں بڑی برتری ملی ہے۔ وراٹ کوہلی ۹؍ درجے چھلانگ لگا کر۱۳؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ رینکنگ میں کے ایل راہل کو پرتھ ٹیسٹ میں ۵۰؍ بنانے کا فائدہ بھی ملا ہے۔ راہل۱۳؍ مقامات کی چھلانگ لگا کر ۴۹؍ ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں جبکہ رشبھ پنت چھٹے نمبر پر برقرار ہیں اور پہلا ٹیسٹ نہ کھیلنے والے شبھمن گل کو رینکنگ میں ایک مقام کا نقصان ہوا ہے۔ گل ۱۷؍ویں نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ وہیں کپتان روہت شرما بھی پہلا ٹیسٹ میچ نہ کھیل سکے، انہیں رینکنگ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ روہت ۲۶؍ ویں مقام پر برقرار ہیں۔ خیال رہے کہ روہت آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے وہاں پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔ وراٹ کوہلی نے پرتھ ٹیسٹ میں ناٹ آؤٹ ۱۰۰؍ رن بنائے تھے اس لئے انہیں درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے۔ 
بولرس کی ٹیسٹ رینکنگ کی بات کریں تو جسپریت بمراہ ایک بار پھر نمبر وَن ٹیسٹ بولر بن گئے ہیں۔ بمراہ نے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۵؍ اور دوسری اننگز میں ۳؍ وکٹ حاصل کئے جس کے لئے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی منتخب کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ تیسرے نمبر پر کھسک گئے ہیں۔ 
ہندوستانی گیند باز بمراہ پہلے تیسری پوزیشن پر تھے لیکن انہوں نے آسٹریلیا میں جاری بارڈر گاوسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ۸؍ وکٹ حاصل کئے، جس سے ان کی ریٹنگ۸۸۳؍ پوائنٹس ہوگئی۔ اب وہ دوسرے نمبر پر موجود کگیسو ربادا سے۱۱؍ ریٹنگ پوائنٹس آگے ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں ۵؍ وکٹ لینے والے جوش ہیزل ووڈ ایک درجہ تنزلی سے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پرتھ ٹیسٹ نہ کھیلنے کے باوجود روی چندرن اشون ایک مقام اوپر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنس میچ میں صرف ۳؍ وکٹ لینے کے بعد ٹاپ ۵؍ سے باہر ہو گئے ہیں۔ آف اسپنر ناتھن لاین بھی ایک مقام گر کر ۸؍ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ۶؍دسمبر سے شروع ہوگا جوکہ ڈے نائٹ ٹیسٹ ہوگا۔ 
ہندوستان کے آر اشون کو درجہ بندی میں ایک مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں، حالانکہ آراشون پرتھ ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے۔ رویندر جڈیجا ایک مقام نیچے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پرتھ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر ۵؍ وکٹ لینے والے محمد سراج کو بھی رینکنگ میں ۳؍ مقام کا فائدہ ہوا ہے اور وہ ۲۵؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ محمد سراج نے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۲؍ وکٹ اور دوسری اننگز میں ۳؍وکٹ لئے تھے۔ بمراہ اور سراج کی خطرناک گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا کو پرتھ ٹیسٹ میں شکست ہوئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK