تیز گیندباز بمراہ نے انگلینڈ کے جو روٹ، ہیری بروک اور سری لنکا کے کامنڈو مینڈس کو پیچھے کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔
EPAPER
Updated: January 28, 2025, 1:35 PM IST | Agency | Dubai
تیز گیندباز بمراہ نے انگلینڈ کے جو روٹ، ہیری بروک اور سری لنکا کے کامنڈو مینڈس کو پیچھے کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔
ہندوستانی مرد ٹیم کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور خواتین ٹیم کی سلامی بلے بازاسمرتی مندھانا کو ۲۰۲۴ء میں شاندار کارکردگی کے لیے `سال کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پیر کو جاری کردہ سال کے بہترین کرکٹر کی فہرست میں ہندوستانی مرد ٹیم کے تیزگیندباز بمراہ کو ٹیسٹ میچ کرکٹر آف دی ایئر اور اسمرتی مندھانا کو ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔بمراہ۲۰۱۸ء کے بعد یہ ایوارڈ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کرکٹر ہیں۔ ۲۰۱۸ء میں وراٹ کوہلی کو سال کا بہترین ٹیسٹ کرکٹر منتخب کیا گیاتھا۔ بمراہ نے انگلینڈ کے جو روٹ، ہیری بروک اور سری لنکا کے کامنڈو مینڈس کو پیچھے کرتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔
بمراہ نے۲۰۲۴ءمیں۱۳؍ ٹیسٹ میچوں میں ۱۴ء۹۲؍ کے اوسط سے۷۱؍ وکٹ حاصل کئے۔ بارڈر-گاوسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹ لینے پر انہیں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ جو روٹ نے۲۰۲۴ء میں۱۷؍ ٹیسٹ میں۱۵۵۶؍ اور ہیری بروک نے ۱۲؍ ٹیسٹ میں۱۱۰۰؍ رن بنائے۔ سری لنکا کے کھلاڑی کامندو مینڈس نے ۹؍ ٹیسٹ میچوں میں ۱۰۴۹؍ رن بنائے۔
بائیں ہاتھ کی سلامی بلے بازاسمرتی مندھانا نے۲۰۲۴ء میں ایک روزہ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جس نے کئی سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو بڑی جیت میں مدد دینے اور مشکل سیریز میں بہت سے رن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مندھانا نے اپنے کریئر میں چوتھی بار آئی سی سی ایوارڈ جیتا ہے۔ اس سے قبل انہیں ۲۰۱۸ء اور۲۰۲۱ء میں ویمنز کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا، جب کہ۲۰۱۸ء میں ہی انہیں ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا۔
مندھانا نے جون میں جنوبی افریقہ کے خلاف مسلسل دو سنچریاں بنا کر سیریز میں۰۔۳؍ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اکتوبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ میں شاندار سنچری اسکور کی۔ مندھانا نے دسمبر میں پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف چیلنجنگ سنچری بنائی اور آسٹریلیا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق مندھانا اس سال خواتین کی ون ڈے فہرست میں بین الاقوامی میچوں کی۱۳؍ اننگز میں۷۴۷؍ رن بنا کر سرفہرست ہیں۔ لورا وولوارڈ۶۹۷؍ رن کے ساتھ دوسرے، ٹیمی بیومونٹ۵۵۴؍رن کے ساتھ تیسرے اور ہیلی میتھیوز۴۶۹؍ رن کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہیں۔ مندھانا کا اس سال ۵۷ء۸۶؍ کا اوسط رہا اور انہوں نے ۹۵ء۱۵؍ کی شاندار اسٹرائیک ریٹ سے ۷۴۷؍ رن بنائے۔ انہوں نے اس سال ۴؍ ون ڈے سنچریاں بھی اسکور کیں جو خواتین کی کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سال انہوں نے۹۵؍ چوکے اور۶؍ چھکے لگائے۔وہ اس سال اچھے فارم میں تھیں۔
مینڈس کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ۲۰۲۴ء سے نوازا گیا
آئی سی سی نے مینز ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر اور اسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر ۲۰۲۴ء کا اعلان کیا۔ سری لنکا کے اسٹار بلے باز کامنڈو مینڈس کو پورے کیلنڈر سال میں بلے کے ساتھ غیر معمولی کارکردگی کے لیے ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ۲۰۲۴ءسے نوازا گیا ہے۔ آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کیلئے پاکستانی اوپنر صائم ایوب، انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس اٹکنسن، سری لنکا کے مینڈس اور ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف نامزد ہوئے تھے۔ آئی سی سی کے مطابق مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر سری لنکا کے کامنڈو مینڈس قرار پائے۔ سری لنکا ئی کھلاڑی مینڈس نے ۲۰۲۴ء میں تمام فارمیٹ میں مجموعی طور پر۳۲؍ میچوں میں۱۴۵۱؍ رن اسکور کئے ہیں۔۲۶؍ سالہ کامندو مینڈس نے۲۰۲۴ء میں صرف۹؍ ٹیسٹ میچوں میں۵؍ سنچریوں کی بدولت۱۰۴۹؍رن بنائے تھے۔ان کا بہترین اسکور۱۸۲؍ رن ناٹ آؤٹ رہا تھا۔