میزبان ٹیم نے بغیر نقصان کے ۴۲؍رن بنالئے ہیں اور اسے فتح کیلئے ۴۷۱؍رن کی ضرورت ہے۔ میچ ختم ہونے میں ابھی ۲؍ دن باقی ہیں ۔گل نے ۱۱۰؍ اور پجارا نے ۱۰۲؍رن بنائے
EPAPER
Updated: December 17, 2022, 2:35 PM IST | chattogram
میزبان ٹیم نے بغیر نقصان کے ۴۲؍رن بنالئے ہیں اور اسے فتح کیلئے ۴۷۱؍رن کی ضرورت ہے۔ میچ ختم ہونے میں ابھی ۲؍ دن باقی ہیں ۔گل نے ۱۱۰؍ اور پجارا نے ۱۰۲؍رن بنائے
گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کو صرف۱۵۰؍ رن پر سمیٹنے کے بعد ہندوستان نے پہلی اننگز کے تیسرے دن جمعہ کو دوسری اننگز میں ۲؍ وکٹ پر ۲۵۸؍ رن بنا کر میزبان ٹیم کومیچ جیتنے کیلئے۵۱۳؍ رن کا ہدف دیا۔بنگلہ دیش کی ٹیم نے میچ کے تیسرے دن بلے بازی کرتے ہوئے بغیر نقصان کے ۴۲؍رن بنالئے تھے۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک نجم الحسن شانتو ۲۵؍رن اور ذاکر حسن ۱۷؍ رن بناکر کریز پر موجود تھے ۔ بنگلہ دیش کو جیت کیلئے ۴۷۱؍رن درکار ہیں اور ابھی سیریز کا پہلی ٹیسٹ ختم ہونے کیلئے ۲؍ دن باقی ہیں۔
ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز میں۴۰۴؍ رن بنائے تھے۔ اس تناظر میں اسے میزبان ٹیم کے خلاف۲۵۴؍ رن کی برتری حاصل تھی۔ دوسری اننگز میں۲۵۸؍ رن سمیت ہندوستان کو مجموعی طور پر۵۱۲؍ رن کی برتری حاصل ہے۔جمعہ کے کھیل کی خاص بات پنجاب کے نوجوان بلے باز شبھمن گل کی پہلی ٹیسٹ سنچری تھی جنہوں نے اپنے فطری کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۱۰؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۱۵۲؍ گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ دوسرے کنارے پر ٹیسٹ کرکٹ کے تجربہ کار چتیشور پجارا (ناٹ آؤٹ ۱۰۲؍رن) نے اپنے کھیلنے کے انداز کے برعکس رفتار سے کھیلتے ہوئے اپنی۱۹؍ویں ٹیسٹ سنچری بنائی۔ ان کی سنچری ۱۴۴۲؍ دنوں کے طویل انتظار کے بعد آئی۔ پجارا پہلی اننگز میں سنچری بنانے سے محروم رہے اور انہوں نے ۹۰؍رن بنائے تھے۔ اپنی سنچری اننگز میں انہوں نے۱۳؍ بار گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچادیا۔پجاراکی سنچری کے بعد ہندوستانی کپتان کے ایل راہل نے اننگز ڈکلیئر کی اور بنگلہ دیش کو جیت کیلئے ۵۱۳؍رن کا ہدف دے کر پہلی اننگز کی برتری میں اضافہ کر کے میچ کو دلچسپ بنادیا۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے ۸؍ وکٹوں پر۱۳۳؍ رن سے آگے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں مزید۱۷؍ رن جوڑے۔ کانپور کے کلدیپ یادو نے عبادت حسین کو آؤٹ کرکے اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔
۴؍سال کے بعد پجارا کی سنچری
ہندوستان کے ٹیسٹ بلے باز چتیشور پجارا کا تقریباً ۴؍ سال کا انتظار ختم ہوگیا۔ پجارا نے چٹوگرام میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے دن اپنی۱۹؍ویں ٹیسٹ سنچری بنائی۔ پجارا جنوری۲۰۱۹ء میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ کے بعد سنچری سے دور تھے۔ پجارا کے آخری۳؍برس بغیر سنچری کے گزرے کیونکہ ان کے فارم میں اتار چڑھاؤ آ رہا تھا۔ پجارا نے۲۹؍ ٹیسٹ،۵۲؍ اننگز اور۴۷؍ ماہ کے بعد سنچری بنائی ہے۔چتیشور پجارا چٹوگرام ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں۹۰؍ رن بنانے کے بعد خشک سالی کو توڑنے کے قریب پہنچ گئے تاہم انہیں بائیں ہاتھ کے اسپنر تیج الاسلام نے آؤٹ کیا۔
کلدیپ یادو نے کمبلے کا ۱۸؍برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا
ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادو نے بنگلہ دیش کے خلاف ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار گیندبازی کرکے تاریخ رقم کردی۔ بائیں ہاتھ کے کلائی کے اسپنرکلدیپ نے بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں۵/۴۰؍لئے۔ یہ بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستانی اسپنر کی طرف سے کلدیپ کی بہترین ٹیسٹ اننگزتھی۔ بنگلہ دیش کے خلاف کلدیپ کے کریئر کے بہترین اسپیل کے ساتھ ہی سابق ہندوستانی اسپنر انل کمبلے کا بڑا ریکارڈ بھی۱۸؍سال بعد ٹوٹ گیا۔ درحقیقت، کلدیپ نے روی چندرن اشون اور انل کمبلے کو پیچھے چھوڑ کر بنگلہ دیش میں ہندوستانی اسپنر کے بہترین اعداد و شمار درج کروائے ہیں۔ کمبلے کے بنگلہ دیش میں ۴/۵۵؍ کے بہترین اعداد و شمار ۲۰۰۴ء میں اس گراؤنڈ پر آئے تھے۔