• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چمپئن لیگ:رابرٹ لیوانڈوسکی کی ہیٹ ٹرک، بارسلونانے وکٹوریہ کو ہرادیا

Updated: September 09, 2022, 1:19 PM IST | Agency | Mumbai

بارسلونا نے رابرٹ لیوانڈوسکی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت چمپئن لیگ کے سیزن کی شاندار شروعات کی۔گروپ’سی‘ کے پہلے میچ میں بارسلونا نے چیک جمہوریہ کے کلب وکٹوریہ پلین کو ایک کے مقابلے ۵؍ گول سے شکست دی۔

Robert Lewandowski .Picture:INN
بارسلونا کے کھلاڑی رابرٹ لیوانڈوسکی ۔ تصویر:آئی این این

بارسلونا نے رابرٹ لیوانڈوسکی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت چمپئن لیگ کے سیزن کی شاندار شروعات کی۔گروپ’سی‘ کے پہلے میچ میں بارسلونا نے چیک جمہوریہ کے کلب وکٹوریہ پلین کو ایک کے مقابلے ۵؍ گول سے شکست دی۔اس میچ کے ہیرو رابرٹ لیوانڈوسکی رہے جنہوںنے بارسلو نا کےلئے ۳؍گول کرتے ہوئے ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ کھیل کے ۱۳؍ویں منٹ میں بارسلونا کیلئے کیسی نے گول کرتے ہوئے ٹیم کا کھاتہ کھولا۔ اس کے بعد ۳۴؍ویں منٹ میں لیوانڈوسکی نے گول کرتے ہوئے ٹیم کی برتری کو ڈبل کر  دیا۔ پہلے ہاف کے ۴۴؍ویں منٹ میں وکٹوریہ کیلئے سکورا نے گول کیا اور اسکور ایک۔۲؍ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ میںبرقرار رکھنے کی کوشش کی۔حالانکہ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں لیوانڈوسکی نے ایک بار پھر گول کرتے ہوئے بارسلونا کی برتری کو ایک ۔۳؍کردیا ۔
 دوسرے ہاف میں بھی لیوانڈوسکی کا جادو برقرار رہا اور انہوںنے کھیل کے ۶۷؍ویں منٹ  میںگول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کو ایک۔۴؍سے آگے کر دیا۔ ۴؍ گول کھانے کے بعد وکٹوریہ پلین کے کھلاڑیوں نے ایک طرح سے شکست تسلیم کر لی اور اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فارین ٹوریس نے ۷۱؍ ویں منٹ میں گول کردیا اور ٹیم کو ایک۔۵؍سے آگے کردیا۔یہ اسکور آخر تک برقرار رہا۔ واضح رہے کہ رابرٹ لیوانڈوسکی اسی سیزن میں بائرن میونخ سے بارسلونا میں شامل ہوئے ہیں اور آتے ہی انہوں نے ٹیم میں اپنی افادیت کو ثابت کردیا ہے۔بارسا کےلئے گزشتہ۵؍ مقابلوں میں لیوانڈوسکی ۸؍گول کر چکے ہیں۔ وکٹوریہ کے خلاف ۳؍گول کرنے کے ساتھ ہی رابرٹ لیوانڈوسکی چمپئن لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔وہ اب تک ۸۹؍ گول کرچکے ہیں جبکہ کرسٹیانو رونالڈو۱۴۱؍ گول کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں اور لیونل میسی ۱۲۵؍ گول کیساتھ چمپئن لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر قابـض ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK