• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی شیروں اور پاکستانی شاہینوں کے مابین زبردست مقابلہ متوقع

Updated: February 23, 2025, 11:53 AM IST | Dubai

چمپئن ٹرافی میں آج ہندوستان اور پاکستان کے درمیان روایتی حریفائی۔ کوہلی، شرما سےبہتر کھیل کی توقع، پاکستان بھی میچ میں فتح کے عزم کے ساتھ کھیلے گا۔

Team India stars Rohit Sharma, Shubman Gill and Virat Kohli. Photo: PTI.
ٹیم انڈیا کے اسٹارروہت شرما، شبھمن گل اور وراٹ کوہلی۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

کپتان روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم اتوارکو آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے ہائی وولٹیج گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی تو اس کا ارادہ اپنی پچھلی شکست کا حساب بیباق کرنے اور سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرنے کا ہوگا۔ 
بنگلہ دیش کے خلاف فتح کے بعد ہندوستانی ٹیم میں جوش و خروش میں ہے جب کہ پاکستان کو اپنے ابتدائی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اتوار کا میچ پاکستان کیلئے کرو یا مرو کی صورتحال کا ہو گا کیونکہ اگر وہ ہندوستان سے ہار جاتا ہے تو اس کیلئے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنا بہت مشکل ہو جائے گا۔ ہندوستان کو۲۰۱۷ء کی چمپئن ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا اور اتوار کا میچ ہندوستان کیلئے حساب برابر کرنے کا بھی موقع ہو گا۔ 
کپتان روہت شرما نے گزشتہ میچ میں تیز شروعات کے ساتھ فارم میں لوٹنے کے اشارے  دیئے ہیں جو ہندوستانیوں کیلئے راحت کی بات ہے، لیکن اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو اپنے روایتی حریفوں کے خلاف اپنی پوری صلاحیت دکھانی ہوگی۔ کروڑوں ہندوستانی شائقین کی نگاہیں وراٹ کی بلے بازی پر لگی ہوں گی۔ شبھمن گل نے بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بنا کر اپنی خود اعتمادی ثابت کر دی ہے اور اتوار کے میچ میں ان کا کردار بہت اہم ہونے جا رہا ہے۔ 
محمدسمیع کی تیز گیند بازی پاکستانیوں کےلئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ سمیع نے گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کے ۵؍ وکٹ لے کر اپنی موجودگی ثابت کر دی ہے۔ ہرشیت رانا ان کے مضبوط اتحادی ہوں گے جبکہ ہاردک پانڈیا درمیانی اوورس میں پاکستان کی بیٹنگ کا امتحان لیں گے۔ ہندوستان اسپن کی سازگار پچ پر اپنے اسپن اٹیک میں کوئی تبدیلی نہیں کرنا چاہے گا۔ 
دوسری جانب زخمی فخر زمان کا چمپئن ٹرافی سے باہر ہونا پاکستانی ٹیم کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا جا سکتا ہے، جبکہ بابر اعظم کی کارکردگی بھی پڑوسی ملک کی ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ بابر نے نیوزی لینڈ کے خلاف گزشتہ میچ میں ۶۴؍ رن بنائے تھے۔ فخر زمان کی جگہ امام الحق کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ پاکستان کیلئے ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتے ہیں۔ 
ان سب کے باوجود ہندوستان پاکستان کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گا۔ تاریخ بتاتی ہے کہ پاکستان میچ ہارنے کے بعد پلٹ وار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہی طاقت اسے نفسیاتی طور پر مضبوط ٹیم بناتی ہے۔ کیوی ٹیم کے خلاف غیر موثر ثابت ہونے والے پاکستانی بولرس ہندوستانی بیٹنگ آرڈر پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر سکتے ہیں تاہم پاکستان کیلئے یہ بہت آسان نہیں ہوگا۔ پاکستان کو یہاں کے ماحول اور حالات سے ہم آہنگ ہونے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے جبکہ ہندوستانی ٹیم اس گراؤنڈ پر پہلے ہی ایک میچ کھیل چکی ہے۔ دونوں ٹیموں کیلئے کافی سپورٹ بیس ہے اوردونوں کے شائقین میچ سے لطف اندوز ہونے کیلئے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پہنچیں گے۔ 
پچ اور موسم کی رپورٹ 
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیل کی سطح بیٹنگ اور بولنگ دونوں کے لیے مواقع فراہم کرتی ہے، ایسے حالات کے ساتھ جو غیر متوقع ہو سکتے ہیں۔ دن/رات کے مقابلوں کے دوران پچ خشک ہونے کی وجہ سے اسپن گیند بازوں کو زیادہ موقع ملتاہے۔ گیند کی ہوا میں حرکت اور سطح سے اچھالنے کی صلاحیت کے ساتھ، ابتدائی مرحلے میں تیز گیند بازی کو ترجیح دی جاتی ہے۔ دبئی میں ہندوستان کے ٹورنامنٹ کے پہلے میچ سے ایک دن پہلے بارش ہوئی تھی۔ پیشین گوئی کے مطابق دوپہر کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور کم سے کم درجہ حرارت۲۳؍ اور زیادہ سے زیادہ۳۱؍ڈگری کے درمیان رہے گا۔ 
وراٹ کوہلی نے کی سخت مشق 
ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی نے اتوار کو آئی سی سی چمپئن ٹرافی میں پاکستان کیخلاف گروپ اے کے میچ کیلئے کافی نیٹ پریکٹس کی۔ 
وراٹ جو گزشتہ کچھ عرصے سے خراب فارم سے نبردآزما ہیں، بنگلہ دیش کے خلاف چمپئن ٹرافی کے پہلے میچ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے اور۲۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ وراٹ اسپنرس کے سامنے بے چینی محسوس کر رہے ہیں اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ وہ گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کے رشاد حسین کی اسپن گیند سے اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ حال ہی میں وراٹ کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں عادل رشید کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا جبکہ اس سے قبل آسٹریلیا کی سیریز میں بھی وہ فاسٹ بولرس سے پریشان تھے اور آف اسٹمپ سے باہر جانے والی گیندوں کو کھیلنے کی کوشش میں اپنا وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔ وراٹ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اتوار کا میچ ان کیلئے کتنا اہم ہے اور اسی لئے وہ طے شدہ پریکٹس سیشن سے پہلے ہی دبئی میں آئی سی سی اکیڈمی پہنچ گئے اور پسینہ بہایا۔ انہوں نے اسپن بولنگ کے خلاف پریکٹس کی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کی پچ بولرس کے لئے مددگار ثابت ہوئی ہے۔ وراٹ، جنہیں ہندوستان کی رن مشین کہا جاتا ہے، ۲۰۲۳ء سے خراب فارم میں ہیں۔ اگرچہ اس عرصے کے دوران ان کی کچھ اننگز شاندار رہیں لیکن بیٹنگ میں مستقل مزاجی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ 
دونو ں ٹیموں کے اعدادو شمار 
 ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں اتوار۲۳؍ فروری ۲۰۲۵ء کو دبئی میں آئی سی سی چمپئن ٹرافی میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وہ گروپ اے سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستان نے بدھ کوبنگلہ دیش کے خلاف ۶؍ وکٹ کی سنسنی خیز فتح کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ اس کے برعکس، دفاعی چمپئن پاکستان کو اس ہفتے کے شروع میں کراچی میں ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف۶۰؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
 ہیڈ ٹو ہیڈ(یکروزہ) 
کل میچ: ۱۳۵۔ ہندوستان کی ۵۷؍فتح ، پاکستان کی ۷۳؍فتح، ۵؍ میچ بے نتیجہ رہے۔ 
چمپئن ٹرافی میں ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ 
۲۰۰۴ء: پاکستان ۳؍ وکٹوں سے جیت گیا 
۲۰۰۹ء پاکستان۵۴؍ رن سے جیت گیا 
۲۰۱۳ء: ہندوستان ۸؍ وکٹ سے جیت گیا 
۲۰۱۷ء: ہندوستان۱۲۴؍ رن سے جیت گیا (ڈی ایل ایس ) 
۲۰۱۷ء (فائنل): پاکستان۱۸۰؍ رن سے جیت گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK