پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے چمپئن ٹرافی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 9:56 PM IST | Lahore
پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے چمپئن ٹرافی میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ ہم قبول کرتے ہیں کہ شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ اب سخت محنت کرکے واپس آئیں گے۔ جنگ نیوز کے مطابق بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی میں میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد میچ پریزنٹیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی قوم کے سامنے اچھا کھیلنا چاہتے تھے لیکن توقعات پر پورا نہیں اُتر سکے۔
انہوں نے اپنی غلطیوں سے سیکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا’ ’ہم نے پچھلے کچھ میچز میں غلطیاں کیں لیکن امید ہے ہم ان سے سیکھیں گے۔ اب ہمارا اگلا دورہ نیوزی لینڈ ہے اور وہاں ہم اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان میں نیوزی لینڈ کے خلاف جو غلطیاں ہوئیں ہم ان سے سبق لیں گے اور نیوزی لینڈ میں بہتر کھیل پیش کریں گے۔ ‘‘
محمد رضوان نے ٹیم میں انجری مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا’ ’جو کھلاڑی آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں پچھلے کچھ مہینوں سے اچھا پرفارم کر رہے تھے وہ ٹیم کا حصہ تھے لیکن اچانک کسی کھلاڑی کا انجری کا شکار ہونا ٹیم پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ‘‘ان کا کہنا تھا کہ ’’کمبی نیشن اچھا بنا ہوا تھا لیکن صائم ایوب کی انجری نے پلان خراب کر دیا۔ بحیثیت کپتان میں اس پہلو کو بھی دیکھتا ہوں، لیکن یہ کوئی بہانہ نہیں۔ ‘‘
پاکستان کی بینچ اسٹرینتھ کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا’ ’یہ ایک مشکل سوال ہے۔ پاکستان کی بینچ اسٹرینتھ کو بہتر بنانے کےلئے ہمیں ۵؍ ٹیموں کے پاکستان کپ کو دیکھنا ہوگا۔ اگر ہم پاکستان کرکٹ کو اعلیٰ معیار پر لے جانا چاہتے ہیں تو ہمیں شعور اور پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا ہوگا۔ چمپئن کپ میں ہمیں کچھ معیار نظر آتا ہے لیکن مزید بہتری کی ضرورت ہے‘‘
اپنی اور ٹیم کی مجموعی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا’’ہم سب بہت مایوس ہیں۔ ہم یہاں اپنی قوم کےلئے کھیل رہے ہیں پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہم سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ہم نے اچھا نہیں کھیلا لیکن ہم مزید محنت کریں گے اور مضبوط کم بیک کریں گے۔ ‘‘