Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

چمپئن ٹرافی: ہندوستانی ٹیم نے آئی سی سی کامسلسل دوسرا بڑا خطاب جیتا

Updated: March 09, 2025, 10:19 PM IST | Dubai

نیوزی لینڈ کو چمپئن ٹرافی کے فائنل میں ۴؍وکٹ سے شکست دے کر ہندوستان نے آئی سی سی کا خطاب جیت لیا۔ ۲۰۲۴ء میں ٹیم انڈیا نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ پر قبضہ کیا تھا

Indian Cricket Team.Photo.PTI
ہندوستانی کرکٹ ٹیم۔(تصویر:پی ٹی آئی)

اتوار کو ہندوستانی ٹیم نے چمپئن ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کو ۴؍وکٹ سے شکست دے کر خطاب پر قبضہ کرلیا۔ ہندوستانی ٹیم نے مسلسل آئی سی سی کا دوسرا بڑا واور باوقار خطاب جیتا ہے۔ اس سے قبل ۲۰۲۴ء  میں ہندوستانی ٹیم نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔  خیال رہے کہ ہندوستان نے دوسری بار چمپئن ٹرافی پر قبضہ کیا ہے۔ 
اتوارکو دُبئی  ہونے والے آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے ذریعہ دیئے گئے ہدف کو ۴۹؍ اوور میں ۶؍وکٹ پر ۲۵۴؍ رن بناکر حاصل کرلیا۔ دلچسپ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے کپتان روہت شرما نے اچھی بلے بازی کی اور ۷۶؍ رن بنائے۔ مڈل آرڈر میں شریاس ایّر ۴۸؍ اور اکشر پٹیل نے ۲۹؍ رن کا تعاون دیا۔ شبھمن گل نے بھی اچھی شروعات کی تھی لیکن وہ  ۳۱؍رن بناکرآؤٹ ہوگئے۔ اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی بھی فائنل میچ میں ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔  کے ایل راہل اور ہاردک پانڈیا نے اچھی بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو فتح کی منزل تک پہنچا دیا۔ہاردک پانڈیا نے ۱۸؍ رن بنائے۔  راہل نے ناٹ آؤٹ ۳۴؍ اور رویندر جڈیجا نے ناٹ آؤٹ ۹؍رن بنائے۔  نیوزی لینڈ کیلئے مشیل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے ۲۔۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ڈیرل مشیل (۶۳؍ رن) اور مائیکل بریسویل (ناٹ آؤٹ ۵۳؍ رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے اتوار کو  چمپئن  ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان  کیخلاف ۵۰؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر ۲۵۱؍رن بنائے تھے۔ 
خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی کا ایک اور بڑا ٹورنامنٹ جیت لیا۔ حالانکہ ۲۰۲۳ء کے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن اس کے بعد اس نے بڑے ٹورنامنٹ پر قبضہ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔  
اتوار کو دُبئی میں نیوزی لینڈ کے کپتان مشیل  سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری  ول ینگ اور راچن رویندر کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے ۵۸؍ رن جوڑ کر نیوزی لینڈ کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ ۸؍ویں اوور میں ورون چکرورتی نے ول ینگ (۱۵؍رن) کو ایل بی ڈبلیو کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد کلدیپ یادو نے  ۱۱؍ویں اوور میں راچن رویندر(۳۷؍رن) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔ بلے بازی کرنے آئے ڈیرل مشیل نے کین ولیمسن کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ۱۳؍ ویں اوور میں کلدیپ یادو نے کین ولیمسن (۱۶؍ رن) کو اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کردیا۔  ۲۴؍ویں اوور میں رویندر جڈیجا نے ٹام لاتھم (۱۴؍رن) کو ایل بی ڈبلیوکر کے ہندوستان کے لئے چوتھا وکٹ لیا۔ گلین فلپس نے ڈیرل مشیل کا بخوبی ساتھ نبھایا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے ۵۷؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ورون چکرورتی نے۳۸؍ویں اوور میں گلین فلپس (۳۴؍رن) کو بولڈ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ محمد سمیع نے۴۶؍ویں اوور میں ڈیرل مشیل کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو بڑی کامیابی دلائی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK