• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چمپئن ٹرافی : نیوزی لینڈ کی شاندار بلے بازی، ینگ اور لیتھم کی سنچریاں

Updated: February 20, 2025, 12:43 PM IST | Agency | Karachi

دونوں بلے بازوں نےتاریخ رقم کردی ،۳۲۱؍ رنوں کے ہدف کےتعاقب میں پاکستانی ٹیم لڑکھڑا گئی۔

After Tom Latham scored a century. Photo: PTI
ٹام لیتھم سنچری بنانے کے بعد۔ تصویر: پی ٹی آئی

نیوزی لینڈ کے ول ینگ اور ٹام لیتھم نے چمپئن  ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں سنچریاں بنا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ ول ینگ نے بدھ کو پاکستان کے خلاف ۱۰۷؍  رن بنائے جبکہ ٹام لیتھم نے ۱۱۸؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ چمپئن ٹرافی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ کے دو بلے بازوں نے ایک ہی میچ میں سنچریاں بنائیں۔ یہ بھی پہلا موقع ہے کہ چمپئن ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں دو بلے بازوں نے سنچریاں بنائیں۔
 آئی سی سی چمپئن ٹرافی ۱۹۹۸ء سے کھیلی جا رہی ہے۔ پہلے دو ایڈیشنز میں ایک بھی میچ ایسا نہیں رہا، جس میں کسی ٹیم کے دو بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کی ہوں۔ ایسا پہلا موقع  ۲۰۰۲ء  میں آیا، جب وریندر سہواگ اور سورو گنگولی نے سری لنکا کے خلاف سنچریاں بنائیں۔ کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سہواگ نے ۱۲۶؍ اور گنگولی نے۱۱۷؍رن بنائے تھے۔ وریندر سہواگ اور سورو گنگولی کا یہ ریکارڈ ۲۰۰۶ء میں کرس گیل اور ڈوین براوؤ نے برابر کیا تھا۔ احمد آباد میں انگلینڈ کے خلاف گیل اور براوو نے سنچریاں بنائی تھیں۔ اس کے بعد ۲۰۰۹ء  میں آسٹریلیا کے شین واٹسن اور رکی پونٹنگ نے ایک ہی میچ میں سنچریاں اسکور کیں۔ ایک ہی اننگز میں دو سنچریاں بنانے کا کارنامہ ۲۰۱۷ء میں بھی ہوا تھا۔ اس بار بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور محمود اللہ نے سنچریاں بنائی تھیں۔
 بدھ کو آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے پہلے  میچ میں  کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہیں رہا اور ایک مرحلے پر اس نے ۱۶ء۲؍ اووروں میں ۷۳؍کے اسکور پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ ڈیون کونوے ۱۰؍، کین ولیمسن ایک  اور ڈیرل مچل ۱۰؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس دوران ول ینگ نے ایک جانب سے اننگز کو سنبھالے رکھا اور مسلسل رن بناتے رہے۔ ۳۸؍ویں  اوور میں نسیم شاہ نے ول ینگ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو بڑی کامیابی دلائی۔ ول ینگ نے۱۱۳؍ گیندوں پر۱۲؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۰۷؍ رن بنائے۔ اس کے بعد گلین فلپس بیٹنگ آئے اور ٹام لیتھم کے ساتھ مل کر اننگز کو سہارا دیا۔ ٹام لیتھم نے۱۰۴؍ گیندوں میں ۱۰؍ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ۱۱۸؍رن بنائے۔ حارث رؤف نے۵۰؍ویں اوور میں گلین فلپس کو آؤٹ کیا۔ فلپس نے۳۹؍ گیندوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ۶۱؍رن بنائے۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ۵۰؍ اووروں میں ۵؍ وکٹ  پر۳۲۰؍ رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب کیلئے اتری پاکستان کی بلے بازی لڑکھڑا گئی۔ خبر لکھے جانے تک پاکستان کا اسکور ۳۰ء۴؍ ا وور میں۴؍ وکٹوں کے نقصان کے ساتھ ۱۲۷؍ رن تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK