فاتح ٹیم کیلئے لوسی برونز،کیپٹن اور ایوا پیرسیٹ نے ایک ایک گول کیا۔ سونیا بامپاسٹر کے ذریعے ٹیم کا چارج سنبھالنے کے بعد یہ لگاتار ۱۱؍ویں فتح ہے۔
EPAPER
Updated: November 22, 2024, 11:58 AM IST | Agency | London
فاتح ٹیم کیلئے لوسی برونز،کیپٹن اور ایوا پیرسیٹ نے ایک ایک گول کیا۔ سونیا بامپاسٹر کے ذریعے ٹیم کا چارج سنبھالنے کے بعد یہ لگاتار ۱۱؍ویں فتح ہے۔
چیلسی نے گزشتہ رات اسٹامفورڈ برج میں سیلٹک کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے موجودہ سیزن میں اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا اور یوئیفا ویمنز چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ چیلسی کیلئے لوسی برونز، ۱۹؍سالہ وکی کیپٹن اور ایوا پیرسیٹ نے گول کئے۔ قابل ذکر ہے کہ سونیا بامپاسٹرکےموسم گرما میں ٹیم کا چارج سنبھالنے کے بعد سے تمام ۱۱؍مقابلوں میں فتح حاصل کی ہے۔ ۵؍ بار کی چمپئن لیگ فاتح چیلسی کیلئے لوسی برونز نے کھیل کے دوسرے منٹ کے اندر گول کرکے ٹیم کو شاندار آغازدلایا۔ ان کی شاندار والی کو گول کیپر کیسلی ڈوگہرٹی روکنے میں ناکام رہیں۔
چیلسی نے یک گول کی برتری حاصل کرنے کےبعد بھی لگاتار مخالف ٹیم پر حملےجاری رکھے اور۲۵؍ویں منٹ میں اپنی برتری کو دگنا کر دیا جب ٹیم کی نوجوان کھلاڑی کیپٹن نے ہیڈر کے ذریعے گول کردیا۔ چیلسی کو دوسرے ہاف کے ایکسٹرا ٹائم میں پنالٹی ملی جس پر ایوا پیرسیٹ نے گول کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور تین صفر کردیا جوآخر تک برقراررہا۔
پہلی بار چمپئن لیگ کھیلنے والی سیلٹک کی ٹیم اپنے تمام ۴؍ مقابلے ہار چکی ہے اور کوارٹر فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔ حالانکہ اسےابھی مزید ۲؍میچ کھیلنے ہیں۔ وہیں چیلسی نے اپنی جگہ کوارٹر فائنل میں محفوظ کر لی ہے ا ور اسے بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔