جھارکھنڈ کیخلاف میچ میں ریکارڈ ،پجارا کے نام فرسٹ کلاس کریئر میں تین ٹریپل سنچریوں کا بھی ریکارڈ ہے۔
EPAPER
Updated: January 08, 2024, 12:12 PM IST | Agency | Rajkot
جھارکھنڈ کیخلاف میچ میں ریکارڈ ،پجارا کے نام فرسٹ کلاس کریئر میں تین ٹریپل سنچریوں کا بھی ریکارڈ ہے۔
چیتیشور پجارا نے ۲۰۲۴ء رنجی ٹرافی سیزن کے ابتدائی راؤنڈ میں اتوار کو جھارکھنڈ کے خلاف فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی۱۷؍ ویں ڈبل سنچری بنائی۔ پجارا نے گزشتہ روز کے ۱۵۷؍ رنوں سے آگے کھیلتے ہوئے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں اپنی ڈبل سنچری مکمل کی اور لنچ کے بعد سوراشٹر نے ۴۳۶؍ رن کی بڑی برتری کے ساتھ چار وکٹ پر ۵۷۸؍ رن پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے خلاف ۳۵۶؍ گیندوں میں ناٹ آؤٹ ۲۴۳؍ رن بنائے۔ رنجی ٹرافی میں یہ ان کی آٹھویں ڈبل سنچری ہے۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والوں کی فہرست میں پارس ڈوگرا کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پجارا کے نام پرتین فرسٹ کلاس ٹریپل سنچریاں بھی ہیں جن میں سے اکتوبر۲۰۱۳ء میں ویسٹ انڈیز اے کے خلاف بنی تھی۔اس ڈبل سنچری کے ساتھ پجارا نے انگلینڈ کے خلاف حیدرآباد میں ۲۵؍ جنوری سے شروع ہونے والی ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے اپنی بولی مضبوط کر لی ہے۔ پجارا نے آخری بار جون میں اووَل میں آسٹریلیا کے خلاف ڈبلیو ٹی سی فائنل میں کھیلا تھا جس میں انہوں نے۱۴؍ اور۲۷؍ رن بنائے تھے ۔ اس میچ میں ہندوستان کو۲۰۹؍ رن سے شکست ہوئی تھی۔وہ ممکنہ طور پر۱۲؍ سے ۱۵؍ جنوری تک اپنے گھر پر ہریانہ کے خلاف کم از کم ایک اور رنجی میچ کھیلیں گے۔ اس سے پہلے کہ انگلینڈ ٹیسٹ کیلئے ہندوستانی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے، سوراشٹر کا تیسرا میچ ۱۹؍ سے۲۲؍جنوری تک ودربھ کے خلاف ہے۔