خواتین کے سنگلز کے فائنل میں آرینا سبالینکا کو ۳؍سیٹوں میں مات دے دی۔ ۱۹؍برس کی عمر میں اپنے کریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا
EPAPER
Updated: September 10, 2023, 9:20 AM IST | New York
خواتین کے سنگلز کے فائنل میں آرینا سبالینکا کو ۳؍سیٹوں میں مات دے دی۔ ۱۹؍برس کی عمر میں اپنے کریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت لیا
۱۹؍ سالہ امریکی ٹینس کھلاڑی کوکو گف نے ہفتے کے روز بیلاروس کی آرینا سبالینکا کو شکست دے کر یو ایس اوپن ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔ یہ گف کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔ آرتھر ایشے اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں گف نے پیچھے رہنے کے بعد زبردست واپسی کی اور ۲؍ گھنٹے ۶؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں۶۔۲، ۳۔۶،۲۔۶ سے فائنل جیت لیا۔ اس سے قبل جولائی میں، گف پہلے راؤنڈ میں ہارنے کے بعد ومبلڈن سے باہر ہو گئی تھی۔ تاہم، اس نے واشنگٹن اور سنسناٹی میں ٹائٹل جیت کر واپسی کی اور اب گزشتہ سال فرنچ اوپن میں کراری شکست کے بعد اپنے کریئر کی سب سے بڑی جیت حاصل کی ہے۔ وہ۲۰۱۷ءکے بعد ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی امریکی کھلاڑی بن گئیں۔ یہ کارنامہ سولن سٹیفن نے ۲۰۱۷ء میں انجام دیا تھا۔
فلوریڈا کی کوکو گف۱۹۹۹ء میں سیرینا ولیمز کے بعد ملک کا بڑا ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی امریکی نوجوان ہیں۔۱۵؍ سال کی عمر میں، گف ومبلڈن کی تاریخ کی سب سے کم عمر کوالیفائر بن گئیں اور۲۰۱۹ء میں اپنے گرینڈ سلیم کی شروعات میں چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ وہ گزشتہ سال فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچی تھیں لیکن ٹائٹل نہیں جیت سکیں۔ اس سال جولائی میں وہ ومبلڈن کے پہلے راؤنڈ میں ہارنے کے بعد باہر ہو گئی تھیں۔ تب سے، انہوں نے بریڈ گلبرٹ اور پیری ربا کی نئی کوچنگ جوڑی کے ساتھ کام کرتے ہوئے ۱۹؍میں سے ۱۸؍چمپئن شپ جیت لی ہیں۔یو ایس اوپن ٹائٹل جیتنے کے بعد کوکو گف نے اپنے ناقدین کو نشانہ بنایا۔ گف نے کہاکہ ’’ان لوگوں کا شکریہ جنہوں نے مجھ پر یقین نہیں کیا۔ ایک ماہ پہلے کی طرح، میں نے (ٹور) ٹائٹل جیتا اور لوگوں نے کہا کہ میں وہیں رہوں گی۔ دو ہفتے پہلے میں نے ایک اور ٹائٹل جیتا تھا اور لوگ صرف یہ کہہ رہے تھے کہ یہ گف کا سب سے بڑا ٹائٹل ہوگا اور اب ۳؍ ہفتے بعد، میں اس ٹرافی کے ساتھ حاضر ہوں۔‘‘