• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرناٹک نے سب سے بڑاہدف حاصل کیا

Updated: December 22, 2024, 12:24 PM IST | Agency | Ahmedabad

وجے ہزارے ٹرافی میں کرناٹک نے ممبئی کو ۷؍وکٹ سے شکست دی۔ کرشنن کی شاندارسنچری۔ شریاس ایّر کی محنت کی ضائع۔

Shreyas Iyer. Picture: INN
شریاس ایّر۔ تصویر: آئی این این

 احمد آباد (ایجنسی): کرشنن سریجیت کی سنچری اور انیش کی شاندار نصف سنچری کی بدولت کرناٹک نے ممبئی کے خلاف وجے ہزارے ٹرافی  کے میچ میں۷؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔یہاں کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے ممبئی نے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ   کے نقصان پر۳۸۲؍ رن بنائے تھے، شریاس ایّر کے ۵۵؍ گیندوں پر۱۱۴؍ رن اور شیوم دوبے کے۳۵؍ گیندوں پر۶۳؍ رن کی بدولت نے اچھا اسکور بنایا۔  جواب میں کرناٹک کی جانب سے انیش نے۸۲؍ رن بنائے جبکہ سریجیت نے شاندار سنچری اور پروین دوبے نے نصف سنچری اسکور کی جس کی وجہ سے کرناٹک کو۳۸۳؍ رن کا ہدف حاصل کیا۔ یہ وجے ہزارے ٹرافی کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعاقب کیا گیا ہدف ہے۔ 
 ممبئی کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ چوتھے اوور میں ہی اوپنر رگھوونشی ۶؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد آیوش مہاترے نے ہاردک تومور کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا اور اسے۳۰؍اوور میں ۱۴۸؍رن تک پہنچا دیا۔ آیوش نے ۸۲؍ گیندوں میں۶؍چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۷۸؍ رن بنائے۔ اس کے بعد کریز پر آئے شریاس  نے پہلی ہی گیند سے حملہ کیا۔ ہاردک  ۸۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو شریاس نے ۵۵؍ گیندوں پر ۵؍چوکوں اور۱۰؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۴؍  رن  بنائے۔ سوریہ کمار یادو نے۲۰؍ اور شیوم دوبے نے ۳۶؍ گیندوں پر  ۵؍ چوکوں اور۵؍چھکوں کی مدد سے ۶۳؍ رن بنا کر ایّر کا ساتھ دیا اور۵۰؍ اوورس میں۴؍  وکٹوں کے نقصان پر اسکور کو ۳۸۲؍رن  تک پہنچا دیا۔
  دف کا تعاقب کرنے آئی کرناٹک کی ٹیم کو مستحکم آغاز ملا۔ اوپنر جوز ۲۱؍ رن بنانے کے بعد جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد مینک اگوال اور انیش نے اسکور کو آگے بڑھایا۔ مینک سست رہا۔ انہوں نے ۴۸؍ گیندوں پر۴۷؍ رن بنائے۔ مینک کے آؤٹ ہوتے ہی سریجیت کریز پر آئے۔ اس نے انیش کے ساتھ شراکت قائم کی۔ انیش ۸۲؍ رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن سریجیت نے اپنی سنچری مکمل کی۔ سریجت نے۱۰۱؍ گیندوں پر۲۰؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۱۵۰؍  رن بنائے۔ وہیں پر وین دوبے نے بھی۵۰؍ گیندوں پر۶۵؍ رن بنائے اور ٹیم کو صرف۴۶ء۲؍ اوورس میں فتح سے ہمکنار کرایا۔

شریاس ایّر کی دھواں دھار بلے بازی 
وجے ہزارے ٹرافی میں ممبئی کی کپتانی کرتے ہوئے شریاس ایّر نے پہلے ہی میچ میں ایک بار پھر اچھی شروعات کی ہے۔ ممبئی کی ٹیم جب پہلے۳۰؍ اوورس میں۱۴۸؍ رن بنا چکی تھی تو کریز پر آنے والے شریاس نے۵۱؍ گیندوں پر سنچری بنا کر ٹیم کا اسکور۳۸۲؍رن تک پہنچا دیا۔ شریاس اس سال اپنی کپتانی میں ایرانی کپ، رنجی ٹرافی، سید مشتاق علی ٹرافی جیت چکے ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل میں کے کے آر کو  چمپئن  بھی بنایا تھا۔ اب انہوں نے وجے ہزارے ٹرافی میں اپنی ٹیم کو شاندار آغاز دیا ہے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شریاس نے ۵۵؍ گیندوں پر۵؍چوکوں اور۱۰؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۴؍ رن بنائے۔ انہیں آیوش مہاترے کے ۷۸؍ رن، ہاردک کے۸۴؍ رن اور شیوم دوبے کے۶۳؍ رن کی مدد ملی۔ میچ کے دوران کرناٹک کے گیند باز ودیادھر پاٹل نے لسٹ اے (وجے ہزارے ٹرافی) میں بدترین اسپیل بھی کیا۔ انہوں نے۱۰؍ اوورس میں۱۰۳؍ رن   دیئے  جبکہ صرف ایک وکٹ حاصل کیا۔ اگر مجموعی طور پر بات کی جائے تو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ۱۰؍ اوورس میں۱۱۵؍ رن دینے کا ریکارڈ ڈچ  بولر ڈی لیڈ کے پاس ہے۔  

پنجاب  نے اروناچل پردیش کو ۹؍وکٹ سے مات دی 
پنجاب کے بلے باز انمول پریت سنگھ نے۳۵؍ گیندوں پر طوفانی سنچری اسکور کی اور وجے ہزارے ٹرافی میں اروناچل پردیش کے خلاف ۱۳؍ اوورس میں ہی ٹیم کو فاتح بنانے میں مدد کی۔ اروناچل پردیش نے پہلے کھیلتے ہوئے صرف ۱۶۷؍رن بنائے تھے، جسے پنجاب نے پربھاسیرامن کے ۳۵؍ رن  اور انمول پریت کے۱۱۵؍  رن کی مدد سے صرف۱۲ء۵؍ اوورس میں حاصل کر لیا۔ انمول پریت نے یوسف پٹھان کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے لسٹ اے فارمیٹ میں۴۰؍ گیندوں پر  سنچری بنائی تھی۔ انمول پریت اب ہندوستان میں لسٹ اے میں سب سے تیز سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
  اروناچل کی شروعات بہت سست تھی۔ نیلم پانچویں اوور میں ۱۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں اور ہنی ۱۰؍ ویں اوور میں ۱۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پرنس یادو نے۴۹؍ گیندوں پر۲۳؍ رن بنائے جبکہ ٹیچی نیری نے۷۳؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۴۲؍ رن بنائے۔  پنجاب کی جانب سے بلتیج سنگھ نے۲۶؍ رن  کے عوض ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ اسی طرح اشونی کمار نے۳؍ اور مارکنڈے نے بھی ۳؍وکٹ حاصل کئے۔  ابھیشیک نے پنجاب کو ایک روشن آغاز دینے کی کوشش کی لیکن وہ دوسرے اوور میں ۱۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد پربھسمرن اور انمول پریت نے شاندار بلے بازی کی۔ انمول پریت کو ایک الگ رنگ میں دیکھا گیا۔ انہوں نے۴۵؍ گیندوں پر۱۲؍ چوکوں اور ۹؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۵؍ رن بنائے۔ وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے والے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK