Inquilab Logo

کرسٹیانورونالڈو نے مانچسٹر یونائٹیڈ کو راؤنڈ ۱۶؍ میں پہنچا دیا

Updated: November 25, 2021, 1:14 PM IST | Agency | Madrid

چمپئن لیگ کے میچ میں مانچسٹر یونائٹیڈ نے ویلا ریئل کو صفر۔۲؍ سے شکست دی۔ پوائنٹ ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر

Cristiano Ronaldo.Picture:INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر: آئی این این

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی  ایل ) کے فٹبال کلب مانچسٹر یونائٹیڈ نے یوئیفا چمپئن لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ میں جگہ بنالی ہے۔ اس نےمنگل کی دیر رات ہونےوالے میچ میں ویلا ریئل کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کر ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ اس میچ میںاسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اہم گول کیا۔ 
 اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ یونائٹیڈ کی ٹیم مستقل منیجر کے بغیر کھیل رہی تھی۔ای پی ایل میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کلب مینجمنٹ نے اولے گنرسولشائر کو ان کے منیجر کے عہدے سے برطرف کردیا تھا اور اب تک ٹیم کا نیا منیجر مقرر نہیں کیا گیا ہے اور ا س کی تلاش جاری ہے۔ حالانکہ یونائٹیڈ کے سابق کھلاڑی مائیکل کیریک عبوری کوچ کا عہدہ سنبھال رہے ہیں اور ان کی کوچنگ میں یونائٹیڈ نے پہلا میچ جیتا تھا۔ 
 منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں  ویلا ریئل نے پہلے ہاف میں اچھی کارکردگی پیش کی اور یونائٹیڈ کےاسٹارس کو گول کرنے سےروکے رکھا۔ لیکن میچ کے دوسرے ہاف میں یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں نے زوردار حملہ شروع کردیا جس کا فائدہ اسے ہوا۔ میچ کے ۷۸؍ویں منٹ میں اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے پہلا گول کرکے ٹیم کو سبقت دلائی۔ میچ کے آخری وقت میں نوجوان جیڈن سانچو نے ایک اور گول کرکے ٹیم کی سبقت کو دُگنا کردیا۔سانچو کو آف سیزن کے دوران ۱۰۰؍ ملین ڈالر میں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور اس کے بعد یہ ان کا پہلا گول ہے۔
  گروپ کے۵؍ویں میچ میں بھی رونالڈو نے گول کیا اور اس طرح انہوں نے سبھی میچوں میں گول کئے ہیں۔ انہوں نے چمپئن لیگ میں اپنے گول کی تعداد ۱۴۰؍ کردی ہے اور وہ آل ٹائم ٹاپ اسکورر میں نمبروَن ہیں۔ یونائٹیڈ نے اس فتح کے ساتھ ہی گروپ ایف میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔  ۵؍میچوں میں اس کے ۱۰؍پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف ویلا ریئل کے ۵؍میچوں میں ۷؍ پوائنٹس ہیں۔اب اٹلانٹا اور ویلا ریئل میں اس گروپ سے دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔ ویلا ریئل کیخلاف یونائٹیڈ نے اچھا مظاہرہ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK