دوستانہ میچ میں پرتگال کی فٹبال ٹیم نے قطر کو صفر۔۳؍ سے ہرا دیا۔ رونالڈو کے ساتھ جوزے فونٹے اور اینڈرے سلوا نے بھی ایک ایک گول کیا
EPAPER
Updated: October 11, 2021, 12:52 PM IST | Agency | Lisbon
دوستانہ میچ میں پرتگال کی فٹبال ٹیم نے قطر کو صفر۔۳؍ سے ہرا دیا۔ رونالڈو کے ساتھ جوزے فونٹے اور اینڈرے سلوا نے بھی ایک ایک گول کیا
اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سنیچر کی دیر رات فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے میزبان قطر کے خلاف ایک گول کر کے اپنے بین الاقوامی ریکارڈگولس کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے اور یہ اب ۱۱۲؍ ہوگئے ہیں۔ اس میچ میں پرتگال کی ٹیم نے قطرکو صفر۔۳؍ سے شکست دےدی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ رونالڈو نےایران کے فٹبال کھلاڑی علی داعی کا سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے کا ریکارڈ توڑا تھا اور اس کے بعد سے وہ مسلسل گول کرتے جارہے ہیں۔ایران کے مایہ نازکھلاڑی نے اپنے کریئر میں ۱۰۹؍گول کئے تھے اور ۳۶؍ سالہ رونالڈو نے اسے توڑ دیا تھا۔ کرسٹیانورونالڈو نے پرتگال کی جانب سے ۱۸۱؍واں میچ کھیلا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انہوںنے یورپ میں اسپین کے سرجیو راموس کا سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ سرجیو راموس نے اسپین کی جانب سے ۱۸۰؍ بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔ خیال رہے کہ عالمی سطح پر سب سےزیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے کا ریکارڈ ملائیشیا کے کھلاڑی سو چن این کے نام ہے جو ۱۹۸۴ء میں فٹبال سے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ رونالڈو اس وقت اچھے فارم میں ہیں۔ سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں پرتگال کی جانب سے پہلاگول کرسٹیانورونالڈو نے کیا۔ انہوںنے ۳۷؍ ویں منٹ میں قطرپر برتری دلوائی۔ میچ کے دوسرے ہا ف میں پرتگال کے جوزے فونٹے نے دوسرا گول کرکے حریف ٹیم پر صفر۔۲؍کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کے آخری وقت میں اینڈرے سلوا نے تیسرا گول کرکے قطرکی شکست یقینی کردی۔ خیال رہے کہ پرتگال نے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے اور وہ گروپ اے میں دوسری پوزیشن پر ہے۔