• Thu, 13 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برسی پر خراج عقیدت: دتا گائیکواڑسب سےعمررسیدہ ٹیسٹ کھلاڑی رہے ہیں

Updated: February 13, 2025, 12:49 PM IST | Agency | New Delhi

ہندستان کے سابق ٹیسٹ کپتان دتاجی راؤ گائیکواڑ، جن کے پاس ملک کے سب سےعمر رسیدہ زندہ ٹیسٹ کرکٹر ہونے کا ریکارڈ رہا۔ گائیکواڑ کا تعلق بڑودہ سے تھا اور انہوں نے اپنی ٹیم کو۵۸-۱۹۵۷ءکےسیزن میں رنجی ٹرافی میں فتح دلائی، جو کپتان کے طور پر ایک یادگار آغاز تھا۔

Dutta Gaikwad, who made a name for himself in Test cricket. Photo: INN
ٹیسٹ کرکٹ میں نام کمانے والے دتا گائیکواڑ۔ تصویر: آئی این این

ہندستان کے سابق ٹیسٹ کپتان دتاجی راؤ گائیکواڑ، جن کے پاس ملک کے سب سےعمر رسیدہ زندہ ٹیسٹ کرکٹر ہونے کا ریکارڈ رہا۔ گائیکواڑ کا تعلق بڑودہ سے تھا اور انہوں نے اپنی ٹیم کو۵۸-۱۹۵۷ءکےسیزن میں رنجی ٹرافی میں فتح دلائی، جو کپتان کے طور پر ایک یادگار آغاز تھا۔ دتاجی راؤکرشناراؤ گائیکواڑ ۲۷؍ اکتوبر ۱۹۲۸ءکوپیدا ہوئے۔ انہیں جنیندتہ گائیکواڑ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کا ٹیسٹ کریئر حالانکہ مختصر رہا۔ وہ۱۱؍ ٹیسٹ میچوں میں ہی نظر آئے۔ ان کے کرکٹ کے دور کو ۱۹۵۲ء سے ۱۹۵۹ءتک ہی شمار کیاجاتا ہے۔ انہوں نے ۱۹۵۹ءکےدورے پر ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی۔ 
  بطوربلےباز، گائیکواڑ کے پاس مضبوط بلے بازی، یقینی دفاع اور شاندار اور جارحانہ شاٹس کھیلنے کی صلاحیت تھی۔ خاص طور پر کور پر ان کاکھیل زبردست تھا اور اس میں ان کا کوئی ثانی نہ تھا۔ وہ کبھی کبھار اسپن گیندبازی بھی کرتےتھے۔ جس روز ان کا انتقال ہوا وہ ہندوستان کے سب سے عمر رسیدہ زندہ ٹیسٹ کرکٹر تھے۔ بچپن سے ہی وہ ایتھلیٹ تھے۔ ۷؍برس کی عمرمیں انہوں نے کرکٹ کے تئیں دلچسپی ظاہر کردی تھی۔ دتاجی راؤ بڑودہ کے شاہی خاندان سے تعلق رکھتےتھے۔ ۱۱؍برس کی عمر میں وہ راجکمار فتح سنگھ راؤ گائیکواڑ کے ساتھی کے طور پر بڑودہ کے لکشمی پیلس میں رہنے لگےتھے۔ اس کے بعد دتا جی راؤ محل میں ہی کرکٹ کھیلتے ہوئے بڑے ہوئے۔ کرکٹ میں ان کی صلاحیت کو پہلی بار یونیورسٹی کرکٹ مقابلے کے دوران پہچاناگیا جہاں انہوں نے شروعات میں بامبے یونیورسٹی کی قیادت کی اور پھر مہاراجہ سیاجی راؤ یونیورسٹی کے قیام کے بعد وہاں کھیلنےچلے گئے۔ گائیکواڑمہاراجہ سیاجی راؤ یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم کے پہلےکپتان بنائےگئے۔ انہوں نے وجے ہزارے، گل محمد، چندو بورڈے، سادو شندے اور عامر الٰہی جیسےمختلف اور معروف کھلاڑیوں کے ساتھ بڑودہ کرکٹ ٹیم میں کھیلا۔ 
 دتاجی راؤ گائیکواڑ ۱۹۴۷ءسے ۱۹۶۴ءتک اپنے ۱۷؍سالہ طویل گھریلو کریئرمیں بڑودہ کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں زبردست رن بنانے والے کھلاڑی تھے۔ دتاجی راؤ نے ۱۱۰؍میچوں میں ۵۷۸۸؍رن بنائے، جن میں ۱۷؍سنچریاں اور۲۳؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کا سب سے زیادہ سکور۲۴۹؍ناٹ آؤٹ تھا۔ دتاجی نےاپنےٹیسٹ کریئرمیں ۱۱؍میچوں میں ۳۵۰؍ رن بنائے، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔ انہوں نے۱۹۵۹ءمیں انگلینڈ میں ایک سیریزکےدوران ۴؍ ٹیسٹ میچوں میں ہندوستان کی کپتانی کی۔ دورےپر ایک ہزارسےزیادہ رنز بنانے کےباوجود گائیکواڑ ٹیسٹ سیریز میں اپنی فارم برقرار نہیں رکھ سکے۔ 
 گائیکواڑ ہندوستانی اوپننگ بلے باز انشومان گائیکواڑ کے والد تھے۔ وہ بڑودہ کے شاہی خاندان کے ایک دور کے رشتہ دار تھے اور ریاست بڑودہ کے ڈپٹی کنٹرولرکے طور پر خدمات انجام دیتے تھے۔ مئی ۲۰۱۶ءمیں دیپک شودھن کی موت کے بعد وہ ہندوستان کے سب سے عمر رسیدہ زندہ ٹیسٹ کرکٹر بن گئے۔ وہ ۱۳؍فروری ۲۰۲۴ءکو۹۵؍سال کی عمر میں بڑودہ، گجرات میں انتقال کر گئے۔ ان کی موت کرکٹ برادری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK