آسٹریلیا کی شکست کے بعد ہندوستان کو نمبروَن بننے کا موقع تھا لیکن ایک شکست نے پوراکھیل بگاڑ دیا۔
Updated: September 17, 2023, 12:50 PM IST | Agency | New Delhi
آسٹریلیا کی شکست کے بعد ہندوستان کو نمبروَن بننے کا موقع تھا لیکن ایک شکست نے پوراکھیل بگاڑ دیا۔
ایشیا کپ کے سپر۴؍ میں بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے باعث ہندوستان نے تمام فارمیٹس میں رینکنگ فہرست پر راج کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا۔ جمعہ۱۵؍ ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے تصادم سے پہلے ہندوستان۱۱۶؍ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آئی سی سی ون ڈے ٹیم درجہ بندی میں نمبر ۲؍ تھا۔ آسٹریلیا۱۱۸؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے جو اس وقت ٹیسٹ اورٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل رینکنگ میں حاوی ہے۔ ون ڈے میں بھی نمبر ایک بننے کا موقع تھا۔
جب ٹیم انڈیا بنگلہ دیش کے خلاف کھیل رہی تھی، ٹیم آسٹریلیا جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچ کھیل رہی تھی۔ وہاں آسٹریلیا کو۱۶۴؍ رن سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر ہندوستان بنگلہ دیش کے خلاف جیت جاتا ہے تو یہ یقینی تھا کہ اسے ٹیم درجہ بندی میں جگہ مل جاتی لیکن ایسا نہیں ہوا کیونکہ کولمبو میں سپر ۴؍ کے فائنل میچ میں ٹیم انڈیا کو بنگلہ دیش کے خلاف ۶؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بنگلہ دیش سے ہارنے کی وجہ سے ہندوستان اب پاکستان اور آسٹریلیا کے بعد۱۱۴؍ریٹنگ کے ساتھ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔ آسٹریلیا اور پاکستان دونوں کی درجہ بندی میں تھوڑا سا فرق ہے جبکہ آسٹریلیا کی ریٹنگ ۱۱۵ء۲۵۹؍ اور پاکستان کی ۱۱۴ء۸۸۹؍ ہے۔ اگر ٹیم انڈیا ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کو ہراتی ہے اور دوسری طرف آسٹریلیا اپنا آخری ون ڈے جنوبی افریقہ سے ہار جاتا ہے تب بھی ہندوستان رینکنگ میں نمبروَن نہیں بن سکے گا۔ اس سے پاکستان کو نمبر ون بننے کا موقع ملے گا کیونکہ اس کی ریٹنگ زیادہ ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ٹیم انڈیا کے پاس اس ماہ کے آخر تک ون ڈے فارمیٹ میں نمبر ون بننے کا ایک اور موقع ہوگا جب ٹیم انڈیا۲۲؍ ستمبر سے آسٹریلیا کے خلاف ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ یہ سیریز نہ صرف دونوں ٹیموں کو ورلڈ کپ کے لئے رفتار بڑھانے میں مدد دے گی بلکہ یہ فیصلہ بھی کرے گی کہ ورلڈ کپ میں جانے والی نمبر وَن یکروزہ ٹیم کون ہوگی۔