• Sun, 16 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنز پریمیر لیگ میں آج دہلی اور ممبئی کی ٹیمیں آمنے سامنے

Updated: February 15, 2025, 1:09 PM IST | Agency | Vadodara

دہلی کی اوپنر شفالی ورما اچھے مظاہرے کیلئے پر عزم۔ ہرمن پریت کور کی ٹیم بھی میچ کیلئے تیار۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

سبھی کی نظریں دھماکہ خیز اوپنر شفالی ورما پر ہوں گی، جن کا مقصد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم میں واپسی کرنا ہوگا۔ ٹورنامنٹ کی افتتاحی فاتح ممبئی انڈینس سنیچر کو یہاں ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میچ میں دو بار کی فائنلسٹ دہلی کیپٹلس سے مقابلہ کرے گی۔ شفالی ورما دہلی کی جانب سے کھیلنے والی ہیں۔ 
 ممبئی اور دہلی دونوں ٹیموں نے پہلے ۲؍ ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی تھی۔ ممبئی ٹورنامنٹ کے دوسرے ایڈیشن کے ایلیمینیٹر میں باہر ہو گیا تھا جبکہ دہلی کو فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دونوں ٹیمیں کتنی اچھی ہیں اور اس لیے ان کے درمیان ایک دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ ممبئی نے اپنے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے اور ان کے ٹیم کمبی نیشن میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
 ہندوستانی تیز گیند باز پوجا وستراکر چوٹ کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں اور ممبئی نے ان کی جگہ بائیں ہاتھ کی اسپنر پرونیکا سسودیا کو ٹیم میں شامل کیا ہے، جنہوں نے ہندوستان کی حالیہ انڈر۱۹؍ خواتین کے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انڈر۱۹؍ ٹی ۲۰؍ ورلڈ  کپ جیتنے والی ٹیم کی ایک اور رکن جی کملینی، جنہوں نے ۷؍ میچوں میں۱۴۳؍ رن بنائے، بھی توجہ کی مرکز ہوں گی۔
 ممبئی کے پاس ہرمن پریت کور کی شکل میں تجربہ کار کپتان اور بلے باز موجود ہے۔ اس کے اسکواڈ میں کچھ ہنر مند غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں جن میں نیٹ سکیور برنٹ (انگلینڈ)، ہیلی میتھیوز (ویسٹ انڈیز)، امیلیا کیر (نیوزی لینڈ) کے علاوہ جنوبی افریقہ کی نادین ڈی کلرک، شبنم اسماعیل اور چلو ٹریون شامل ہیں۔
 جہاں تک دہلی کا تعلق ہے تو سب کی نظریں دھماکہ خیز ہندوستانی بلے باز شفالی پر ہوں گی جنہوں نے قومی ٹیم سے  باہر ہونے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اس فارم کو یہاں جاری رکھنے کیلئے  پرعزم ہے۔ دہلی کے پاس شفالی اور میگ لیننگ کی شکل میں ایک خطرناک اوپننگ جوڑی ہے جب کہ آسٹریلیا کی اینابیل سدرلینڈ، انگلینڈ کی ایلس کیپسی اور ہندوستان کی جمائمہ روڈریگز اس کے مڈل آرڈر کا مرکز ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK