دہلی کیپٹلس نے ایک وکٹ سے آئی پی ایل کا میچ جیت لیا۔ آشوتوش کے ۶۶؍ رن۔
EPAPER
Updated: March 26, 2025, 9:47 AM IST | Visakhapatnam
دہلی کیپٹلس نے ایک وکٹ سے آئی پی ایل کا میچ جیت لیا۔ آشوتوش کے ۶۶؍ رن۔
آشوتوش شرما (ناٹ آؤٹ۶۶؍رن)، وپراج نگم (۳۹؍رن) اور ٹرسٹن اسٹبس (۳۴؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت دہلی کیپٹلس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ۲۰۲۵ء) کے ایک دلچسپ میچ میں پیر کو لکھنؤ سپر جائنٹس کو ۳؍ گیندیں باقی رہتے ایک وکٹ سے شکست دے دی۔۲۱۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دہلی کیپٹلس کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے صرف ۷؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ جیک فریزر میک گرک (ایک) اور اسی اوور میں ابھیشیک پورل (صفر ) کو شاردُل ٹھاکر نے آؤٹ کرکے دہلی کو ۲؍ بڑے دھچکے دیئے۔ دہلی نے اپنا تیسرا وکٹ سمیر رضوی (۴؍رن) کی شکل میں گنوادیا۔ اس کے بعد کپتان اکشر پٹیل اور فاف ڈو پلیسس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ چھٹے اوور میں دگویش راٹھی نے۱۱؍ گیندوں پر اکشر پٹیل (۲۲؍رن) کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھئے: آج رائلز اور نائٹ رائیڈرس کے درمیان گھمسان
ساتویں اوور میں روی بشنوئی نے فاف ڈو پلیسس (۲۹؍رن) کو۱۸؍ گیندوں پر آؤٹ کرکے دہلی کو پانچواں دھچکا دیا۔ اس کے بعد ٹرسٹن اسٹبس اور آشوتوش شرما نے اننگز کی ذمہ داری سنبھالی۔ ابھی ٹیم کا اسکور۱۱۳؍ رن تک پہنچا تو منیمارن سدھارتھ نے ٹرسٹن اسٹبس کو بولڈ کرکے لکھنؤ کے لئے چھٹا وکٹ لیا۔ اسٹبس نے ۲۲؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۳۴؍ رن بنائے۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے آنے والے وپراج نگم لکھنؤ کے گیند بازوں پر قہر بن کر ٹوٹے۔ آشوتوش نے۳۱؍ گیندوں پر۵؍چوکوں اور۵؍ چھکوں کی مدد سےناٹ آؤٹ ۶۶؍ رن کی آتشیں اننگز کھیلی۔ آشوتوش نے۲۰؍ویں اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگا کر دہلی کو فتح دلائی۔ دہلی نے۱۹ء۳؍ اوور میں ۹؍ وکٹ پر۲۱۱؍ رن بنا کر ایک وکٹ سے میچ جیت لیا۔اس سے قبل لکھنؤ سپر جائنٹس نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر ۲۰۹؍ رن بنائے۔