راجستھان رائلز صرف ۱۱؍رن بنا سکی جسے دہلی کپیٹلز نے ۴؍گیندوں پر حاصل کرتے ہوئے میچ جیت لیا،اس سے پہلے مقررہ ۲۰؍اووروں میں دونوں ٹیموں نے ۱۸۸؍رن بنائے تھے۔
EPAPER
Updated: April 18, 2025, 11:07 AM IST | Agency | New Delhi
راجستھان رائلز صرف ۱۱؍رن بنا سکی جسے دہلی کپیٹلز نے ۴؍گیندوں پر حاصل کرتے ہوئے میچ جیت لیا،اس سے پہلے مقررہ ۲۰؍اووروں میں دونوں ٹیموں نے ۱۸۸؍رن بنائے تھے۔
آئی پی ایل۲۰۲۵ء کے ۳۲؍ویں میچ کا فیصلہ دہلی کپیٹلزاور راجستھان رائلز کے درمیان سپر اوور میں ہوا جہاں راجستھان رائلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۱؍رن بنائے۔ اس کے جواب میں دہلی کپیٹلز نے محض ۴؍ گیندوں میں۱۳؍رن بنا کر میچ جیت لیا۔ آئی پی ایل کے اس سیزن میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی میچ کی جیت یا ہار کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ ۲۰۲۱ءکے سیزن کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب آئی پی ایل میں سپر اوور کھیلا گیا اور دہلی نے صرف۴؍ گیندوں میں میچ جیت لیا۔
اس میچ میں دہلی نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۸۸؍رن بنائے تھے۔ ٹیم کیلئے افتتاحی بلے باز ابھیشیک پورل نے سب سے زیادہ ۴۹؍ رن بنائے۔ جواب میں راجستھان رائلز یشسوی جیسوال اور نتیش رانا کی شاندار نصف سنچریوں کے باوجود ۱۸۸؍رن بنا سکی اور میچ ٹائی ہوگیا۔ اس کے بعد سپر اوور کا سہارا لیا گیا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان کی ٹیم صرف ۵؍ گیندیں کھیل سکی اور ۱۱؍ رن بنے۔ جواب میں دہلی نے صرف ۴؍ گیندوں میں میچ جیت لیا۔
اس سے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دہلی کپیٹلز نے صرف۳۴؍ رنوں پر ۲؍وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد کے ایل راہل اور پورل کے درمیان تیسرے وکٹ کےلئے۶۳؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ راہل ۳۲؍گیندوں میں ۳۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے فوراً بعد پورل بھی ۴۹؍ کے سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ ۱۵؍ اوور کے بعد دہلی کے صرف ۱۱۱؍ رن ہی تھے اور اسے تیزی سے اسکور کرنے کی ضرورت تھی۔ ایسے میں کپتان اکشر پٹیل نے شاندار بلے بازی کی اور صرف ۱۴؍ گیندوں میں ۳۴؍ رن بنائے۔ ٹرسٹن اسٹبس ۱۸؍ گیندوں پر ۳۴؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور دہلی کا اسکور ۱۸۸؍ رنوں تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے راجستھان رائلز نے مضبوط آغاز کیا اور انہوں نے پاور پلے میں ۶۳؍ رن بنائے لئے۔ تاہم پاور پلے کے آخری اوور میں ان کے کپتان سنجو سیمسن کو چوٹ لگنے کی وجہ سے ریٹائرہرٹ ہونا پڑا۔ جب وہ میدان سے باہر گئے تو وہ صرف ۱۹؍گیندوں میں ۳۱؍رن بنا چکے تھے۔ ان کی جگہ آنے والے ریان پراگ کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف ۸؍ رن بنانے کے بعد اکشر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ جیسوال نے ۳۷؍ گیندوں میں ۵۱؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ نتیش رانا چوتھے نمبر پر آئے اور صرف ۲۸؍گیندوں میں ۵۱؍رن بنائے۔ راجستھان کو آخری ۳؍ اوور میں جیت کے لئے صرف ۳۱؍رن درکار تھے۔ ۱۸؍ویں اوور میں اسٹارک نے صرف ۸؍ رن دے کر رانا کا وکٹ حاصل کیااور دہلی کو واپسی کا موقع دیا۔ موہت شرما کے ۱۹؍ ویں اوور میں ۱۴؍ رن بنے۔ اس کے بعد اسٹارک کو آخری اوور میں ۹؍ رنوں کا دفاع کرنا تھا۔ دھرو جوریل اور شمرون ہیٹمائر نے اپنی پوری کوشش کی لیکن اس اوور میں صرف ۸؍ رن بن سکے اور میچ ٹائی ہوگیا۔ سپر اوور میں راجستھان کی جانب سے ہیٹ مائر اور پراگ بلے بازی کےلئے آئے تھے۔ سپر اوور کی پہلی ۳؍ گیندوں پر ۵؍رن بنے۔ چوتھی گیند نو بال تھی جس پر پراگ نے چوکا مار دیا۔ایک سنگل رن بھی بنا۔ تاہم اگلی ۲؍ گیندوں پر لگاتار ۲؍ رن آؤٹ نے راجستھان کی اننگز ۱۱؍کے اسکور پر ختم کر دی۔ دہلی کیلئے راہل نے پہلی ۳؍ گیندوں پر ۷؍ رن بنائے اور سٹبس نے چوتھی گیند پر چھکا لگا کر میچ کو ختم کر دیا۔
اسکور:۲۰؍اوور میں
دہلی کپیٹلز۔۵؍وکٹ پر ۱۸۸؍رن۔
راجستھان رائلز۔۴؍وکٹ پر۱۸۸؍رن۔
سپر اوور میں
راجستھان۔۲؍وکٹ پر ۱۱؍رن۔
دہلی کپیٹلز۔۴؍گیند پر ۱۳؍رن۔