آئی پی ایل میں آج لیگ کی ۲؍مضبوط ٹیموں میں مقابلہ۔ دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کے ساتھ میدان پر آئیں گی۔
EPAPER
Updated: April 14, 2024, 12:38 PM IST | Agency | Mumbai
آئی پی ایل میں آج لیگ کی ۲؍مضبوط ٹیموں میں مقابلہ۔ دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کے ساتھ میدان پر آئیں گی۔
اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) اور میزبان ممبئی انڈینس (ایم آئی) آمنے سامنے ہوں گے تو سب کی نظریں مہندر سنگھ دھونی پر ہوں گی۔ خیال رہے کہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں دھونی کا شاید یہ آخری میچ ہوگا۔
چنئی سپر کنگز پہلی بار دھونی کی کپتانی کے بغیر ممبئی میں کھیلے گی۔ نومبر۲۰۰۵ء کے بعد وہ یہاں پہلی بار کسی بھی ٹیم کے ساتھ بحیثیت کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ۴۲؍ سال کی عمر میں بھی دھونی وکٹ کے پیچھے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور کھیل کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ بے مثال ہے۔ چنئی سپرکنگزکو امید ہے کہ ایم ایس دھونی کی حکمت عملی کی مہارتیں اس سیزن میں آؤٹ فیلڈ پر ان کے خراب ریکارڈ کو بہتر بنانے میں کام آئیں گی۔ چنئی سپرکنگز نے ممبئی کے خلاف گزشتہ ۵؍ میں سے ۴؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ۵؍ بار آئی پی ایل خطاب جیتنے والی ٹورنامنٹ کی ۲؍ سب سے کامیاب ٹیموں کے کپتان اس بار تبدیل ہوئے ہیں۔
ممبئی نے روہت شرما کی جگہ ہاردک پانڈیا کو کپتان بنایا ہے جبکہ ایم ایس دھونی نے چنئی کی کمان رتوراج گائیکواڑ کو سونپ دی ہے۔ اس کے باوجود دونوں ٹیموں کے درمیان آن فیلڈ مقابلہ جوں کا توں برقرار رہنے کی امید ہے۔
ممبئی کے بلے بازوں کو روکنا چنئی کے گیند بازوں کیلئے ایک مشکل چیلنج ہو گا جنہوں نے دہلی کیپٹلس کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ۲۰۰؍رن کے قریب ہدف حاصل کر لیا ہے۔ خراب شروعات کے بعد پانڈیا کی ممبئی انڈینس ٹورنامنٹ میں لوٹ آئی ہے۔ گزشتہ دو میچوں میں اس کے بلے بازوں کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
سوریہ کمار یادو نے آر سی بی کے خلاف ۱۷؍ گیندوں میں نصف سنچری بنائی۔ چنئی کے گیند بازوں نے چیپاک کی سست پچ پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ابھی تک فلیٹ اور بلے بازوں کے موافق پچوں پر ان کا تجربہ نہیں کیا گیا ہے۔ ایشان کشن اور روہت شرما کی اوپننگ شراکت ممبئی کے لئے اہم ہوگی۔ دوسری جانب چنئی کو کپتان گائیکواڑ، راچن رویندر، ڈیرل مشیل، شیوم دوبے، رویندر جڈیجا اور ایم ایس دھونی سے اچھی اننگز کی امید ہوگی۔ انہیں جسپریت بمراہ (۱۰؍ وکٹ) سے بھی خبردار رہنا ہوگا۔ چنئی کی بولنگ مستفیض الرحمان، جڈیجا، شاردُل ٹھاکر اور تشار دیشپانڈے کے ہاتھ میں ہوگی۔ مستفیض الرحمان نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک اچھی گیندبازی کی ہے۔
ممکنہ ٹیمیں
ممبئی انڈینس: ہاردک پانڈیا (کپتان)، روہت شرما، سوریہ کمار یادو، ڈیولڈ بریوس، جسپریت بمراہ، پیوش چاؤلہ، جیرالڈ کوٹزی، ٹم ڈیوڈ، شریاس گوپال، ایشان کشن (وکٹ)، انشول کمبوج، کمار کارتیکیہ، آکاش مدھوال، کوینا مافکا، محمد نبی، شمس ملانی، نمن دھیر، شیوالک شرما، روماریو شیفرڈ، ارجن تینڈولکر، نووان تھشارا، تلک ورما، وشنو ونود، نہال وڈھیرا، لیوک ووڈ۔
چنئی سپر کنگز: دھونی، اراویلی اونیش، ڈیون کونوے، روتوراج گائیکواڑ (کپتان)، اجنکیا رہانے، شیخ رشید، معین علی، شیوم دوبے، آر ایس ہنگرکر، رویندر جڈیجا، اجے جادو منڈل، ڈیرل مشیل، راچن رویندر، مشیل سینٹنر، نشانت سندھو، دیپک چاہر، تشار دیشپانڈے، مکیش چودھری، مستفیض الرحمان، متھیسا پاتھیرانا، سمرجیت سنگھ، پرشانت سولنکی، شاردُل ٹھاکر، مہیش ٹکشنا اور سمیر رضوی۔
کولکاتا گھریلو میدان پر لکھنؤ سپر جائنٹس کو شکست دینے کی کوشش کرے گا
دو بار کی چمپئن کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا مقصد جیت کے راستوں پر واپسی کا ہے۔ اتوارکو جب وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کا مقابلہ کرے گی تومینک یادو کے بغیر کھیلے گی۔ کولکاتاکا اس سیزن میں ایڈن گارڈنس میں یہ پہلا میچ ہے۔ مینٹور گوتم گمبھیر اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہاں ہونے والے ۵؍ میچ۲۰۲۱ء کے بعد پہلی بار پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
دونوں ٹیموں نے ۳۔ ۳؍ کامیابی حاصل کی ہےجبکہ گزشتہ راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کے کے آر ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل اور سنیل نارائن پر زیادہ انحصار کے نتائج بھگت رہا ہے جو چنئی سپر کنگز کے خلاف ثابت ہوا۔ چنئی نے انہیں آخری میچ میں ۷؍ وکٹ سے شکست دی تھی۔ نارائن (۲۷؍رن) اور رسل (۱۰؍رن) بلے سے ناکام رہے۔ ان دونوں کی عمدہ فارم کی وجہ سے ۳؍ میچوں میں ۲۰۰؍ رن بنانے والی کے کے آر چنئی کے خلاف ۹؍ وکٹ پر صرف ۱۳۷؍ رن بنا سکی۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے کپتان شریاس ایّر اپنے بلے سے متاثر کرنے میں ناکام رہے اور ۴؍ میچوں میں صفر، ۳۹؍ ناٹ آؤٹ، ۱۸؍ اور۳۴؍ رن بنائے۔