• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ارجن ایوارڈ مزید بہتر کارکردگی کیلئے تحریک دے گا‘‘

Updated: December 22, 2023, 11:14 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کی خاتون گولف کھلاڑی دِکشا ڈاگر اولمپک کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پُر عزم۔

Indian golfer Diksha Dagger. Photo: INN
ہندوستانی گولف کھلاڑی دکشا ڈاگر کی۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کی گولف کھلاڑی دِکشا ڈاگر نے کہا کہ وزارت کھیل کی جانب سے ارجن ایوارڈ کے لئے ان کے نام کی تصدیق کے بعد وہ اگلے سال پیرس اولمپکس میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گی کیوں کہ یہ اعزاز انہیں مزید بہتر کرنے کی تحریک دےگا۔
 واضح رہے کہ وزارت کھیل نے بدھ کو کھیلوں کے سالانہ ایوارڈز کیلئے نامزد کھلاڑیوں کے ناموں کو منظوری دے دی۔ دِکشا ڈاگر ان ۲۶؍ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں ۹؍جنوری کو راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو ارجن ایوارڈ سے نوازیں گی۔گولف کے معروف کوچ جسکرت سنگھ گریوال کو درون چاریہ ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
  بائیں ہاتھ کی کھلاڑی دِکشا، جو سیمون ایشیا پیسفک کپ میں کھیلنے کے لئے جکارتہ میں ہیں ، نے کہا’’میں گزشتہ کئی برسوں سے ایک پیشہ ور کھلاڑی کے طور پر کھیل رہی ہوں ۔ ۲۰۲۳ء میں میں نے کافی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور میرے کھیل میں کافی بہتری بھی آئی جس کی وجہ سے میں ایک اچھی کھلاڑی بننے کی راہ پر گامزن ہوں ۔ مجھے لگتا ہے کہ میں اس سے بھی بہتر کر سکتی ہوں اور اگلے سال پیرس اولمپکس میں یقینی طور پر اپنی پوری کوشش کروں گی۔‘‘
  دکشا ڈاگر، جو ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گی، نے کہا’’یہ باوقار ایوارڈ حاصل کرنا ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔ میں بہت سارے لوگوں اور تنظیموں کی طرف سے مجھے ملنے والی حمایت اور حوصلہ افزائی کی وجہ اس اعزاز تک پہنچی ہوں۔ یہ یقینی طور پر ہم سب کے لئے ایک انعام ہے۔‘‘ دِکشا کا ۲۰۲۴ءکے پیرس اولمپکس کیئے کوالیفائی کرنا تقریباً یقینی ہے۔ ۲۰۲۳ءکا سیشن ان کیلئے اچھا ثابت ہوا ہے۔ اس عرصے کے دوران، انہوں نے اپنا دوسرا لیڈیز یورپین ٹور خطاب جیتا، ایل ای ٹی آرڈر آف میرٹ پر تیسرا مقام حاصل کیا اور اے آئی جی ویمنز اوپن میں ۲۱؍ویں نمبر پر رہیں ، جو کسی ہندوستانی خاتون کھلاڑی کی جانب سے اب تک کا بہترین کارکردگی ہے۔ ہریانہ کے اس ۲۳؍سالہ کھلاڑی نے سیزن میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ ۱۰؍ ٹورنامنٹ میں سرفہرست ۱۰؍ کھلاڑیوں میں رہیں ، جن میں چیک جمہوریہ میں ایک خطاب بھی شامل ہے۔ 
 جسکیرت سے تربیت حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مردوں میں شوبھانکر شرما اور اجیتیش سندھو جیسے اعلیٰ پیشہ ور گولفرز اور خواتین میں تیویسا ملک اور امندیپ ڈرال شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ کئی جونیئر گولف کھلاڑی میں ان سے ٹریننگ حاصل کر چکے ہیں ۔ نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی گولف کوچ جسکیرت نے کہا’’یہ زندگی بھر کے کام کا انعام ہے اور میں اپنے تمام شاگردوں کی لگن اور وفاداری اور محنت کیلئے شکر گزار ہوں ۔ یہ ایوارڈ اسی کا نتیجہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’گولف کوچ کیلئے ایوارڈ کا مطلب یہ بھی ہے کہ حکومت اور وزارت نے ہندوستان میں کھیل کی صلاحیت اور ہمارے پاس موجود ٹیلنٹ کو تسلیم کیا ہے۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK