• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوگ اس ٹیم کو یاد رکھیں گے: دنیش کارتک

Updated: May 20, 2024, 11:19 AM IST | Bengaluru

کارتک نے آر سی بی کی پریس ریلیز میں کہاکہ `لوگ ہمیشہ کچھ سفر یاد رکھیں گے جس طرح سے ہم نے ۸؍ میچوں کے بعد واپسی کی۔ ہمیں ۶؍ میچ جیتنے تھے۔ لوگ اس ٹیم کو یاد رکھیں گے۔

Bangalore team. Photo: INN.
بنگلور کی ٹیم۔ تصویر: آئی این این۔

رائل چیلنجرز بنگلور کے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک کا ماننا ہے کہ لگاتار ۶؍کامیابی حاصل کرنے کے بعد آئی پی ایل پلے آف میں جگہ بنانے والی ان کی ٹیم کی کرشماتی کارکردگی مستقبل میں دیگر ٹیموں کو متاثر کرے گی۔ آر سی بی، جس نے پہلے ۸؍ میں سے ۷؍ میچ ہارے تھے، باہر ہونے کی دہلیز سے واپس آکر آخری ۴؍ میں جگہ بنالی۔ فاف ڈو پلیسس کی کپتانی والی ٹیم نے جمعہ کو دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز کو۲۷؍ رن سے شکست دے کر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ 
کارتک نے آر سی بی کی پریس ریلیز میں کہاکہ `لوگ ہمیشہ کچھ سفر یاد رکھیں گے جس طرح سے ہم نے ۸؍ میچوں کے بعد واپسی کی۔ ہمیں ۶؍ میچ جیتنے تھے۔ لوگ اس ٹیم کو یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ `ہر سال اس ٹورنامنٹ میں ۷؍ میچوں کے بعد، ایک یا دو ٹیمیں جنہوں نے صرف ایک یا دو میچ جیتے ہیں ہمیں یاد رکھیں گے اور کہیں گے کہ یہ آر سی بی نے کیا تھا اور ہم بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ `یہ وہ ہے جس کیلئے آپ کرکٹ کھیلتے ہیں، لوگ آپ کی تقلید کریں گے اور یقین کریں گے کہ وہ بھی کچھ خاص کر سکتے ہیں۔ یہ آسان نہیں ہے۔ آج ہم نے جو کچھ حاصل کیا وہ بہت خاص ہے۔ آر سی بی کا پلے آف میں تیسرے نمبر کی راجستھان رائلز یا سن رائزرس حیدرآباد سے مقابلہ ہوگا۔ 
پچ ٹیسٹ میچ جیسا برتاؤ کررہی تھی: ڈو پلیسس
رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان فاف ڈو پلیسس نے کہا کہ بارش کے بعد ٹیسٹ میچ جیسا برتاؤ کر رہی پچ پر بلے بازوں کا اسکور کو۲۰۰؍ رن سے آگے لے جانا اور اور آخری اوور میں یش دیال کی گیند بازی کا مظاہرہ ناقابل یقین تھا۔ میچ جیتنے کے بعد ڈو پلیسس نے کہا کہ مجھے لگا کہ میں نے بارش کے بعد اب تک سب سے مشکل پچ پریہیں بلے بازی کی۔ یہ اتنا مشکل لگ رہا تھا کہ میں اور وراٹ کوہلی تو ۱۴۰۔ ۱۵۰؍رن کے اسکور تک پہنچنے کی بات کر رہے تھے۔ یہ رانچی کے ۵؍ روزہ ٹیسٹ میچ کی طرح برتاؤ کر رہی تھی اور وہاں سے ۲۰۰؍رن کے پار جانا ناقابل یقین تھا۔ 
انہوں نے کہاکہ ’’شائقین ہمارے ساتھ اس وقت بھی کھڑے تھے جب ہم جیت نہیں رہے تھے۔ ہمیں جس طرح کی حمایت ملی اس کیلئے ہم مداحوں کے شکر گزار ہیں۔ ایک ٹیم کے طور پر، ہم اس بے پناہ حمایت کیلئے انہیں لیپ آف آنر بھی دیں گے۔ ڈو پلیسس کو ان کی نصف سنچری اور مڈ آف پر مشیل سینٹنرکا ایک ناقابل یقین کیچ لینے کے لئے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوارڈ کے اصل حقدار دیال ہیں جنہوں نے نہ صرف ایک گیلی گیند کے ساتھ گیندبازی کی بلکہ دباؤ کو اپنے پرحاوی نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ میچ بہت قریب چلا گیا تھا۔ ایک وقت جب ایم ایس دھونی بلے بازی کر رہے تھے، تب میں یہی دعاکررہا تھا کہ وہ اپنا فارم حاصل نہ کرپائیں کیونکہ اس پوزیشن سے وہ کئی بار میچ کو اپنی ٹیم کے حق میں جھکا چکے ہیں۔ میں یہ ایوارڈ یش دیال کو وقف کرنا چاہتا ہوں۔ 
رائل چیلنجرز بنگلور، چنئی سپر کنگز کو۲۷؍ رن سے شکست دے کر پلے آف میں 
رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے بلے بازوں وراٹ کوہلی (۴۷)، فاف ڈوپلیسس (۵۴)، رجت پاٹیدار(۴۱؍رن) اور کیمرون گرین کی شاندار کارکردگی کے بعد گیندبازوں کی عمدہ گیندبازی کی بدولت انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک اہم میچ میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو۲۷؍ رن سے شکست دے کر پلے آف میں داخلہ حاصل کرلیا۔  
بنگلور اور چنئی کا میچ بارش کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ بنگلور کی اننگز میں ۳؍ اوور کے بعد بارش شروع ہوگئی۔ ۲۱۹؍رن کے ہدف کا تعاقب کرنے والی سی ایس کے کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر پہلا جھٹکا لگا۔ گلین میکسویل نے کپتان رتوراج گائیکواڑ کو یش دیال کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ گائیکواڑ اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے۔ تیسرے اوور میں چنئی کو دوسرا جھٹکا لگا۔ یش دیال نے بنگلور میں دوسری کامیابی دلائی۔ اوور کی دوسری گیند پر یش دیال نے ڈیرل مشیلکو مڈ آف پر وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ یہ بنگلور کیلئے دوسری اور یش کیلئے پہلی کامیابی تھی۔ پاور پلے میں چنئی کا اسکور۵۸/۲؍ رہا۔ پاور پلے میں گلین میکسویل اور یش دیال نے۱۔ ۱؍ وکٹ حاصل کیا۔ چنئی کا تیسرا وکٹ ۱۰؍ویں اوور کی پہلی گیند پر گرا۔ لوکی فرگیوسن نے اجنکیا رہانے کو فاف ڈو پلیسس کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK