• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ ڈِنگ لرین کے خلاف گوکیش خود کو خطاب کا دعویدار نہ سمجھیں‘‘

Updated: November 22, 2024, 12:14 PM IST | Agency | New Delhi

۲۵؍نومبر کو سنگاپور میں ہونے والے مقابلے سے قبل ارجن نے ہندوستانی شطرنج کھلاڑی کو مشورہ دیا۔

Indian chess player D Gokesh. Photo: INN
ہندوستانی شطرنج کھلاڑی ڈی گوکیش۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی گرینڈ ماسٹر ڈی گوکیش چین کے ڈِنگ لرین کے خلاف ورلڈ چمپئن شپ میچ کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس میچ سے پہلے ہم وطن ارجن اریگیسی نے انہیں اہم مشورہ دیا ہے۔ ارجن کا خیال ہے کہ گوکیش کو صرف اپنی تیاریوں پر توجہ دینی چاہیے اور اپنے آپ کو خطاب جیتنے والا مضبوط دعویدار نہیں سمجھنا چاہیے۔ واضح رہے کہ لرین ۲۵؍نومبر سے سنگاپور میں ہونے والی عالمی چمپئن شپ سے قبل مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے گوکیش کو خطاب کا مضبوط دعویدار سمجھا جا رہا ہے۔ 
 اس سال ستمبر میں ۲؍ہزار۷۹۹؍کی بہترین ریٹنگ کے ساتھ تاریخ میں ۱۵؍ ویں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے ارجن نے کہا ’’اگر میں گوکیش کی جگہ ہوتا تو میں یہ نہیں سوچتا کہ میں مضبوط دعویدار ہوں۔ میں صرف اپنی تیاریوں پر توجہ دیتا اور مجھے یقین ہے کہ گوکیش بھی ایسا ہی کریں گے۔ میرے خیال میں یہ واضح ہے کہ گوکیش ایک مضبوط دعویدار ہیں۔ دونوں کے اپنے مضبوط اور کمزور پوائنٹس ہیں اس کے باوجود مجھے لگتا ہے کہ گوکیش ایک مضبوط دعویدار ثابت ہوں گے۔ چینی کھلاڑی ڈنگ لرین اس وقت اچھے فارم میں نہیں ہیں۔ ‘‘
 ارجن کا خیال ہے کہ اگر لرین اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلتے ہیں تو یہ ایک مشکل میچ ہوگا۔ انہوں نے کہا’’اگر لرین اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو یہ ایک بہت ہی دلچسپ میچ ثابت ہوگا۔ شطرنج کے پرستار کے طور پر مجھے امید ہےکہ ڈنگ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے تاکہ یہ ایک دلچسپ میچ ہو۔ لیکن ایک ہندوستانی ہونے کے ناطے میں گوکیش کی حمایت کرتا ہوں۔ ارجن کا خیال ہے کہ ۵؍ بار کے عالمی چمپئن میگنس کارلسن کا ہنر انہیں شطرنج کی دنیا میں سب سے آگے رکھتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ناروے کا یہ کھلاڑی اپنے مخالفین کو بے چین کر دیتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK