Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارسلونا کے خلاف ڈورٹمنڈ چاروں شانے چِت

Updated: April 11, 2025, 11:46 AM IST | Barcelona

چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں بارسانے بوروسیا کو چار صفر سے ہرادیا، لیوانڈوسکی نے ۲؍گول کئے۔

For Barcelona, ​​Yamin Yamal (right), Rafinha scored one goal each, while Robert Lewandowski (left) scored two goals. Photo: INN.
بارسلونا کےلئے یامین یمال (دائیں )، رافنہا نے ایک ایک گول جبکہ رابرٹ لیوانڈوسکی (بائیں ) نے ۲؍گول کئے۔ تصویر: آئی این این۔

رافینہا اور رابرٹ لیوانڈوسکی کی شاندار کارکردگی کی بدولت بارسلونا نے چمپئن لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ کےکوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں بوروسیا ڈورٹمنڈ کیخلاف چار صفر سے شاندار جیت درج کی۔ لیوانڈوسکی نے ۲؍ گول کئے جبکہ رافینہا نے ایک گول کیا اور ایک گول میں معاون رہے۔ اس شاندار برتری کے ساتھ بارسلونا ۲۰۱۹ءکے بعد پہلی بار چمپئن لیگ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی مضبوط پوزیشن میں ہے۔ بارسلونا کے لئے لامین یمال نے بھی گول کر کے جرمن ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔ واصح رہے کہ کوارٹر فائنل کا دوسرا مرحلہ منگل کو ڈورٹمنڈ میں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ ڈورٹمنڈ گزشتہ سال کی رنرز اپ ہے جہاں اسے فائنل میں ایک اور ہسپانوی ٹیم ریئل میڈرڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 
رافنہا نے میسی کی برابری کی
رافنہا نے چمپئن لیگ کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ گول میں ملوث ہونے کے لیونل میسی کے کلب ریکارڈ کی برابری کر لی ہے۔ برازیلی فارورڈ نے اپنی ٹیم بارسا کیلئے ایک گول اسکور کیا اور ایک میں معاونت کی جس سے وہ اس سیزن میں اپنی ٹیم کیلئے ۱۹؍گول میں معاون ہوئے، جو ۱۲۔ ۲۰۱۱ءکے سیزن میں میسی کے حاصل کردہ اعداد و شمار کے برابر ہے۔ 
میچ کے بعد رابرٹ لیوانڈوسکی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو کہا کہ ’’ہم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ابھی سے سیمی فائنل کے بارے میں سوچنا قبل از وقت ہے۔ ہم نے اپنے گھریلو میدان پر ۴؍ گول اسکور کئے ہیں، تاہم ہمیں ابھی کوارٹر فائنل کا دوسرا لیگ کھیلنا باقی ہے۔ ‘‘
کرسٹیانو رونالڈو سے آگ نکل گئے
۳۶؍سالہ تجربہ کار فارورڈ لیوانڈوسکی نے ۳۵؍ سال کی عمر کے بعد ۱۴؍چمپئن لیگ گول اسکور کیا جو کرسٹیانو رونالڈو کے مقابلے میں ۲؍ زیادہ ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ لیوانڈوسکی نے ۲۰۱۱ءسے ۲۰۱۴ءکے درمیان بوروسیا ڈورٹمنڈ کے لئے کھیلتے ہوئے چمپئن لیگ میں اپنے ۱۰۵؍ کریئر گول میں سے ۱۷؍ گول کئے تھے۔ پولینڈ کے بین الاقوامی کھلاڑی، جو اس سیزن میں ۲۵؍گول کے ساتھ ہسپانوی لیگ میں بھی سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں، نے اس سیزن میں اب تک مجموعی طور پر ۴۰؍گول اسکور کئے ہیں۔ لیوانڈوسکی نے اپنی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا’’میرے ذہن میں ہمیشہ یہ رہتا ہے کہ میں اپنی صلاحیت اور اپنے گول کے ذریعے ٹیم کی مدد کروں۔ ایک اسٹرائیکر کو ہمیشہ گول کرنے کے بارے میں سوچنا ہوتا ہے اور جب ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو میرے لئے یہ کام آسان ہو جاتا ہے۔ فٹبال ٹیم گیم ہے اور ساتھی کھلاڑیو ں کی مدد سے کام آسان ہوجاتا ہے۔ ‘‘
پی ایس جی کی فتح
ایک دیگر کوارٹر فائنل فرسٹ لیگ میچ میں پیرس سینٹ جرمین ( پی ایس جی) نےکھویچا کوارتکھیلیا کے شاندار گول کی بدولت ایسٹن ولا کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دےدی۔ مورگن راجرز نے ۳۵؍ویں منٹ میں ولا کو برتری دلائی لیکن ۱۹؍سالہ ڈیزائر ڈوو نے ۴؍ منٹ بعد سیزن کا ۱۲؍واں گول کرکے پی ایس جی کو برابری دلا دی۔ میچ کے ہاف ٹائم کے بعد کوارتکھیلیا نے پی ایس جی کو ۴؍ منٹ آگے کر دیا۔ فرانسیسی ٹیم کے لئے لیفٹ بیک نونو مینڈس نے اسٹاپیج ٹائم میں تیسرا گول کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK