• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایمر جنگ ایشیا کپ: آج ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فائنل

Updated: July 23, 2023, 11:25 AM IST | Colombo

آج خطابی مقابلے میں روایتی حریفوں کی ٹکر۔ پاکستان اے کے مقابلے ہندوستان اے کا پلڑا بھاری

Team India captain Yash Dhol
ٹیم انڈیا کے کپتان یش دھول

ٹورنامنٹ میں اب تک اچھی کارکردگی پیش کرنے والے ہندوستان اے اتوار کو یہاں ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف پاکستان اے کے خلاف زبردست مقابلہ کرنے کیلئے میدان پر اترے گا۔ ہندوستان  اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچوں میں کسی کو فتح کا مضبوط دعویدار کہنا مشکل ہوتاہےاس کےباوجود   ہندوستانی ٹیم  کے  فارم کو دیکھ کر اسے اس میچ میں فتح  کا دعویدار قرار دیا جا رہا ہے۔
 ہندوستانی ٹیم اس میچ میں بھی بلند حوصلے کے ساتھ اترے گی کیونکہ اس نے لیگ مرحلے میں پاکستان کو شکست دی تھی  تاہم  ہندوستانی کھلاڑیوں کو حد سے زیادہ اعتماد سے بچنا ہوگا جس نے ایک مرحلے پر بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل میں ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔ بنگلہ دیش کے خلاف آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم۲۱۱؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔
 بنگلہ دیش کے اوپنرس نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور۱۸؍ویں اوور تک ان کا اسکور ایک وکٹ پر۹۴؍ رن تھا۔ اس کے بعد ہندوستانی اسپنرس نشانت سندھو اور مناو ستار نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو۱۶۰؍ رن پر آؤٹ کردیا۔ کپتان یش دھول کی۶۶؍ رن کی اہم اننگز اور شاندار فیلڈنگ نے بھی ہندوستان  کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
 ہندوستان کے زیادہ تر کھلاڑیوں نے اب تک اپنا حصہ ڈالا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف اپنی اچھے فارم کو جاری رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ تاہم ہندوستانی ٹیم کو پاکستان کو کسی بھی طرح کم نہیں سمجھنا چاہئے کیونکہ ان کی ٹیم میں بہت سے ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں انٹرنیشنل میچ اور پاکستان سپر لیگ کھیلنے کا تجربہ ہے۔
 آل راؤنڈر محمد وسیم، کپتان محمد حارث، اوپنر صاحبزادہ فرحان اور تیز گیندباز ارشد اقبال کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہے جب کہ عماد بٹ اور عمر یوسف نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK