• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہا

Updated: September 09, 2024, 4:24 PM IST | Agency | London

معین نے کہا: میری عمر۳۷؍ سال ہے اور مجھے آسٹریلیا کیخلاف وائٹ بال سیریز کیلئےمنتخب نہیں کیا گیا۔ میں نے انگلینڈ کیلئے کافی کرکٹ کھیلا ہے۔

Moeen Ali. Photo: INN
معین علی۔ تصویر : آئی این این

آسٹریلیا کے ساتھ وائٹ بال سیریز کیلئے ٹیم میں منتخب نہ ہونے کے بعد انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی نے بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو الوداع کہہ دیا ہے۔ معین نے ڈیلی میل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میری عمر۳۷؍ سال ہے اور مجھے آسٹریلیا کے ساتھ وائٹ بال سیریز کیلئے منتخب نہیں کیا گیا۔ میں نے انگلینڈ کے لئے کافی کرکٹ کھیلا ہے اور اب اگلی نسل کا وقت آ گیا ہے، جیسا کہ مجھے بتایا گیا تھا۔ میں نے محسوس کیا کہ یہ اپنے تعاون کو ختم کرنے کا صحیح وقت ہے۔ 
 انہوں نے کہا کہ ’’اب بھی میں کہہ سکتا ہوں کہ میں انگلینڈ کیلئے کھیلنے کی کوشش جاری رکھوں گا، لیکن سچ یہ ہے کہ میں ایسا نہیں کر سکوں گا۔ یہاں تک کہ میں ریٹائرمنٹ اس لئے نہیں لے رہا ہوں کہ میں اب بہتر نہیں کھیل سکتا، مجھے اب بھی اپنے آپ پر یقین ہے کہ میں کھیل سکتا ہوں لیکن یہ ایسے ہی چلتا ہے، ٹیم ایک مختلف سمت میں جاتی ہے۔ لہٰذا میں اپنے ساتھ دیانتدار رہنا چاہتا ہوں۔ ‘‘
 انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے آپ پر فخر ہے۔ جب آپ پہلی بار انگلینڈ کیلئے کھیلتے ہیں تو آپ کو نہیں معلوم ہوتا کہ آپ کتنے میچ کھیلنے والے ہیں۔ اس لئے ۳۰۰؍ کے قریب میچ کھیلنا بڑی بات ہے۔ میں نے اپنے کریئر کے ابتدائی چند برسوں میں زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلا۔ جب مورگن محدود اوورس کے کپتان بنے تو یہ زیادہ دلچسپ سفر رہا لیکن ٹیسٹ کرکٹ ہی کرکٹ کی اعلیٰ ترین شکل تھی۔ 
 فرنچائزی کرکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’’میں اب بھی کرکٹ کھیلنا جاری رکھوں گا، اس لئے کچھ فرنچائزی کرکٹ کھیلوں گا لیکن کوچنگ ایک ایسی چیز ہے جو میں مستقبل میں کرنا چاہوں گا اور میں وہاں بھی بہترین بننے کی کوشش کروں گا۔ میں برینڈن میکولم سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہوں۔ میں چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے ایک زندہ دل انسان کے طور پر جانیں۔ میں نے بہت سے اچھے شاٹس مارے ہیں تو کئی برے شاٹس بھی کھیلے ہیں لیکن مجھے امید ہے کہ لوگ میرا کھیل پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے انگلینڈ کے لئے ٹیسٹ، یکروزہ اور ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں انگلینڈ کی نمائندگی کی ہے۔ میرے پاس کریئر کی بہت سی ایسی یادیں جنہیں میں کبھی بھول نہیں سکوں گا۔ میں نے اپنی ٹیم کیلئے ہر فارمیٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کی ہےاور اس میں کامیاب رہا ہوں۔ امید کرتاہوں کہ انگلینڈ کو مجھ سے بہتر آل راؤنڈر ملے گا۔ 
 معین علی نے۲۰۱۴ءمیں ایک آل راؤنڈر کے طور پر بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا اور ۶۸؍ ٹیسٹ، ۱۳۸؍ ون ڈے اور۹۲؍ ٹی ۲۰؍ میچ کھیلے۔ انگلینڈ کیلئے بین الاقوامی سطح پر (تمام فارمیٹس) معین نے۶۶۷۸؍ رن، ۸؍ سنچریاں، ۲۸؍ نصف سنچریاں اور۳۶۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے آخری بار انگلینڈ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں نمائندگی اس سال گیانا میں کی تھی جہاں انگلینڈ کو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK