• Fri, 07 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گل کے آگے انگلش گیندباز ناکام، ہندوستان کی فتح

Updated: February 07, 2025, 2:18 PM IST | Agency | Nagpur

ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلا یکروزہ میچ ۴؍وکٹ سے جیت لیا۔ سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل۔ شبھمن گل نے ۸۷؍رن کی اننگز کھیلی۔

Shubman Gill. Picture: INN
شبھمن گل۔ تصویر: آئی این این

رویندر جڈیجا اور ہرشیت رانا (۳۔۳؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد شبھمن گل (۸۷؍رن) ، اکشر پٹیل (۵۲) اور شریاس ایّر(۵۹؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کو پہلے ون ڈے میچ میں انگلینڈ کو۶۸؍ گیندیں باقی رہ کر ۴؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
  انگلینڈ کے۲۴۸؍ رن کے جواب میں بیٹنگ کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور اس نے صرف۱۹؍ رن پر ۲؍ وکٹ گنوا  دیئے۔ کپتان روہت شرما۲؍ اور یشسوی جیسوال  ۱۵؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد شبھمن گل اور شریاس ایّر نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے ۹۴؍ رن کی شراکت ہوئی۔ جیکب بیتھل نے اس شراکت کو۱۶؍ویں اوور میں ایل بی ڈبلیو کر کے توڑ دیا۔ شریاس ایّر نے۳۶؍ گیندوں پر۵۹؍ رن کی اننگز کھیلی جس میں ۹؍ چوکے اور ۲؍ چھکے شامل تھے۔ اس کے بعد بیٹنگ کیلئے آئے اکشر پٹیل نے گل کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے۱۰۸؍ رن کی مضبوط شراکت ہوئی۔ فتح کی جانب گامزن ہندوستانی ٹیم نے ۳۴؍ویں اوور میں اکشر پٹیل کو بولڈ کرکے شراکت توڑ دی۔ اکشر پٹیل نے۴۷؍گیندوں پر۶؍چوکے اور ایک چھکا لگا کر۵۲؍ رن بنائے۔ کے ایل راہل (۲) کو عادل رشید نے اپنی ہی گیند پر کیچ کر کے ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد ثاقب محمود نے سنچری کی جانب بڑھنے والے شبھمن گل کو بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو بڑا دھچکا دیا۔ گل نے۹۶؍ گیندوں پر ۱۴؍ چوکوں کی مدد سے۸۷؍ رن کی اہم اننگز کھیلی۔ ہندوستان نے۳۸ء۴؍ اوورس میں ۶؍ وکٹوں پر ۲۵۱؍رن بنانے کے بعد یہ میچ۴؍ وکٹ سے جیت لیا۔ رویندر جڈیجا ۱۲؍ اور ہاردک پانڈیا ۹؍ رن  بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔  انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود اور عادل رشید نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ جوفرا آرچر اور جبیک بیتھل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
  اس سے قبل  رویندر جڈیجا اور ہرشیت رانا (۳؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کو پہلے ون ڈے میں انگلینڈکو ۴۷ء۴؍ اوورس میں ۴؍ وکٹ پر ۲۴۸؍ رن پر روک دیا۔
 انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے جمعرات کو ناگپور کے ودربھ کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ فل سالٹ اور بین ڈکٹ کی انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی نے پہلے  وکٹ کے لیے ۷۵؍ رن کی شراکت کے ساتھ شاندار آغاز کیا۔ ۹؍ویں اوور میں وکٹ کیپر کے ایل راہل نے فل سالٹ کو رن آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ فل سالٹ نے ۲۶؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۴۳؍ رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں ہرشیت رانا نے بین ڈکٹ(۳۲؍رن )  کو آؤٹ کر کے  ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی۔ اسی اوور میں ہرشیت نے ہیری بروک (صفر) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو تیسری کامیابی دلائی۔۱۹؍ویں اوور میں رویندر جڈیجا نے جو روٹ(۱۹؍رن)  کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔۳۶؍ویں اوور میں ہرشیت رانا نے لیام لیونگ اسٹون  (۵؍رن) کو وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کر کے ہندوستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔ محمد سمیع نے ۴۰؍ویں اوور میں برائیڈن کارس (۵؍رن) کو آؤٹ کیا۔ رویندر جڈیجا نے۴۳؍ویں اوور میں جیکب بیتھل (۵۱؍رن) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کی ایک بڑا مجموعہ درج کرنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ جڈیجا نے عادل رشید (۸؍رن) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو ایک اور جھٹکا دیا۔۴۸؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر کلدیپ یادو نے ثاقب محمود (۲؍رن) کو وکٹ کیپر کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کروا کے انگلینڈ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ انگلینڈ نے کپتان جوس بٹلر(۵۲؍رن)، جیکب بیتھل(۵۱؍رن)  اور فل سالٹ (۴۳؍رن)  کی شاندار اننگز کی بدولت ۵؍ وکٹ پر۲۴۸؍ رن بنائے۔ جوفرا آرچر  نے  ناٹ آؤٹ ۲۱؍رن  بنائے۔ ہندوستان  کی جانب سے ہرشیت رانا اور رویندر جڈیجا نے ۳۔۳؍ وکٹ لئے۔ اکشر پٹیل، محمد سمیع اور کلدیپ یادو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK