• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

انگلینڈ نے امریکہ کو۱۰؍ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھا

Updated: June 24, 2024, 9:48 PM IST | Kingstown

انگلینڈ نےکرس جارڈن کی ایک ہی اوور میں ہیٹ ٹرک (۴؍ وکٹ) اور کپتان جوس بٹلر (۸۳؍رن ) کی طوفانی اننگز کی بدولت ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ کے میچ میں امریکہ کو ریکارڈ۱۰؍ وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا

England Players. Photo:PTI
انگلینڈ کے کھلاڑی۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

انگلینڈ نےکرس جارڈن کی ایک ہی اوور میں ہیٹ ٹرک (۴؍ وکٹ) اور کپتان جوس بٹلر (۸۳؍رن ) کی طوفانی اننگز کی بدولت ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ  کے سپر ایٹ گروپ۲؍ کے میچ میں امریکہ کو ریکارڈ۱۰؍ وکٹوں سے شکست  دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ۔انگلش ٹیم نے۱۱۶؍ رن کا ہدف صرف ۹ء۴؍ اوورس میں حاصل کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی دفاعی چمپئن  انگلینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔  
۱۱۶؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی فل سالٹ اور کپتان جوس بٹلر نے دھماکہ خیز انداز میں شروعات کی اور ۹ء۴؍ اوور س میں ۱۱۷؍ رن بنا کر۱۰؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ فل سالٹ نے۲۱؍ گیندوں پر ۲۵؍ رن بنائے۔ جوس بٹلر نے۳۸؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۷؍ چھکوں کی مدد سے۸۳؍ رن کی شاندار ناٹ آؤٹ  اننگز کھیلی۔ ان دونوں کی بیٹنگ کے سامنے کوئی بھی امریکی گیند باز کامیاب نہ ہو سکا۔
اس سے قبل  انگلینڈ نے کرس جارڈن (۴؍ وکٹ) اور دیگر گیند بازوں کی زبردست کارکردگی کی بدولت    امریکہ کو۱۸ء۵؍ اوور میں۱۱۵؍ رن پر سمیٹ دیا تھا۔  انگلینڈ کے کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر امریکہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ جب وہ بیٹنگ کیلئے  آئے تو امریکہ کی شروعات خراب رہی۔ پہلے ہی اوور میں ریس ٹوپلے نے اینڈریاس گاس (۸) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد چھٹے اوور میں سیم کیورن  نے اسٹیون ٹیلر (۱۲؍رن) کو معین علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ نتیش کمار (۳۰؍رن)، کپتان ایرون جونس (۱۰؍رن) عادل رشید کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔ کوری اینڈرسن۲۹؍رن، ہرمیت سنگھ ۲۱؍ اور ملند کمار۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کرس جارڈن نے صفر پر ۳؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ امریکی ٹیم۱۸ء۵؍ اوورس میں۱۱۵؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK