• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیزکو ۶؍وکٹوں سے ہرا دیا

Updated: December 08, 2023, 11:31 AM IST | Agency | New Delhi

۳؍میچوں کی یکروزہ سیریز کا دوسرا میچ جیت کر ایک ایک کی برابری حاصل کی،وِل جیکس اور جوز بٹلر کی ہاف سنچریاں۔

England`s batsman Jos Buttler scored 58 not out against the West Indies with a brilliant batting performance. Photo: INN
انگلینڈ کے بلے باز جوز بٹلر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹ آؤ ٹ ۵۸؍رن بنائے۔۔ تصویر : آئی این این

جوس بٹلر کی کپتانی والی انگلینڈ کی ٹیم کو میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگریز ٹیم نے اس شکست کا بدلہ۳۶؍گھنٹوں میں ہی لے ۳؍میچوں کی یکروزہ سیریز میں ایک ایک سے برابری حاصل کر لی۔
سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ۶؍وکٹوں سے شکست دے کر۳؍ میچوں کی سیریز میں زبردست واپسی کی۔ اب آخری یکروزہ میچ فیصلہ کن ہوگا ۔ سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پورے ۵۰؍اوور بھی نہیں کھیل سکی اور انگلینڈ کے گیند بازوں کے سامنے ۲۰۲؍رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ انگلینڈ کے تیز گیندباز سیم کورن کو میچ کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا۔یاد رہے کہ میزبان ویسٹ انڈیز نے پہلے میچ میں انگلینڈ کو ۴؍وکٹوں سے ہراکر ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔
اینٹیگا کے سر ویوین رچرڈس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے یکروزہ میچ میں جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر شائی ہوپ اینڈ کمپنی کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۳۹ء۴؍اوور میں ۲۰۲؍رن ہی بنا سکی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے شائی ہوپ نے ۶۸؍ گیندوں پر ۶۸؍رن بنائے جس میں ۶؍چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ شیرفین ردرفورڈ نے۸۰؍گیندوں پر ۶۳؍رن بنائے۔ ردرفورڈ نے اپنی نصف سنچری اننگز میں ۷؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ویسٹ انڈیز کے ۵؍ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔ انگلینڈ کی جانب سے تیز گیندباز سیم کرن اور لیام لیونگسٹون نے ۳۔۳؍جبکہ گس اٹکنسن اور ریحان احمد نے ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں۔
 ۲۰۳؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم کو فل سالٹ اور ول جیکس نے عمدہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے نصف سنچری کی شراکت داری نبھائی۔ سالٹ ۲۱؍ رن کے ذاتی اسکور پر روماریو کی گیند پر شیفرڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ موتی نے جیک کراؤلی اور بین ڈکٹ کو سستے میں آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کو دوہرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد جیکس کو ہیری بروککا ساتھ ملا۔ جیکس ۷۲؍گیندوں میں ۷۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے ۶؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔ جیکس کے آؤٹ ہونے کے بعد بروک اور جوس بٹلر ناقابل شکست رہے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ بروک ۴۹؍گیندوں پر ۴۳؍رن بنانے کے بعد ناقابل شکست لوٹے جبکہ بٹلر نے ۴۵؍گیندوں پر ۵۸؍ رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ونڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے ۲؍جبکہ روماریو شیفرڈ اور شیرفین ردرفورڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ۹؍ دسمبر کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ۵؍ٹی ۔۲۰؍ میچوں کی سیریز میں ٹکرائیں گی۔ میچ کے بعد جوز بٹلر نے اپنی بلے بازی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK