• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

انگلینڈ کو لگا جھٹکا، بین اسٹوکس ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ نہیں کھیلیں گے

Updated: April 03, 2024, 11:03 AM IST | Agency | London

اسٹار آل راؤنڈر نے کہا کہ وہ تمام فارمیٹ میں گیندبازی بھی کرنا چاہتے ہیں اس لئے بولنگ فٹنس پر توجہ دینے کیلئے نام واپس لیا ہے۔

Ben Stokes. Photo: INN
بین اسٹوکس۔ تصویر : آئی این این

بین اسٹوکس جون میں ہونے والے ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ نہیں کھیلیں گے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے کہا کہ اسٹوکس نے سلیکشن کیلئے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ اسٹوکس انگلینڈ کی ۲۰۲۲ءورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔ ٹورنامنٹ کے فائنل میں انہوں نے نصف سنچری بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ ایم سی جی میں انگلینڈ نے پاکستان کو ۵؍وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ 
بین اسٹوکس نے۲۰۲۲ء کے ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد سے ایک بھی ٹی۔ ۲۰؍انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ منگل کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں اسٹوکس نے کہا کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں آل راؤنڈر کے طور پر واپسی کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں اور اپنی گیندبازی فٹنس پر توجہ مرکوز کر رہا ہوں۔ اسٹوکس کا مزید کہنا تھا کہ آئی پی ایل اور ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کے فیصلہ سے مستقبل میں مجھے ایک بہتر آل راؤنڈر بننے میں مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ یکم سے ۲۹؍جون تک ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے۹؍ شہروں میں کھیلا جائے گا۔ 
  اسٹوکس نے مزید کہا کہ ہندوستان کے حالیہ ٹیسٹ دورہ نے مجھے دکھایا کہ میں بولنگ میں کتنا پیچھے رہ گیا ہوں۔ میں اپنے ٹیسٹ موسم گرما کے آغاز سے قبل کاؤنٹی چمپئن شپ میں ڈرہم کے لئے کھیلنے کا منتظر ہوں۔ میں۔ ۲۰؍ورلڈ کپ ٹیم کے کپتان جوس بٹلر، میتھیو موٹ اور پوری ٹیم کو اپنے خطاب کے دفاع کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ فروری۔ مارچ ۲۰۲۴ءمیں ٹیم انڈیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اسٹوکس صرف ۵؍ اوور ہی گیندبازی کر پائے تھے۔ 
  یاد رہے کہ بین اسٹوکس یکروزہ ورلڈ کپ کھیلنے کیلئے ر یٹائرمنٹ سے واپس آئے تھے۔ بین اسٹوکس نے ۲۰۲۲ءمیں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر۔ نومبر میں یکروزہ عالمی کپ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم اس وجہ سے انہیں گھٹنے کی سرجری میں تاخیر کرنے پر مجبور کیا اور وہ ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی حالیہ ایک چار ٹیسٹ سیریز میں شکست کے دوران صرف ۵؍ اوور گیندبازی کر سکے تھے۔ 
  آئی پی ایل ۲۰۲۴ءسے باہر ہونے کے بعد بین اسٹوکس اگلے چند مہینوں میں کاؤنٹی چمپئن شپ میں ڈرہم کے لیے کھیلنے کی امید کر رہے ہیں۔ اسٹوکس نے گزشتہ ۳؍ برسوں میں ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کے لئے صرف ۳؍ٹی۔ ۲۰؍ میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے اپنے کریئر میں صرف۴۳؍میچوں میں صرف ایک نصف سنچری بنائی اور ۲۶؍وکٹیں حاصل کیں۔ 
 دریں اثناءاسٹوکس کی غیر موجودگی میں انگلینڈ لیام لیونگسٹن کو ٹیم میں چوتھے نمبر پر موقع دے سکتا ہے۔ لیونگسٹن نے دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف۲۔ ۳؍سے شکست کے دوران چوتھے نمبر پر بلے بازی کی تھی۔ تاہم لیونگسٹن اتوار کو پنجاب کنگز کیلئے فیلڈنگ کرتے ہوئے پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ اب ان کے ا سکین کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ لیونگسٹن کے علاوہ آل راؤنڈر جیمی اوورٹن بھی مد مقابل ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK