ایلکس کیری کی مدد سے آسٹریلیا نے بڑا اسکور بنایا تھا۔ کنگارو ٹیم۵؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۲؍سے آگے۔
EPAPER
Updated: September 22, 2024, 3:43 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ایلکس کیری کی مدد سے آسٹریلیا نے بڑا اسکور بنایا تھا۔ کنگارو ٹیم۵؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۲؍سے آگے۔
آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں۶۸؍ رن سے شکست دے کر۵؍میچوں کی سیریز میں۰۔۲؍ کی برتری حاصل کر لی۔
سنیچر کی رات ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم۲۷۱؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اچھی شروعات نہیں کر سکی اور۶۵؍رن کے اسکور تک ۵؍ وکٹ گنوا بیٹھی۔ فل سالٹ (۱۲)، ول جیکس (صفر)، کپتان ہیری بروک (۴)، بینڈکٹ (۳۲) اور لیام لیونگ اسٹون (صفر) پر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ نے سب سے زیادہ ۴۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔ جیکب بیتھل ۲۵ ، بریڈن کارس ۲۶ ، عادل رشید ۲۷؍ اور اولی اسٹون ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ میتھیو پوٹس (۷) ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیائی گیند بازوں نے انگلینڈ کی پوری ٹیم کو۴۰ء۲؍ اوورس میں۲۰۲؍ رن تک محدود کر دیا اور میچ۶۸؍ رن سے جیت لیا۔ یہ ون ڈے میچوں میں آسٹریلیا کی لگاتار ۱۴؍ویں جیت ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس سے قبل ۲۰۰۳ء میں آسٹریلیا نے لگاتار۲۱؍ ون ڈے میچ جیتے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شاندار بلے بازی کرنے والے ایلکس کیری ۷۴؍رن بنا کر مین آف دی میچ منتخب ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مشیل اسٹارک نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ جوش ہیزل ووڈ، گلین میکسویل اور ایرون ہارڈی نے ۲۔۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ایڈم زمپا نے ایک وکٹ لیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ایک موقع پر اس کے ۳؍ وکٹ گر چکے تھے جب اسکور۸۹؍رن تھا۔ ٹریوس ہیڈ (۲۹؍رن) ایک رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں بریڈن کارس نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد دوسرے اوپنر میتھیو شارٹ بھی ۲۹؍رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسٹیو اسمتھ (۴)، مارنس لبوشین (۱۹؍رن) اور گلین میکسویل ۷؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایلکس کیری نے۷۴؍ رن کی اننگز میں ۸؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ کپتان مشیل مارش نے۵۹؍ گیندوں پر۳؍ چھکے اور ۶؍ چوکے لگا کر ۶۰؍ رن بنائے۔ آسٹریلیا کے دو بلے بازوں کے علاوہ باقی ٹیم انگلینڈ کے گیند بازوں کے سامنے بے بس نظر آئی۔ انگلینڈ کی جانب سے کارس نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ میتھیو پوٹس، عادل رشید اور جیکب بیتھل نے ۲۔۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔