• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ای پی ایل میں خطاب کی دوڑ دلچسپ، سٹی نے آرسنل کو ٹاپ پوزیشن سے بے دخل کیا

Updated: May 16, 2024, 11:25 AM IST | London

پریمیر لیگ کے میچ میں دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے ٹوٹنہم ہاٹسپر کو ۰۔ ۲؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) میں خطاب کی دوڑ دلچسپ ہوگئی ہے اور اب براہ راست مقابلہ دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی فٹبال کلب اور آرسنل فٹبال کلب (گنرس ) کے درمیان ہے۔ منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی نے ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب کو ۰۔ ۲؍گول سے شکست دے کر آرسنل کو ٹاپ پوزیشن سے بے دخل کردیا اور دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ 
لندن کے کلب کو شکست دینے کے بعد سٹی کو پورے ۳؍پوائنٹس ملے اور ٹیبل اس کے ۳۷؍ میچو ں میں ۸۸؍پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ اب آخری راؤنڈ میچ باقی ہے جو کہ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ اس دن ای پی ایل کی سبھی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جس میں مانچسٹر سٹی کا مقابلہ ویسٹ ہیم یونائٹیڈ سے ہوگا اور آرسنل کی ٹکر ایورٹن فٹبال کلب سے ہوگی۔ ای پی ایل کی دونوں ٹیمیں تقریباً فائنل کھیلنے والی ہیں۔ آرسنل کے اس وقت ۳۷؍ میچو ں میں ۸۷؍ پوائنٹس ہیں لیکن وہ گول فر ق کے معاملے میں سٹی سے پیچھے ہے۔ اگر سٹی اور آرسنل کے پوائنٹس یکساں ہوتے ہیں تب چمپئن مانچسٹر سٹی فٹبال کلب رہے گا۔ اگر سٹی نے اپنا آخری میچ جیت لیا تو اس آرسنل کیلئے جیتنے کی گنجائش نہیں ہوگی۔ اگر آرسنل فٹبال کلب نے اپنا آخری مقابلہ جیت لیا اور اسی دن مانچسٹر سٹی نے اپنا میچ گنوادیا تو آرسنل کے ٹرافی اٹھانے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔ لیکن یہ اتوار کا وقت ہی بتائے گاکہ ای پی ایل کی چمپئن شپ کا تاج کون سا فٹبال کلب پہنے گا۔ 
منگل کی دیر رات ہونے والے میچ میں سٹی کی جانب سے دونوں گول ارلنگ ہالینڈ نے کئے۔ ارلنگ ہالینڈ نے اس سیزن میں شاندا رکارکردگی کامظاہرہ کیاہے اور انہوں نے مسلسل گول کئے ہیں۔ انہو ں نے پہلا گول ۵۱؍ویں منٹ میں کیا۔ دوسرا گول انہو ں نے میچ کے آخری لمحات میں پنالٹی پر کیا جس سے ٹیم کی جیت یقینی ہوگئی۔ ان ۲؍گول کی بدولت ارلنگ ہالینڈ نے سٹی کی جانب سے اس لیگ میں اپنے گول کی تعداد ۲۷؍ کردی ہے اور وہ اس وقت ای پی ایل میں ٹاپ اسکورر ہیں۔ ممکن ہے کہ انہیں اس سیزن کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا جائے گا کیونکہ ان کے مقابلے میں کوئی مضبوط کھلاڑ ی نہیں ہے۔ 
میچ کے بعد سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے کہاکہ ہم نے اپنی طرف سے پوری کوشش ہے کہ امید ہے کہ ہم اس سیزن میں بھی چمپئن شپ پر قبضہ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اتوار کو لیگ کا آخری میچ ہوگا اور اس میں بھی ہم جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔ ہم ویسٹ ہیم کے خلاف میچ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پوری کوشش کریں گے۔ وہ ٹیم بھی مضبوط ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK