ای پی ایل میں آج سٹی کا بورن ماؤتھ فٹبال کلب سے مقابلہ۔ سٹی فٹبال کلب ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر برقرار۔ آرسنل کی نیوکیسل سے ٹکر ۔
EPAPER
Updated: November 02, 2024, 1:07 PM IST
ای پی ایل میں آج سٹی کا بورن ماؤتھ فٹبال کلب سے مقابلہ۔ سٹی فٹبال کلب ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر برقرار۔ آرسنل کی نیوکیسل سے ٹکر ۔
انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) میں سنیچر کو دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کا مقابلہ بورن ماؤتھ فٹبال کلب سے ہوگا۔ سٹی کی ٹیم یہ میچ جیت کر ٹیبل پر اپنی ٹا پ پوزیشن مضبوط کرنا چاہے گی۔ ای پی ایل میں مانچسٹر سٹی اور لیورپول کے درمیان پوائنٹ ٹیبل پر صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔ حالانکہ سٹی کی ٹیم کو زخمی کھلاڑیوں کا سامنا ہے اس کے باوجود منیجر پیپ گارڈیالا کی ٹیم بورن ماؤتھ کو اس کے ہی میدان پر شکست دینے کیلئے پُر عزم ہے۔ سنیچر کو ہی آرسنل فٹبال کلب کا مقابلہ نیوکیسل یونائٹیڈ سے ہوگا۔ دونوں جانب سے سبقت کی جنگ ہوگی اور آرسنل جیتنا چاہے گا۔
سٹی کی ٹیم اس وقت ۹؍میچوں میں ۲۳؍ پوائنٹس کے ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ پریمیر لیگ میں اس کے کھلاڑی کھیل رہےہیں لیکن وہ زیادہ تعداد میں زخمی بھی ہورہے ہیں اس لئے پیپ گارڈیالا پریشان ہیں کہ سنیچر کو کون سا کھلاڑی میچ میں شرکت کرے گا۔
پیپ گارڈیولا نے تصدیق کی کہ وہ ابھی تک نہیں جانتے کہ پریمیر لیگ میں بورن ماؤتھ کا سامنا کرنے کیلئے کون دستیاب ہوگا۔ روڈری، آسکر پوپ، کیون ڈی بروئن، کائل واکر، جیریمی ڈوکو اور جیک گریلش انجری کی وجہ سے بدستور باہر ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈیفنڈر مینوئل اکانجی گزشتہ بدھ کی شام ٹوٹنہم میچ میں وارم اپ کے دوران پنڈلی کی تکلیف کی وجہ سے زخمی ہو گئے تھے۔ اس سے قبل ساونہو بھی دوسرے ہاف کے وسط میں زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں ٹخنوں کی پریشانی کی وجہ سے میدان سے باہر جانا پڑا تھا۔
گارڈیالا نے سنیچر کو بورن ماؤتھ کے سفر سے قبل اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں اس بات کا جائزہ لینے کی ضرورت ہوگی کہ کون دستیاب ہے اس کے بعد ہی ٹیم کو ترتیب دیا جاسکتاہے۔ انہوں نے اپنی لائن اپ کے بارے میں کہا کہ سنیچر کے میچ میں جو کھلاڑی کھیلے اس کے بارے میں آپ کو پتہ چل جائے گا۔
پیپ نے جاری رکھاکہ ’’آپ فہرست دیکھیں گے کیونکہ مجھے بہت سے کھلاڑیوں کے تعلق سے تشویش ہے۔ ‘‘ پیپ نے مزید کہاکہ ’’ہم فٹبال میں واحد ٹیم نہیں ہیں جو چوٹ کا شکار ہیں اور یہ ایک چیلنج ہے اور ہم۱۱؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں گے۔ ‘‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ محسوس کرتے ہیں کہ منگل کو اسپورٹنگ لزبن میں چمپئن لیگ کے تصادم سے پہلے کوئی کھلاڑی واپسی کے راستے پر آ جائے گا، گارڈیالا نے کہاکہ مجھے نہیں معلوم، ہم کل دیکھیں گے جب ہم بیدار ہوں گے اور میں کچھ کھلاڑیوں اور ڈاکٹروں سے بات کروں گا کہ وہ کیسا محسوس کرتے ہیں۔