آسٹریلیا’اے‘ کے خلاف ہندوستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی۔ صرف ۳؍بلے باز ہی اپنا اسکور دوہرے ہندسے میں پہنچا سکے۔
EPAPER
Updated: November 01, 2024, 10:43 AM IST | Parth
آسٹریلیا’اے‘ کے خلاف ہندوستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی۔ صرف ۳؍بلے باز ہی اپنا اسکور دوہرے ہندسے میں پہنچا سکے۔
انڈیا’ اے‘ اور آسٹریلیا ’اے‘ کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم ۱۰۷؍ رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ میکے کوینس لینڈمیں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ انڈیا’اے‘ کے لئے دیو دت پڈیکل نے سب سے زیادہ ۳۶؍رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے برینڈن ڈوگیٹ نے ۶؍وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا’ اے‘ نے ۴؍وکٹوں کے نقصان پر ۹۹؍رن بنالئے تھے۔ ناتھن میک سوینی ۲۹؍ اور کوپر کونولی ۱۴؍رن کے ساتھ کریز پر موجودہیں۔ انڈیا’اے‘ کی جانب سے مکیش کمار اور پرسدھ کرشنا نے ۲۔ ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
صرف ۳؍ بلے باز دہرے ہندسے تک پہنچے
انڈیا’ اے‘ کی بلے بازی مکمل طور پر ناکام رہی۔ ٹیم کے صرف ۳؍بلے باز ہی دوہرے ہندسوں تک پہنچ سکے۔ دیودت پڈیکل نے ۳۶؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ نویں نمبر پر آنے والے نودیپ سینی نے ۲۳؍رن بنائے۔ ان کے علاوہ سائی سدرشن کے بلے سے ۲۱؍ رن بنے۔ انڈیا ’اے‘ نے ۸۶؍کے اسکور پر۹؍ وکٹ گنوا دئیے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ ٹیم ۱۰۰؍رن تک بھی نہیں پہنچ سکےگی۔ یہاں سے نودیپ سینی نے کسی طرح ٹیم کو ۱۰۰؍رنوں سے آگے بڑھایا۔
۱۵؍ رنوں پر ۶؍وکٹیں گر گئیں
میچ میں ایک وقت انڈیا’ اے‘ کا اسکور ۳؍وکٹوں پر ۷۱؍رن تھا۔ اس کے بعد وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوا پوری ٹیم ۱۰۷؍رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ ۸۶؍رنوں تک پہنچنے کےلئے۹؍ بلے باز واپس لوٹ گئے۔ بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی کے لئے ہندوستانی ٹیم میں شامل آل راؤنڈر نتیش ریڈی نے اپنا کھاتہ بھی نہیں کھولا۔ اس سے قبل کپتان رتوراج گایکواڑ اپنی پہلی ہی گیند پر گولڈک ڈک آؤٹ ہو گئے۔ ٹیسٹ سیریز کیلئے بیک اپ اوپنر ابھیمنیو ایسورن نے ۷؍رن بنائے جبکہ ایشان کشن بھی صرف ۴؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔
برینڈن ڈوگیٹ نے ۶؍ وکٹیں حاصل کیں
آسٹریلیا’ اے‘ کی جانب سے تیز گیندباز برینڈن ڈوگیٹ نے ۶؍وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ۱۱؍ اووروں کے اسپیل میں ۱۵؍ رن دئیے اور انڈیا’اے‘ کے۶؍بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ۳۰؍سالہ ڈوگیٹ کو بین الاقوامی کرکٹ کا کچھ تجربہ ہے۔ یہ ان کے کریئر کا بہترین اسپیل بھی ہے۔ اس سے پہلے آسٹریلیائی گیندباز ڈوگیٹ نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر میں کبھی بھی ایک اننگز میں ۶؍وکٹیں حاصل نہیں کی تھیں۔ جارڈن بکنگھم نے بھی ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ڈوگیٹ نے سائی سدرشن، دیودت پڈیکل، ایشان کشن، نتیش کمار ریڈی، مناو سوتھر اور پرسدھ کرشنا کو آؤٹ کیا۔