• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ای پی ایل میں آج مضبوط ٹیموں کا کمزور کلبوں سے مقابلہ

Updated: August 24, 2024, 12:45 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

پریمیر لیگ میں مانچسٹر یونائٹیڈکی ٹیم کا برائٹن سے مقابلہ ہوگا۔ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب اپسوچ سے دو دوہاتھ کرے گا۔ آرسنل کا مقابلہ ایسٹن ولا سے ہوگا۔

Erling Haaland. Photo: INN
ارلنگ ہالینڈ۔ تصویر : آئی این این

انگلش پریمیرلیگ (ای پی ایل ) میں ایک بار پھر انگلش فٹبال کلبس ایکشن میں ہو ں گے۔ سنیچر کو لیگ کی مضبوط ٹیموں کا مقابلہ کمزور فٹبال کلب سے ہوگاجن میں سب سے اہم دفاعی چمپئن مانچسٹر سٹی اور اپسوچ ٹاؤن کا مقابلہ ہوگا۔ سٹی کی ٹیم اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے کھیل رہی ہے جبکہ اپسوچ نے دوسرے درجہ کی لیگ سے ترقی کرتے ہوئے پریمیر لیگ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ خیال رہے کہ سنیچر کو دیگر مقابلوں میں آرسنل کا ایسٹن ولا سے اور مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب کا برائٹن سے مقابلہ ہوگا۔ 
گزشتہ ہفتے مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے سیزن کے اپنے پہلے میچ میں چیلسی فٹبال کلب کو ا س کے ہی میدان پر شکست دے کر شاندار آغاز کیا تھا۔ اس وقت سٹی کے سبھی کھلاڑی فارم میں ہیں۔ خاص طورپر اس کے قدآور کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ مسلسل گول کررہے ہیں۔ انہوں نے چیلسی کے خلاف گول کرکے مسلسل تیسرے سیزن میں اپنے کلب کی جانب سے اوپننگ میچ میں گول کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اس کلب میں اس کے مضبوط مڈ فیلڈر ایلکائی غندوغان بھی دوبارہ شامل ہو گئے ہیں۔ غندوغان کی بدولت سٹی نے بہت سے مقابلے جیتے ہیں۔ دوسری طرف اپسوچ کو لیورپول کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ اپسوچ کی ٹیم کوشش کرے گی کہ وہ سٹی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف اچھا کھیلتے ہوئے میچ ڈرا کروا دے۔ سٹی کے پاس بہت مضبوط ٹیم ہے اور وہ اس سیزن میں بھی اپنے خطاب کا دفاع کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ 
مانچسٹر یونائٹیڈ اور برائٹن کا مقابلہ
 مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب اس سیزن میں اچھی کارکردگی پیش کرتے ہوئے ٹاپ ۴؍ میں شامل ہونا چاہے گی۔ گزشتہ سیزن اس کیلئے اچھا نہیں تھا اور وہ اس ناکامی سے باہر نکلتے ہوئے برائٹن فٹبال کلب کو اس کے ہی میدان پر شکست دینے کی پوری کوشش کرے گی۔ برائٹن کی ٹیم اس وقت ایک میچ کے بعد ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے اور وہ چاہے گی کہ سنیچر کو بھی اس پوزیشن کو برقرار رکھے لیکن اس فٹبال کلب کیلئے یہ اتنا آسان نہیں ہوگا۔ یونائٹیڈ میں بھی اچھے کھلاڑی موجو دہیں۔ 
آرسنل اور ایسٹن ولا میں گھمسان 
  سنیچر کو آرسنل فٹبال کلب اچھا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنا چاہے گا۔ وہ اس وقت دوسرے نمبرپر ہے۔ آرسنل کی ٹیم ایسٹن ولا سے مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ پورے ۳؍پوائنٹس جیتنا چاہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK