• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یورو ۲۰۲۴ء: فائنل میں پہنچنے کیلئے اسپین کو فرانس کے دفاع کو توڑنا ہوگا

Updated: July 09, 2024, 11:50 AM IST | Agency | Munich

آج اسپین اور فرانس کے درمیان یورو کپ کا سیمی فائنل۔ کائلیان ایمباپے سے فرانس کو بہتر کھیل کی امید۔ اسپین بھی زبردست حملے کے لئے تیار۔

French players are ready to compete with the Spanish team. Photo: INN
فرانس کے کھلاڑی ہسپانوی ٹیم سے مقابلے کیلئے تیار۔ تصویر : آئی این این

یورو کپ ۲۰۲۴ء ٹورنامنٹ میں شاندار فارم میں کھیلنے والی اسپین کی فٹبال ٹیم کو منگل کو ہونے والے سیمی فائنل میچ میں اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فائنل میں پہنچنے کے لئے فرانس کے مضبوط ڈیفنس کو توڑنا ہوگا۔ خیال رہے کہ یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق دیر رات ساڑھے ۱۲؍بجے شروع ہوگا۔ 
اسپین نے ٹورنامنٹ میں اب تک اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پانچوں میچ جیتے اور۱۱؍ گول کے ساتھ سرفہرست رہا جس سے اس کی مہارت کا پتہ چلتا ہے۔ اسپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوینٹے اپنی ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں پراعتماد ہیں۔ انہوں نے میچ سے قبل کہاکہ میں امیدکرتاہوں کہ ہماری ٹیم فرانس کے دفاع میں شگاف ڈالے گی اور اس کے خلاف زیادہ گول کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائے گی۔ انہوں نے اب تک ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش کی ہے اور میں امید کررہا ہوں کہ اس بار ہم خطاب ضرور جیتیں گے۔ 
دوسری جانب فرانس اپنے مضبوط دفاع پر پراعتماد ہے جو پورے ٹورنامنٹ میں تقریباً ناقابل تسخیر رہا ہے۔ تاہم ابھی تک اس کی جارحانہ کارکردگی سامنے نہیں آئی ہے۔ صرف اس کے دفاع نے انہیں مقابلے میں رکھا ہے۔ فرانس نے اب تک صرف ایک گول کھایا ہے۔ 
فرانس کے کوچ ڈیڈیئر ڈیس چیمپس کا بھی خیال ہے کہ سیمی فائنل میں بہتر حملہ آور کھیل کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سبھی کھلاڑی اچھا کھیل رہے ہیں لیکن ہمارے فارورڈ کھلاڑیوں کو آگے بڑھ کر کھیلتے ہوئے اسپین کے خلاف گول کرنے چاہئے۔ میں چاہتاہوں کہ یہ میچ ۹۰؍منٹ میں مکمل ہوجائے تو بہتر ہے کیونکہ اضافی وقت اور پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہمارے ساتھ کچھ بھی ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم سیمی فائنل میں اچھا کھیلے اور فائنل تک رسائی کرے۔ 
 یہ سیمی فائنل فرانس کا گزشتہ ۴؍ بڑے ٹورنامنٹس میں تیسرا حصہ ہے، جو اس کے پائیدار معیار اور جیتنے والی ذہنیت کا ثبوت ہے تاہم، اسی طرح کے فارم میں چل رہی ہسپانوی ٹیم کا سامنا کرنا اس کے لئے اب تک کا سب سے مشکل چیلنج ہوگا لیکن ان کا ڈیفنس فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ فرانس کی ٹیم میں کپتان کائلیان ایمباپے اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے اس سے قبل اچھی کارکردگی پیش کی ہے لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس لئے انہیں اس میچ میں آگے بڑھ کرقیادت کرتے ہوئے زیادہ گول کرنے چاہئے۔ اس کے ساتھ اس کے اہم کھلاڑی اینگولو کانتے پر بھی سبھی کی نظر رہے گی جو اس وقت اچھے فارم میں ہیں اور ٹیم کا اچھا دفاع کررہے ہیں۔ ان کی وجہ سے ٹیم گول نہیں کھا رہی ہے۔ اسپین اور فرانس دونوں ہی یورپ کے فٹبال پاور ہاؤس ہیں اور دونوں میں زبردست مقابلہ متوقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK