بمراہ نے شاندار کارکردگی کی بدولت سر گارفیلڈ سوبرس ایوارڈ جیتا۔ نیوزی لینڈ کی کیر خواتین میں بہترین کرکٹر رہیں۔
EPAPER
Updated: January 29, 2025, 3:42 PM IST | Agency | Dubai
بمراہ نے شاندار کارکردگی کی بدولت سر گارفیلڈ سوبرس ایوارڈ جیتا۔ نیوزی لینڈ کی کیر خواتین میں بہترین کرکٹر رہیں۔
ٹیم انڈیاکے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے شاندار کارکردگی کی بدولت سر گارفیلڈ سوبرس ایوارڈ برائے آئی سی سی مین کرکٹر آف دی ایئر۲۰۲۴ء جیت لیا۔ یہ ایوارڈ انہیں تمام فارمیٹس میں مسلسل بہترین کارکردگی کی بنیاد پر دیا گیا۔ اس سے قبل جسپریت بمراہ نے آئی سی سی مین ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر ۲۰۲۴ء ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
بمراہ نے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور انگلینڈ کے جو روٹ اور ہیری بروک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ وہ یہ ایوارڈ جیتنے والے پانچویں ہندوستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل سابق کوچ اور کپتان راہل دراوڑ، سچن تینڈولکر، روی چندرن اشون اور وراٹ کوہلی بھی یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ جسپریت بمراہ نے۲۰۲۴ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی۲۰؍ورلڈ کپ۲۰۲۴ء میں ہندوستان کو فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔ انہوں نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ۸؍ میچوں میں۱۵؍ وکٹ حاصل کئے تھے، جن میں جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میں ۲ وکٹ بھی شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں بمراہ نے۱۳؍ میچوں میں۷۱؍ وکٹ حاصل کئے، جو۲۰۲۴ء میں کسی بھی گیند بازکے سب سے زیادہ وکٹ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ تیز ترین ۲۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ حاصل کرنے والے ہندوستانی فاسٹ بولر بھی بن گئے۔
ویمن کرکٹر آف دی ایئر
ویمن کرکٹر آف دی ایئر۲۰۲۴ء کا ایوارڈ نیوزی لینڈ کی میلی کیر کے نام رہا، انہوں نے سال کے دوران۴۳؍ وکٹ حاصل کئے اور۱۴؍ کیچ لئے اور۶۵۱؍ رن بھی اسکور کئے۔
ٹی ۲۰؍ کرکٹر آف دی ایئر
مینز ٹی ۲۰؍ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ ٹیم انڈیا کےعرشدیپ سنگھ کے نام رہا، ویمن ٹی۲۰؍ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی نیوزی لینڈ کی میلی کیر کے نام رہا۔
ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر
مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ افغانستان کے آل راؤنڈر عظمت اللہ عمر زئی اور ویمن ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر ہندوستان کی اسمرتی مندھانا نے جیت لیا۔
ایمر جنگ کرکٹر آف دی ایئر
ایمر جنگ مین کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ سری لنکا کے کامنڈو مینڈس اور ایمرجنگ ویمن کرکٹر کا ایوارڈ جنوبی افریقہ کی انیری ڈرکسن کے نے جیتا۔