جنوبی امریکہ کے زون کے کوالیفائنگ میچ میں ارجنٹائنا نے برازیل کو ۱۔ ۴؍ گول سے مات دی۔
EPAPER
Updated: March 27, 2025, 11:01 AM IST | Buenos Aires
جنوبی امریکہ کے زون کے کوالیفائنگ میچ میں ارجنٹائنا نے برازیل کو ۱۔ ۴؍ گول سے مات دی۔
ارجنٹائنا نےبدھ کی علی الصباح کوالیفائر میچ میں برازیل کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ ایسٹاڈیو مونومینٹل کے سپر کلاسیکو میں منگل کو کھیلے جانے والے میچ میں ارجنٹائنا نے برازیل پر ۱۔ ۴؍گول سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ لیونل میسی کی غیر موجودگی میں لیونل اسکالونی کے کھلاڑیوں نے جنوبی امریکن کوالیفائرس کے راؤنڈ آف ۱۴؍ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
جولین الواریز نے چوتھے منٹ میں اپنا پہلا گول کیا۔ اس گول کے ساتھ ہی گھریلو ہجوم خوشی سے جھوم اٹھا۔ اس کے بعد اینزو فرنانڈیز، الیکسس میک الیسٹر اور جیولیانو شیمونی نے اس اسکور میں ایک ایک گول کا اضافہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ارجنٹائنا کا اپنے روایتی حریف برازیل پر دبدبہ مزید مضبوط ہوا۔
پہلے ہاف کے وسط میں برازیل کے میتھیس کنہا ایک گول کرنے میں کامیاب رہے، لیکن یہ محض تسلی ثابت ہوا۔ برازیل نے آخری بار نومبر۲۰۱۶ء میں ارجنٹائنا کو شکست دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ارجنٹائنا جاپان، نیوزی لینڈ اور ایران کے بعد۲۰۲۶ء کے ایڈیشن کے لئے کوالیفائی کرنے والی چوتھی ٹیم بن گئی۔ برازیل کے خلاف گزشتہ ۵؍ میچوں میں ارجنٹائنا کی یہ چوتھی جیت ہے۔
دفاعی چمپئن ارجنٹائنا نے بدھ کو اپنے روایتی حریف برازیل کے خلاف بڑے تصادم سے قبل ۲۰۲۶ء کے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ بولیویا اور یوروگوئے کے درمیان ۰۔ ۰؍ سے ڈرا نے البیسیلیسٹی کے ٹورنامنٹ کے ٹکٹ پر مہر لگا دی ہے۔ تاہم برازیل کے پاس جیتنے اور ہارنے کیلئے اب بھی سب کچھ ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ برازیل کے خلاف کوئی بھی کھیل ارجنٹائنا کے لیے مکمل طور پر بیکار نہیں ہوتا۔
ارجنٹائنا فی الحال۲۸؍پوائنٹس کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرکانمیبول اسٹینڈنگ میں سرفہرست ہے۔ برازیل اس وقت۲۱؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کوالیفائر میں ارجنٹائنا نے ۹؍ فتوحات درج کی ہیں جبکہ برازیل نے ۶؍ فتوحات درج کی ہیں۔
۱۰؍ ٹیموں کے گروپ میں سے ٹاپ ۶؍ ٹیمیں فیفا ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں گی جو ۲۰۲۶ء میں امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو میں کھیلے جائیں گے۔ اس میچ میں ارجنٹائنا میسی کے بغیر تھا جبکہ برازیل کو نیمار اور گیبرئیل جیزس کی کمی محسوس ہوئی۔ یہ ارجنٹائنا اور برازیل کے درمیان ۱۱۵؍ واں فٹبال میچ تھا۔ برازیل نے۴۶؍ میچ جیتے ہیں جب کہ ارجنٹائنا نے۴۲؍ میچ جیتے ہیں۔ برازیل نے اپنے گزشتہ میچ میں کولمبیا کو۱۔ ۲؍گول سے شکست دی تھی جبکہ ارجنٹائنا نے یوروگوئے کو۰۔ ۱؍گول سے شکست دی تھی۔ ارجنٹائنا کے خلاف میچ سے قبل، برازیل کے اسٹار رافینہا نے کہا کہ ان کی ٹیم اپنے روایتی حریفوں کو میدان میں اور باہر دونوں جگہ شکست دے گی۔ ہم انہیں (ارجنٹائنا) کو ہرائیں گے۔