• Sat, 28 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانپور ٹیسٹ کا پہلا دن بارش سے متاثر

Updated: September 28, 2024, 12:18 PM IST | Agency | Kanpur

میچ میں ٹاس تاخیر سے ہوااور پہلے دن کا کھیل ۳۵؍ اوور میں ختم کردیا گیا ۔ آر اشون اور آکاش دیپ نے اچھی گیند بازی کی۔

Akashdeep bowled well.  Photo: PTI
آکاش دیپ نے اچھی گیند بازی۔ تصویر : پی ٹی آئی

تیز گیند باز آکاش دیپ (۳۴؍ رن کے عوض۲؍ وکٹ) اپنے ابتدائی اسپیل میں کارآمد رہے، جب کہ آف اسپنر روی چندرن اشون نے بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسن شانتو کو آؤٹ کرکے جمعہ کو ہندوستان کو مضبوط پوزیشن دلائی۔ جمعہ سے شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ بارش سے متاثر رہا اور اس کے پہلے دن کا کھیل جلد ختم کرنا پڑا۔ موسم کی پیشگوئی کے مطابق پہلے ہی بارش کا امکان تھا اور پہلے دن صرف ۳۵؍اوورس کا کھیل ممکن تھا۔ 
 دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلہ دیش نے ۳؍ وکٹ پر ۱۰۷؍رن بنا لئے تھے۔ اس وقت مشفق الرحیم (۶؍ رن ) اور مومن الحق (۴۰؍رن) کریز پر موجود تھے۔ بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسن شانتو نے اس دوران اچھی بلے بازی کی لیکن وہ اشون کی گیند کو پڑھنے میں ناکام رہے اور۳۱؍ رن بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو میں پھنس گئے۔ گزشتہ رات بارش کے باعث آؤٹ فیلڈ گیلی ہوگئی تھی جس کے باعث دن کا کھیل ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ ہندوستان نے اپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جس کی وجہ سے مقامی اسپنر کلدیپ یادو کو ایک بار پھر باہر بیٹھنا پڑا۔ 
 ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ یہ میدان تیز گیند بازوں کیلئے بہت سازگار اور بادل نے بھی اس میں مدد کی۔ آکاش دیپ بائیں ہاتھ کے بلے بازوں کیلئے `راؤنڈ دی وکٹ بولنگ کرتے ہوئے گیند کو دونوں طرف سے سوئنگ کرنے میں کامیاب رہے۔ بنگلہ دیش کے بلے بازوں کو اپنی قطعی لائن لینتھ کے مطابق ہم آہنگ ہونے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ جسپریت بمراہ اور محمد سراج نے ابتدائی اوورس سے بنگلہ دیش کے اوپنرس ذاکر حسن (صفر) اور شادمان اسلام (۲۴؍رن) کو پریشان کیا اور آؤٹ کردیا۔ 
   حسن نے انتہائی دفاعی رویہ اپنایا، اسلام نے رن بنانے کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ بمراہ کی باہر جانے والی گیندیں کئی بار اسٹمپ اور بلے کے بیرونی کنارے کے قریب سے گزریں، جب کہ سراج کی گیند بلے سے ٹکرانے کے بعد سلپ میں کھڑے فیلڈرس تک پہنچنے سے پہلے ہی زمین پر گر گئی۔ اسلام نے بمراہ کے اوور میں ۲؍ چوکے لگا کر دباؤ کو کم کیا جبکہ حسن نے دوسرے کنارے سے۲۳؍گیندیں ضائع کیں۔ 
 ۹؍ویں اوور میں بولنگ کرنے آئے آکاش دیپ نے تیسری گیند پر ہی حسن کی۲۴؍ گیندوں کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ جیسوال نے سلپ میں شاندار کیچ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے اسلام کو بھی آؤٹ کیا۔ آن فیلڈ امپائر کے ناٹ آؤٹ دینے کے بعد آکاش دیپ نے کپتان روہت کو `ڈی آر ایس لینے کیلئے راضی کیا اور ان کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ تھرڈ امپائر نے ری پلے دیکھنے کے بعد اسلام کو آؤٹ قرار دے دیا۔ 
 کپتان شانتو نے، جو بہترین فارم میں تھے، ۲؍ چوکے لگا کر دباؤ کو کم کیا۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے روی چندرن اشون کے خلاف مؤثر طریقے سے ریورس سویپ کا استعمال کیا۔ لنچ سے قبل سیشن کے آخری اوور میں بوندا باندی شروع ہوگئی جس کی وجہ سے پچ اور میدان کو کور کرنا پڑا۔ ابتدائی سیشن میں کامیابی سے دور رہنے والے اشون نے دوسرے سیشن میں ایل بی ڈبلیو شانتو کے ہاتھوں پہلی کامیابی حاصل کی۔ آن فیلڈ امپائر نے فوری طور پر گیندباز کی اپیل پر انگلی اٹھائی لیکن بنگلہ دیش کے کپتان نے ڈی آر ایس کرنے کا فیصلہ کیا لیکن یہ کام نہیں آیا۔ اس دوران تجربہ کار مومن الحق نے کریز پر وقت گزار کر اعتماد حاصل کیا۔ انہوں نے آکاش دیپ کے اوور میں دو چوکے لگائے۔ خراب روشنی کی وجہ سے دوسرے سیشن میں صرف ۹؍ اوورس کے بعد کھیل روک دیا گیا۔ کھلاڑی جیسے ہی پویلین پہنچے تو بوندا باندی شروع ہو گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK